3 جنوری 2026
رپورٹ: عمر فاروق
ضلع میں امن کے حق میں شمالی وزیرستان کی تحصیل میرعلی میں امن پاسون کا انعقاد کیا گیا، جس میں شمالی وزیرستان کے مختلف علاقوں سے آئے ہوئے مشران، عمائدین، تاجر برادری اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ امن پاسون کا بنیادی مقصد علاقے میں پائیدار امن کے قیام اور عوام کو درپیش مسائل کو حکومت کے سامنے اجاگر کرنا تھا۔
خیبر پختونخوا کے جنوبی اضلاع، خصوصاً قبائلی ضلع شمالی وزیرستان میں بدامنی عروج پر ہے، جہاں آئے روز دہشت گردی کے واقعات رونما ہو رہے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ علاقے کے لوگ وقتاً فوقتاً امن کے مطالبے کے لیے دھرنے اور احتجاج کرتے رہتے ہیں۔ گزشتہ روز ہونے والے احتجاج میں شامل عوامی نیشنل پارٹی کے ضلعی صدر ملک نثار علی خان نے وائس پی کے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہم اس جنگ میں ملوث تمام فریقین، چاہے وہ طالبان ہوں یا فوج، دونوں سے امن کی اپیل کرتے ہیں اور انہیں یہ پیغام دینا چاہتے ہیں کہ آبادی کے اندر جاری لڑائی کو فوری طور پر روکا جائے۔
انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے “ہم نے بارہا سول انتظامیہ اور فوج کے ساتھ جرگے کیے، مگر وعدوں پر عمل نہیں ہوتا اور ہمیشہ ہمارے ساتھ دھوکہ کیا جاتا ہے۔ اسی لیے اس احتجاج کے ذریعے ہم دونوں فریقین سے مطالبہ کرتے ہیں کہ تشدد ختم کر کے عوام کو پُرامن زندگی گزارنے دی جائے۔”
امن پاسون سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ شمالی وزیرستان کے عوام نے حکومت سے ہمیشہ ایک ہی بنیادی مطالبہ کیا ہے، اور وہ ہے امن۔ ان کا کہنا تھا کہ بدامنی، کرفیو اور مسلسل پابندیوں نے عوام کی روزمرہ زندگی کو شدید متاثر کیا ہے۔ مقررین نے اس بات کی جانب بھی توجہ دلائی کہ خیبر پختونخوا کے دیگر اضلاع میں حالات خراب ہونے کے باوجود ہفتے میں دو دن کرفیو نافذ نہیں کیا جاتا، جبکہ شمالی وزیرستان میں نہ صرف ہفتہ اور اتوار کو کرفیو نافذ رہتا ہے بلکہ روزانہ کی بنیاد پر رات کے اوقات میں بھی کرفیو لگایا جاتا ہے۔
احتجاج سے خطاب کرتے ہوئے جمعیت علمائے اسلام تحصیل میرعلی کے امیر مولانا تقی اللہ نے دونوں فریقین کو مسائل مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کی تجویز دی۔ انہوں نے وائس پی کے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ “آج پورا خیبر پختونخوا، خصوصاً شمالی وزیرستان اور میرعلی شدید بدامنی کی لپیٹ میں ہیں۔ موجودہ امن پاسون کے ذریعے عوام طالبان اور فوج دونوں کو مذاکرات کا پیغام دے رہے ہیں، کیونکہ جنگ مسائل کا حل نہیں۔ ہم چاہتے ہیں کہ یہ علاقہ دوبارہ پُرامن، آباد اور تعلیمی سرگرمیوں کا مرکز بنے۔”
مقامی سیاسی مشران کے ساتھ ساتھ اس احتجاج میں تاجر برادری نے بھی کثیر تعداد میں شرکت کی۔ تاجر رہنماؤں نے کہا کہ ان پابندیوں کے باعث عوام کو شدید مالی اور جانی نقصانات کا سامنا ہے۔ کاروبار متاثر ہو چکے ہیں، مزدور طبقہ بے روزگار ہو رہا ہے اور طلبہ کی تعلیم بھی بری طرح متاثر ہو رہی ہے۔ انہوں نے متفقہ طور پر حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ امن کے قیام کے لیے سنجیدہ اور عملی اقدامات کرے۔
احتجاج میں شریک عوامی نیشنل پارٹی کے ضلعی جنرل سیکرٹری خلیل وزیر نے کہا کہ انہوں نے اس سے قبل بھی عوام کو اکٹھا کر کے حکومت اور طالبان کو یہ پیغام دیا ہے کہ میرعلی کے لوگ امن چاہتے ہیں۔ ان کے بقول حکومت یہ کہتی ہے کہ وہ یہاں آبادی میں طالبان کے خلاف کارروائیاں کرتی ہے، لیکن سوال یہ ہے کہ “یہاں سے گزرنے والی گیس پائپ لائنز اور سرکاری فیکٹریوں کی سپلائی کو کیوں نشانہ نہیں بنایا جاتا؟”
خلیل وزیر کا مزید کہنا تھا کہ حکومت اور طالبان کی لڑائی کا خمیازہ ہمارے گاؤں کے لوگ بھگتتے ہیں، خاص طور پر میرعلی کے دیہات اور مرکزی بازار کو نشانہ بنایا جاتا ہے۔ اسی لیے ہم کہتے ہیں کہ یہ جنگ عوام کے لیے نہیں بلکہ ایک کھیل بن چکی ہے، جس کا سب سے زیادہ نقصان وزیرستان اور بالخصوص میرعلی کے لوگوں کو ہو رہا ہے۔
پاسون کے احتتام پر مقررین نے کہا کہ اگر حکومت نے شمالی وزیرستان میں امن کی بحالی، ڈرون حملوں اور کرفیو میں نرمی کے لیے عملی اقدامات نہ کیے تو عوام آئندہ بھی پرامن احتجاج جاری رکھیں گی۔ اور اگر ان کے مسائل پھر بھی حل نہ کئے گئے تو وہ سوشل بائیکاٹ کی کال بھی دے سکتے ہیں۔