10 جنوری 2026
رپورٹ: رانا مالہی
اسلام آباد: ٹیکسلا میں غیرت کے نام پر قتل ہونے والی شادی شدہ خاتون سمیرا عزیز کے کیس میں سنگین اور چونکا دینے والے انکشافات سامنے آئے ہیں۔ پولیس نے مقتولہ کے والد اور دو سگے ماموں کو گرفتار کر لیا ہے، جب کہ اصل ملزم اور مقتولہ کا شوہر سلیمان بدستور قطر میں موجود ہے، جس پر بیرونِ ملک بیٹھ کر قتل کی منصوبہ بندی اور نگرانی کا الزام ہے۔ پولیس کے مطابق شواہد سے ثابت ہوتا ہے کہ یہ قتل اچانک نہیں بلکہ سوچے سمجھے منصوبے کے تحت انجام دیا گیا۔
سمیرا عزیز، جو شادی کے بعد اپنے شوہر کے ساتھ قطر کے دارالحکومت دوحہ میں مقیم تھیں، ایک ہفتہ قبل پاکستان واپس آئی تھیں۔ تاہم ان کی نو ماہ کی بیٹی کو قطر ہی میں چھوڑ دیا گیا تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ سمیرا کو پاکستان لانے میں ان کے دو ماموں، شوکت اور فیصل، نے کردار ادا کیا، جو بعد ازاں قتل کی سازش میں بھی شریک پائے گئے۔ یکم جنوری کی شب سمیرا اپنے والدین کے گھر واہ کینٹ کے علاقے لالہ زار میں موجود تھیں کہ یہ خونی واقعہ پیش آیا۔
ایف آئی آر اور پولیس تفتیش کے مطابق وقوعے کی رات گھر میں اہلِ خانہ موجود تھے۔ کچھ دیر قبل ولید، اسرار اور صابر نامی افراد گھر آئے اور مبینہ طور پر آپس میں مشاورت کرتے رہے، پھر چلے گئے۔ رات تقریباً ساڑھے دس بجے دوبارہ دروازے پر دستک ہوئی۔ سمیرا اور ان کی بہن شاہ خان نے دروازہ کھولنے سے منع کیا، لیکن اسی دوران قطر سے سمیرا کے شوہر سلیمان کی کال آئی، جس میں اس نے چچی سعیدہ کو دروازہ کھولنے کی ہدایت کی۔ ہدایت ملتے ہی دروازہ کھول دیا گیا۔
دروازہ کھلتے ہی ولید اور اسرار مسلح حالت میں گھر میں داخل ہوئے، جب کہ صابر دروازے پر کھڑا رہا۔ پولیس کے مطابق سلیمان اس وقت ویڈیو کال پر موجود تھا اور مسلسل رابطے میں رہا۔ ایف آئی آر میں درج بیان کے مطابق سلیمان نے ویڈیو کال پر کہا کہ سمیرا کی بہن کو کمرے سے باہر لے جایا جائے تاکہ وہ مزاحمت نہ کر سکے۔ اس کے فوراً بعد ولید اور اسرار نے پستول نکالے اور سمیرا عزیز پر براہِ راست فائرنگ کر دی۔
فائرنگ کے نتیجے میں متعدد گولیاں سمیرا کے جسم کے مختلف حصوں میں لگیں، جس سے وہ شدید زخمی ہو کر زمین پر گر پڑیں اور موقع پر ہی دم توڑ گئیں۔ واردات کے بعد ملزمان فرار ہو گئے، جب کہ اہلِ خانہ نے لاش کو نجی گاڑی میں ڈال کر اسپتال منتقل کیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی طور پر واقعے کو ڈکیتی کا نتیجہ ظاہر کرنے کی کوشش کی گئی تاکہ خاندان کو سماجی بدنامی سے بچایا جا سکے، تاہم شواہد اور بیانات نے اس دعوے کو غلط ثابت کر دیا۔
تفتیش کے دوران ایک مشتبہ شخص کی گرفتاری کے بعد مزید انکشافات سامنے آئے، جن کی بنیاد پر پولیس نے مقتولہ کے والد اور دونوں ماموں کو حراست میں لے لیا۔ پولیس کے مطابق قتل کا محرک سمیرا کے شوہر کی جانب سے اس پر بیرونِ ملک قیام کے دوران مبینہ تعلقات کا شبہ تھا، جسے اس نے اپنی انا اور غیرت سے جوڑ لیا۔
یہ مقدمہ تعزیراتِ پاکستان کی دفعات 302، 311، 109 اور 34 کے تحت درج کیا گیا ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ کیس میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کے شواہد بھی شامل ہیں، جن میں ویڈیو کال کے ذریعے قتل کی نگرانی اور ہدایات دینا شامل ہے۔ قطر میں موجود مرکزی ملزم کی گرفتاری اور حوالگی کے لیے متعلقہ حکام سے رابطہ کیا جا رہا ہے۔
پولیس کا مؤقف ہے کہ یہ واقعہ غیرت کے نام پر قتل کی ایک واضح اور لرزہ خیز مثال ہے، جس میں قریبی رشتہ داروں نے شک کی بنیاد پر ایک عورت کی جان لے لی۔ پولیس حکام کے مطابق تحقیقات جاری ہیں اور ذمہ داروں کو قانون کے کٹہرے میں لانے کے لیے تمام قانونی تقاضے پورے کیے جائیں گے۔