10 جنوری 2026

‎تحریر: عصمت اللہ نیازی


‎اسلام آباد کا ترقیاتی ادارہ، کپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے)، جس کی ذمہ داری مارگلہ کے پہاڑی سلسلے کے دامن میں بسے اس سرسبز دارالحکومت کے قدرتی حسن اور ماحولیاتی توازن کا تحفظ ہے، حالیہ برسوں میں ایسے اقدامات کر رہا ہے جو اس شہر کی روح کے منافی محسوس ہوتے ہیں۔ شکر پڑیاں کے گھنے جنگلات، جنہیں شہر کی آلودگی قابو میں رکھنے کے لیے انتہائی اہم سمجھا جاتا ہے اور جو نیشنل پارک کا درجہ رکھتے ہیں، وہاں سے تقریباً بیس ایکڑ پر پھیلے درختوں اور نباتات کا صفایا کر دیا گیا۔

‎سی ڈی اے کا مؤقف ہے کہ یہ کارروائی وفاقی دارالحکومت میں پولن الرجی کا سبب بننے والے 29,115 پیپر ملبری درخت ختم کرنے کے لیے کی گئی۔ ادارے کے مطابق ایف نائن پارک، شکر پڑیاں، پارک روڈ اور دیگر بڑے سیکٹرز سے پولن الرجی پھیلانے والے درخت ہٹائے گئے، اور یہ سب وزیر اعظم کی ہدایات اور عدالتی احکامات کی روشنی میں کیا گیا۔

‎تاہم زمینی حقائق اس دعوے کے برعکس ہیں۔ شکر پڑیاں، پارک روڈ اور دیگر علاقوں میں جنگل کا جس پیمانے پر صفایا کیا گیا، اس نے ان مقامات کو صحرا کا منظر دے دیا ہے۔ دور دور تک سبزے کا نام و نشان باقی نہیں رہا۔ اس صورتحال نے یہ بنیادی سوال کھڑا کر دیا ہے کہ آیا ایک اعلیٰ سرکاری افسر کی سربراہی میں چلنے والا یہ ترقیاتی ادارہ کیا واقعی اس قابل ہے کہ دنیا کے خوبصورت ترین دارالحکومتوں میں شمار ہونے والے اسلام آباد کو اس کے قدرتی حسن اور اصل ٹاؤن پلاننگ کے اصولوں کے مطابق محفوظ رکھ سکے۔

‎اسلام آباد کے ماسٹر پلان کی تیاری کے وقت یونانی ٹاؤن پلانر اور آرکیٹیکٹ اے ڈوکسیڈس نے پوٹھوہار کے قدرتی آبی نظام پر خصوصی توجہ دی تھی۔ منصوبہ ساز اس حقیقت سے آگاہ تھے کہ یہ شہر مارگلہ کی پہاڑیوں سے آنے والے مون سون کے شدید ریلوں کے راستے میں واقع ہوگا۔ اسی لیے سیلاب سے بچاؤ اور ایک پائیدار سبز شہر کو یقینی بنانے کے لیے ندی نالوں کے حوالے سے سخت احتیاطی تدابیر اختیار کی گئیں۔

‎ڈوکسیڈس شہر کو زمین پر مسلط کرنے کے بجائے یہ چاہتا تھا کہ زمین خود شہر کی ہیئت متعین کرے۔ اس نے نکاسی آب کے قدرتی نظام کو شہری ڈیزائن کا حصہ بنایا اور مارگلہ سے بہنے والی قدرتی کھائیوں کی نشاندہی کی، یہ فیصلہ کیا کہ انہیں نہ تو بھرا جائے گا اور نہ ہی ان کا رخ موڑا جائے گا، کیونکہ ایسا کرنا تباہی کو دعوت دینے کے مترادف ہوگا۔

‎ماسٹر پلان میں دوہرے گرڈ سسٹم کا تصور شامل تھا۔ ایک طرف شہر کو انسان کے بنائے ہوئے مستطیل گرڈ، جیسے ایف سکس اور جی سکس سیکٹرز، پر ترتیب دیا گیا، جبکہ دوسری طرف قدرتی ندی نالوں سے بننے والے گرڈ کو برقرار رکھا گیا۔ اس سے یہ یقینی بنایا گیا کہ موسلا دھار بارشوں کے دوران پانی بغیر کسی رکاوٹ کے جنوب کی جانب سواں اور کورنگ دریاؤں تک بہہ سکے۔

‎منصوبے میں یہ شرط بھی شامل تھی کہ ندی نالوں کے اطراف تعمیرات نہ کی جائیں اور دونوں جانب وسیع گرین بیلٹس قائم ہوں۔ یہ سبز پٹیاں ایک طرف سیلابی پانی جذب کرنے کے قدرتی میدان کا کردار ادا کرتیں اور دوسری طرف سیوریج یا کچرے کو پانی کے بہاؤ میں جانے سے روکتیں۔ اسی تصور کے تحت کئی ندی نالوں کو طویل پارکوں (جیسے روز اینڈ جیسمین گارڈن کے علاقے) میں تبدیل کرنے کا منصوبہ تھا تاکہ شہر کی زمین پانی جذب کرنے کی صلاحیت برقرار رکھے اور شہر ہوا دار رہے۔

‎مارگلہ کی قدرتی ڈھلان (شمال سے جنوب) کو برقرار رکھتے ہوئے کشش ثقل پر مبنی نکاسی آب پر زور دیا گیا۔ ماہرین نے واضح طور پر خبردار کیا تھا کہ ان قدرتی راستوں پر سڑکیں یا مکانات تعمیر کرنا مصنوعی ڈیم بنانے کے مترادف ہوگا، جس کا نتیجہ شہری سیلاب کی صورت میں نکلے گا۔

‎ایک اور بنیادی اصول یہ تھا کہ برساتی نالوں اور سیوریج کے نظام کو مکمل طور پر الگ رکھا جائے۔ منصوبہ سازوں کا کہنا تھا کہ اگر قدرتی ندی نالوں کو سیوریج کے لیے استعمال کیا گیا تو زیر زمین پانی آلودہ ہوگا، ماحولیاتی توازن بگڑے گا اور رہائشی علاقوں میں بدبو پھیل جائے گی۔ اسی طرح واٹر کیچمنٹ ایریاز، خصوصاً مارگلہ کے دامن میں بھاری تعمیرات پر پابندی لگائی گئی تاکہ زمین کی پانی جذب کرنے کی صلاحیت برقرار رہے۔

‎لیکن سوال یہ ہے کہ ساٹھ کی دہائی میں بنائے گئے اس ماسٹر پلان اور ان اصولوں پر عمل کس نے کیا؟ حقیقت یہ ہے کہ سی ڈی اے کے اہلکاروں نے شہر میں تقریباً ہر وہ کام کیا جس سے ٹاؤن پلانرز نے منع کیا تھا۔ بے دریغ پرائیویٹ ہاؤسنگ سوسائٹیز کی اجازت دی گئی، جنہوں نے نہ صرف مارگلہ کی پہاڑیوں کو گنجا کیا بلکہ قدرتی نالوں کے راستے تنگ کیے، ان کا رخ موڑا اور بعض جگہوں پر انہیں کور کر کے رہائشی اور کمرشل عمارتیں کھڑی کر دیں۔

‎ای الیون جیسے سیکٹرز، پارک روڈ پر ڈی ایچ اے اور ہاؤسنگ فاؤنڈیشن کے مشترکہ منصوبے، اور گزشتہ برس ڈی ایچ اے میں ایک سابق کرنل اور ان کی کمسن بیٹی کا سیلابی پانی میں بہہ جانا، یہ سب انہی غیر قانونی تعمیرات اور ٹاؤن پلاننگ کی خلاف ورزیوں کا نتیجہ ہیں۔

‎اس کے باوجود سی ڈی اے کے اعلیٰ حکام کا دعویٰ ہے کہ جنوری 2023 سے دسمبر 2025 کے تقابلی جائزے کے مطابق اسلام آباد میں مجموعی سبزے میں نو ہزار ایکڑ سے زائد کا اضافہ ہوا ہے۔ متاثرہ علاقوں میں شجر کاری مہمات کے فوٹو سیشن بھی کیے گئے، حالانکہ یہ ایک مسلمہ حقیقت ہے کہ شجر کاری کے موزوں اوقات فروری سے اپریل اور پھر مون سون کے دوران ہوتے ہیں، نہ کہ کسی بھی وقت نمائشی مہم کے طور پر۔

‎یہ دعوے اس وقت مزید مشکوک ہو جاتے ہیں جب موٹر وے پر پنڈی اسلام آباد سے چکری تک، پشاور موٹر وے پر ٹیکسلا اور واہ تک، مری ایکسپریس وے کے اطراف، جی ٹی روڈ پر گجر خان سے آگے، اور اب بحریہ انکلیو، پارک ویو سٹی کے بعد ڈی ایچ اے اور سی ڈی اے کے مشترکہ منصوبے مارگلہ انکلیو کو دیکھا جائے۔ ان علاقوں میں سبزے کا نام و نشان مٹ چکا ہے اور پلاٹوں کی قیمتیں اس قدر زیادہ ہیں کہ متوسط طبقہ پانچ مرلہ کا پلاٹ لینے کا تصور بھی نہیں کر سکتا، حالانکہ سی ڈی اے کی بنیادی ذمہ داری عوام کے لیے رہائش کا بندوبست کرنا ہے، نہ کہ صرف خواص کے لیے۔

‎ماحولیاتی تبدیلی کے باعث اسلام آباد میں گرمیاں طویل اور شدید ہوتی جا رہی ہیں۔ لو اور سموگ میں اضافہ ہو رہا ہے، اربن ہیٹ آئی لینڈ کے اثرات بڑھ رہے ہیں اور موسلا دھار بارشوں سے اچانک سیلاب کا خطرہ پہلے سے کہیں زیادہ ہو چکا ہے۔ اس کے اثرات صحت، آبی ذخائر اور بنیادی ڈھانچے پر پڑ رہے ہیں، جن کا خمیازہ سب سے زیادہ بچے، بوڑھے اور پہلے سے بیمار افراد بھگت رہے ہیں۔

‎اسلام آباد کی بگڑتی صورتحال اس بات کی متقاضی ہے کہ سی ڈی اے کی قیادت کسی پیشہ ور ٹاؤن پلانر کے سپرد کی جائے، جو ماسٹر پلان پر سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنائے۔ اربن جنگلات لگائے جائیں، نئی ہاؤسنگ سوسائٹیوں کی اجازت دینے کے بجائے موجودہ منصوبوں کی تکمیل پر توجہ دی جائے، غیر قانونی سوسائٹیوں کا خاتمہ کیا جائے اور مستقبل میں چھوٹے پلاٹس اور کثیر المنزلہ رہائشی منصوبوں کی حوصلہ افزائی کی جائے۔ بصورت دیگر خطرہ یہ ہے کہ جو کچھ آج اسلام آباد میں بچا ہے، وہ بھی آنے والے برسوں میں ماضی کا قصہ بن جائے گا۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here