13 جنوری 2026
رپورٹ: راشد لغاری
میرپورخاص : سندھ کے ضلع میرپورخاص کے ٹاؤن ٹنڈو جان محمد کی خان شاہ کالونی میں خوف و ہراس کی فضا ہے۔ بھیل برادری کی 15 سالہ بچی پریمی بھیل کی بازیابی کے لیے اہلِ خانہ حکام کی طرف امید بھری نگاہوں سے دیکھ رہے ہیں، لیکن دو ہفتے گزرنے کے باوجود کوئی پیش رفت نہیں ہوئی۔
صبح کے وقت ہوا اغوا
موہن بھیل کی جھونپڑی سے صبح کے وقت ان کی نابالغ بیٹی پریمی بھیل کو چار افراد نے زبردستی اٹھا لیا۔ خاندان کا الزام ہے کہ شہباز مہر نامی شخص نے بچی کو جبری شادی اور مذہب تبدیلی کے لیے اغوا کیا ہے۔
احتجاج کرتے ہوئے پریمی کے والد موہن بھیل نے بتایا: “میری بیٹی کی عمر نادرا کے ریکارڈ میں 15 سال ہے۔ صبح کے وقت چار افراد نے اسے اٹھا لیا۔ شہباز مہر نے اغوا کرکے مذہب تبدیل کرانے اور شادی کا دعویٰ کیا ہے۔”
عدالتی حکم کے باوجود پولیس کا انکار
موہن بھیل نے مزید بتایا کہ بدین کی عدالت کے جج نے میرپورخاص پولیس کو حکم دیا تھا کہ بیٹی کے اغوا کا مقدمہ درج کیا جائے، لیکن پولیس نے کیس داخل نہیں کیا۔
“پولیس اغوا کا مقدمہ درج کرنے کے لیے تیار نہیں ہے۔ اب کوئی مدد کرنے کو تیار نہیں، نہ پولیس سنتی ہے اور نہ زمیندار مدد کر رہے ہیں۔ اب پیسے بھی نہیں بچے کہ وکیل کریں،” موہن بھیل نے بے بسی سے کہا۔
بچی کی والدہ چندو بھیل نے احتجاج کرتے ہوئے کہا: “میری 15 سالہ بیٹی کو حکام بازیاب کرائیں۔ ہم بے بس ہیں۔ شوہر پریشانی میں کام پر بھی نہیں جا رہے۔ ہمیں اب انصاف چاہیے۔”
پریمی کی نانی می بائی بھیل نے غم و غصے سے کہا: “ہم بہت پریشان ہیں، میری نواسی کو بازیاب کرایا جائے۔ اسے طاقت کے زور پر اٹھایا گیا ہے۔”
قانونی پہلو اور پولیس کی کوتاہی
متاثرہ خاندان کے وکیل ایڈووکیٹ بھگوان داس نے وضاحت کرتے ہوئے کہا: “پریمی بھیل کے اغوا اور کم عمری کی شادی کے قانون کے تحت مقدمہ درج کرایا جائے۔ اگر دفعہ 3/4 شامل کی جائے تو کم عمر کی شادی کرنے والے اور نکاح خواں پر بھی مقدمہ درج ہوگا۔”
انہوں نے مزید کہا: “یہاں پولیس کم عمری کی شادی کی دفعات شامل نہیں کرتی، صرف اغوا کی دفعات شامل کرتی ہے۔ جبری شادی تو ملک کے قانون میں غیر قانونی قرار دی گئی ہے۔”
پاکستان میں 18 سال سے کم عمر کی شادی اور جبری مذہب تبدیلی غیر قانونی ہے، لیکن پریمی بھیل کے کیس میں نہ تو ان قوانین پر عمل ہوا اور نہ ہی متاثرہ خاندان کو تحفظ فراہم کیا گیا۔
دوسری جانب میرپورخاص پولیس نے پریمی بھیل کے اغوا سے متعلق موقف دینے سے انکار کر دیا۔
اپیل
لڑکی کے خاندان نے صوبائی اور وفاقی حکومت سے اپیل کی ہے کہ پریمی کو فوری طور پر بازیاب کرایا جائے اور عدالتی احکامات پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔ کم عمری میں شادی کرانا ملکی قانون کی کھلی خلاف ورزی ہے اور اس کے خلاف سخت کارروائی کی جانی چاہیے۔