13 جنوری 2026
سٹاف رپورٹ
صوبائی وزیر قانون خیبر پختونخوا آفتاب عالم نے کہا ہے کہ آٹھ فروری کو بھرپور اور بڑا احتجاج کیا جائے گا۔
آج نیوز کے پروگرام اسپاٹ لائٹ میں میزبان منیزہ جہانگیر سے گفتگو کرتے ہوئے آفتاب عالم کا کہنا تھا کہ اس وقت آٹھ فروری کو اسلام آباد میں لانگ مارچ کرنے سمیت تمام آپشنز زیر غور ہیں۔
پروگرام میں قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کی تقرری پر گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر قانون نے کہا کہ اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے غیر قانونی طور پر محمود اچکزئی کا نوٹیفکیشن روکے رکھا ہوا تھا کیونکہ کسی کو ان کی نامزدگی ناگوار گزری ہوگی، بالکل اسی طرح جیسے کچھ حلقے سہیل آفریدی کو وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نہیں بننے دینا چاہتے تھے۔
واضح رہے کہ قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کی نشست سات اگست دو ہزار پچیس سے خالی ہے، جب اس وقت کے اپوزیشن لیڈر کو نااہل قرار دیا گیا تھا۔
اس کے بعد تحریک انصاف نے محمود اچکزئی کو اپوزیشن لیڈر نامزد کیا، تاہم اسپیکر نے انہیں نوٹیفائی کرنے سے انکار کر دیا کیونکہ عمر ایوب نے اپنی نااہلی کو سپریم کورٹ اور ہائی کورٹ میں چیلنج کر رکھا تھا۔ اسپیکر کا مؤقف تھا کہ جب تک یہ معاملہ عدالت میں زیر التوا رہے گا، وہ نئے اپوزیشن لیڈر کو نامزد نہیں کر سکتے۔
اس حوالے سے پروگرام میں شریک مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور وفاقی وزیر برائے سرمایہ کاری بورڈ قیصر احمد شیخ کا کہنا تھا کہ اپوزیشن جو بھی نام دے گی، وہی اپوزیشن لیڈر بن جائے گا۔
پاکستان پیپلز پارٹی کی سینئر رہنما اور رکن قومی اسمبلی شہلا رضا نے کہا کہ پیپلز پارٹی اپوزیشن لیڈر کے معاملے میں کوئی رکاوٹ نہیں ڈال رہی اور نہ ہی وہ کوئی ایسا عمل کرے گی جو ماضی میں ان کے ساتھ ہو چکا ہو۔ انہوں نے کہا کہ دو ہزار دو کی اسمبلی میں پیپلز پارٹی کے مخدوم امین فہیم کو اپوزیشن لیڈر بنانے کے بجائے مولانا فضل الرحمان کو اپوزیشن کا سربراہ بنا دیا گیا تھا۔
پروگرام میں وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کے دورہ سندھ پر گفتگو کرتے ہوئے آفتاب عالم نے کہا کہ سندھ حکومت نے انہیں باغ جناح میں جلسہ کرنے کی اجازت دی تھی، تاہم ممکن ہے بعد میں ان پر دباؤ آ گیا ہو۔
قیصر احمد شیخ کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کو کراچی میں اچھی سپورٹ حاصل تھی، لیکن بار بار جلسے اور احتجاج کر کے انہوں نے خود ہی اس حمایت کو نقصان پہنچایا۔
صدر مملکت کی منظوری کے بغیر ایکسپورٹ پراسیسنگ زونز ترمیمی آرڈیننس جاری کرنے کے معاملے پر قیصر احمد شیخ نے کہا کہ حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ اس آرڈیننس کو واپس لے کر اسے بل کی صورت میں پارلیمنٹ میں پیش کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ ایکسپورٹ پراسیسنگ زونز ترمیمی آرڈیننس صدرِ مملکت آصف علی زرداری کی منظوری کے بغیر جاری ہونے پر پاکستان پیپلز پارٹی حکومت سے ناراض ہو گئی تھی، جس کے باعث پارٹی نے ایوان سے واک آؤٹ بھی کیا تھا۔