16 جنوری 2026
رپورٹ: محمّد دانیال
پشاور میں معروف قانون دان، سیاست دان اور انسانی حقوق کے علمبردار عبداللطیف آفریدی کی تیسری برسی منائی گئی۔ اس موقع پر پشاور پریس کلب میں نیشنل ڈیموکریٹک موومنٹ کے زیرِ اہتمام ایک تعزیتی تقریب منعقد ہوئی، جس میں سیاسی رہنماؤں، وکلاء، خواتین رہنماؤں، سماجی کارکنوں اور نوجوانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
تقریب میں مقررین نے عبداللطیف آفریدی کی سیاسی، قانونی اور جمہوری جدوجہد کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے انہیں آئین، انسانی حقوق اور جمہوریت کی علامت قرار دیا۔
“لطیف لالا کی تعلیمات نہ ہوتیں تو میں یہاں نہ ہوتی”
سابق صوبائی محتسب رخشندہ ناز نے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا: “اگر میری زندگی میں عبداللطیف آفریدی کی رہنمائی نہ ہوتی تو شاید میں آج اس مقام پر نہ ہوتی۔” انہوں نے یاد کرتے ہوئے بتایا کہ وہ عدالت میں بیٹھ کر عبداللطیف آفریدی کے کیسز سنتی تھیں۔ “اس وقت خواتین وکلاء نہ تو اتنی فعال تھیں اور نہ ہی انہیں کام کے مواقع میسر تھے، مگر لطیف لالا نے مجھے سیکھنے کا حوصلہ دیا۔”
رخشندہ ناز کے مطابق فاٹا ریفارمز پر جو کام انہوں نے کیا، وہ عبداللطیف آفریدی کے بغیر ممکن نہ تھا۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا: “آج بڑے بڑے آئینی اور انسانی حقوق کے مسائل سامنے آتے ہیں مگر ان میں لطیف لالا کی موجودگی کی کمی شدت سے محسوس ہوتی ہے۔”
“ظلم کے خلاف بلا خوف آواز”
نیشنل ڈیموکریٹک موومنٹ کے سربراہ محسن داوڑ نے کہا: “عبداللطیف آفریدی کی سب سے بڑی خوبی یہ تھی کہ وہ ظلم اور زیادتی کے خلاف بلا خوف ڈٹ کر آواز بلند کرتے تھے۔”
انہوں نے موجودہ صورتحال کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا: “آج کے دور میں جوڈیشری مفلوج اور سیاست گھٹن کا شکار ہے۔ ایسے حالات میں لطیف لالا کی کمی شدت سے محسوس ہوتی ہے۔” محسن داوڑ نے مزید کہا: “جب بھی وکلاء کی آواز دبانے کی کوشش ہوتی ہے یا عدلیہ پر حملہ ہوتا ہے تو مجھے عبداللطیف آفریدی کی جدوجہد یاد آتی ہے۔”
آئینی سیاست، اقتدار نہیں شعور
تقریب سے خطاب کرنے والے مقررین کا کہنا تھا کہ عبداللطیف آفریدی نے ہمیشہ کمزور اور محروم طبقات کے حقوق کے لیے آواز بلند کی۔ ان کی سیاست کا محور اقتدار کا حصول نہیں بلکہ آئینی بالادستی، جمہوری اقدار اور عوامی شعور کی بیداری تھا۔ انہوں نے آمریت، جبر اور غیر آئینی اقدامات کے خلاف ہمیشہ واضح اور بے لاگ موقف اختیار کیا۔
“بینچ اور بار کا رشتہ مضبوط ہوتا”
صدر پشاور ہائیکورٹ بار امین الرحمٰن نے کہا: “اگر عبداللطیف آفریدی آج حیات ہوتے تو بینچ اور بار کے درمیان تعلق مزید مضبوط ہوتا۔”
انہوں نے کہا: “صوبے میں عبداللطیف آفریدی کے جانے سے ایک بڑا خلا پیدا ہوا ہے۔ جب تک وہ زندہ تھے، وکلاء برادری کی قیادت خیبر پختونخوا میں موجود تھی، مگر اب یہ مرکز پنجاب منتقل ہو چکا ہے۔”
انہوں نے شکوہ کرتے ہوئے کہا: “آج آئینی ترامیم پر ترامیم ہو رہی ہیں مگر وکلاء کے حقوق کے لیے کوئی مضبوط آواز سنائی نہیں دیتی۔”
“والد ہوتے تو حالات مختلف ہوتے”
عبداللطیف آفریدی کے صاحبزادے حنیف آفریدی نے کہا: “موجودہ حالات میں مجھے اپنے والد کی کمی شدت سے محسوس ہوتی ہے۔ اگر وہ آج موجود ہوتے تو ہمارے آبائی علاقے تیراہ کے عوام کو درپیش مشکلات اتنی شدید نہ ہوتیں۔” انہوں نے مزید کہا: “ہر مکتبِ فکر کے لوگ اس بات پر متفق ہیں کہ آج کے حالات میں عبداللطیف آفریدی جیسے کردار کی اشد ضرورت ہے۔” حنیف آفریدی نے کہا: “فاٹا اور قبائلی اضلاع کے مسائل پر آج کوئی کھل کر بات نہیں کر رہا، جبکہ میرے والد نے ہمیشہ مظلوم کی آواز بننے کا کردار ادا کیا۔”
عبداللطیف آفریدی خیبر پختونخوا کے اُن چند سیاست دانوں اور قانون دانوں میں شمار ہوتے ہیں جنہوں نے سیاست کو ذاتی مفاد کے بجائے عوامی خدمت اور آئینی جدوجہد کا ذریعہ بنایا۔ وہ سینئر وکیل، سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سابق صدر، عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما اور بعد ازاں نیشنل ڈیموکریٹک موومنٹ سے وابستہ رہے۔
عبداللطیف آفریدی فاٹا اصلاحات، قبائلی عوام کے حقوق، آئینی بالادستی اور عدلیہ کی آزادی کے مضبوط حامی تھے۔ انہوں نے کئی دہائیوں تک عدالتوں اور پارلیمانی فورمز پر جمہوری جدوجہد جاری رکھی۔
شہادت: عدالت کے احاطے میں گولیوں کا نشانہ
عبداللطیف آفریدی 16 جنوری 2023 کو پشاور ہائیکورٹ کے احاطے میں فائرنگ کے ایک واقعے میں شہید ہوئے۔ وہ معمول کے مطابق بار روم میں موجود تھے کہ اس دوران ایک حملہ آور نے ان پر فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔
ان کی شہادت نے نہ صرف وکلاء برادری بلکہ ملک بھر میں جمہوریت، انسانی حقوق اور آئینی بالادستی پر یقین رکھنے والوں کو گہرے صدمے سے دوچار کر دیا۔
برسی کی تقریب کے موقع پر نیشنلسٹ سیاست اور پشتون قوم سے متعلق کتابوں کی نمائش بھی کی گئی۔ تقریب کے اختتام پر شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ عبداللطیف آفریدی کے نظریات، جمہوری سوچ اور آئینی جدوجہد کو زندہ رکھا جائے گا۔