19 جنوری 2026
رپورٹ: محمد دانیال
پشاور: ضلع سوات سے تعلق رکھنے والی دو بزرگ خواتین، جہان آرا اور شمیم، اپنے لاپتہ بچوں کی بازیابی کی امید لیے پشاور پہنچی ہیں۔ جہان آرا کا ایک بیٹا جبکہ شمیم کے دو بیٹے برسوں سے لاپتہ ہیں۔ خراب صحت، بڑھاپے اور شدید مالی مشکلات کے باوجود یہ مائیں اپنے بچوں کی تلاش میں در در کی ٹھوکریں کھا رہی ہیں۔
شمیم کی آواز میں درد اور بے بسی صاف جھلکتی ہے: “میرا ایک بیٹا فوت ہو چکا ہے جبکہ دو لاپتہ ہیں۔ میں اکیلی رہتی ہوں، بوڑھی عورت ہوں، گھر کے کام کاج بھی نہیں کر سکتی۔ گزر بسر مشکل ہے۔ کوئی کہتا ہے یہاں جاؤ، کوئی وہاں… مجھے بس میرے بچے واپس چاہئیں، ایسی زندگی نہیں گزار سکتی۔”
جہان آرا کی کہانی اور بھی زیادہ اذیت ناک ہے۔ ان کے بیٹے نے جہانزیب کالج سے بارہویں جماعت پاس کی تھی اور یونیورسٹی میں انجینئرنگ میں داخلہ بھی حاصل کر لیا تھا۔ آنسوؤں سے بھری آنکھوں سے وہ بتاتی ہیں: “ایک دن مجھے کہا گیا کہ بیٹے کو بھیج دو، کچھ سوالات کرنے ہیں، پھر چھوڑ دیں گے۔ آج گیارہ سال ہو گئے ہیں، میرا بیٹا واپس نہیں آیا۔”
اپنے دل کی بات کہتے ہوئے جہان آرا کہتی ہیں: “میں اپنے بیٹے کو اللہ سے بھی مانگتی ہوں اور آپ لوگوں سے بھی… اگر میرے بیٹے سے کوئی غلطی ہوئی ہو تو معاف کر دیں، اللہ بھی معاف کر دیتا ہے۔ میری آنکھوں کی نظر بھی غم کے باعث جاتی رہی۔”
بروز پیر 19 جنوری 2026 کو دن گیارہ بجے ڈیفنس آف ہیومن رائٹس پاکستان کے پلیٹ فارم سے پشاور، ہری پور اور مردان جیلوں میں قید سابقہ جبری گمشدہ افراد کے لواحقین نے پشاور پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ جہان آرا اور شمیم کی طرح درجنوں خاندان جمع ہوئے۔
کسی نے اپنے لاپتہ افراد کے بینرز اٹھائے، تو کسی نے سزا پوری کرنے کے باوجود جیل میں قید رشتہ داروں کی رہائی کے لیے پلے کارڈز۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ 2018 میں پشاور ہائی کورٹ نے ان کے عزیزوں کی رہائی کا حکم دیا تھا، مگر انہیں رہا کرنے کے بجائے مختلف حیلے بہانوں سے پابند سلاسل رکھا جا رہا ہے۔ ایک مظاہرین نے کہا: “اب جیل اصلاحات کے نام پر ہمارے پیاروں کو دوسرے صوبوں میں منتقل کیا جا رہا ہے، جبکہ اصلاحات کے مطابق انہیں اپنے صوبے میں ہونا چاہیے۔”
انہوں نے مزید بتایا کہ انہی اصلاحات کے تناظر میں دو سو کے قریب خیبر پختونخوا کے شہری قیدیوں کو دوسرے صوبوں سے واپس اپنے صوبے میں منتقل کیا جا چکا ہے، لیکن سابقہ جبری گمشدہ قیدیوں کے ساتھ امتیازی سلوک روا رکھ کر انہیں پنجاب کے دور دراز جیلوں میں بھیجا جا رہا ہے۔
ایک بزرگ خاتون نے اپنی تکلیف کا اظہار کرتے ہوئے کہا: “یہ ہمارے بیوی بچوں اور غریب ضعیف بزرگ نادار والدین کے ساتھ ناانصافی ہے۔”
پشاور ہائیکورٹ میں لاپتہ افراد سے متعلق درخواستوں کی سماعت کے لیے پیر اور جمعے کا دن مختص ہے۔ درخواست گزاروں کی درخواستوں پر عدالت متعلقہ اداروں سے رپورٹس طلب کرتی ہے، جبکہ ہائیکورٹ کے احکامات پر لاپتہ افراد سے متعلق کمیشن بھی فعال کیا گیا ہے۔
ایڈووکیٹ عالم خان ادینزئی نے قانونی صورتحال پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ عدالت اس معاملے پر سنجیدگی سے کام کر رہی ہے اور متعلقہ اداروں سے جوابات طلب کیے جا رہے ہیں۔
مظاہرین نے مقتدر حلقوں سے مطالبہ کیا کہ وہ خیبر پختونخوا کے قیدیوں کو پنجاب کی جیلوں میں منتقل کرنے کا سلسلہ روکیں، اور جن قیدیوں کو منتقل کیا جا چکا ہے انہیں واپس لائیں تاکہ رشتہ داروں کی اپنے عزیز و اقارب سے ملاقات با آسانی ممکن ہو سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جیل اصلاحات کے مطابق ان کے پیاروں کو بھی اپنے صوبے کے جیلوں میں رہنے کا حق دیا جائے اور 2018 کے پشاور ہائی کورٹ کے فیصلے کی پاسداری کرتے ہوئے انہیں رہا کیا جائے۔