23 جنوری 2026

رپورٹ: اسلام گل


خیبر: وادی تیراہ سے جاری نقل مکانی کا عمل شدید سردی، بارش اور برف باری کے باعث مزید مشکلات کا شکار ہو گیا ہے۔ موسمی شدت اور سکیورٹی خدشات کے پیشِ نظر حکام نے دو روز کے لیے نقل مکانی کا عمل عارضی طور پر روک دیا ہے، جس سے ہزاروں خاندان غیر یقینی صورتحال سے دوچار ہیں۔

تیس منٹ کا سفر چھ گھنٹوں میں، مویشی بھی خطرے میں

گزشتہ رات سے شروع ہونے والی بارش اور برف باری نے تیراہ سے نکلنے والے خاندانوں کے مسائل میں کئی گنا اضافہ کر دیا ہے۔ قومندان، جن کا تعلق وادی تیراہ کے ذخہ خیل قبیلے سے ہے، طویل اور کٹھن سفر کے بعد باڑہ پہنچے۔

انہوں نے بتایا کہ وہ کل شام چھ بجے اپنے علاقے سے روانہ ہوئے، مگر نکلتے ہی شدید بارش اور برف باری شروع ہو گئی جس سے سفر نہایت دشوار ہو گیا۔ ان کے مطابق شدید سردی اور طویل انتظار کے دوران گاڑیوں میں موجود خواتین اور بچوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

قومندان نے بتایا کہ تیراہ کے لرباغ مرکز سے دوتوئی چیک پوسٹ تک کا معمول کا تیس منٹ کا سفر چھ گھنٹوں میں طے ہوا، جبکہ راستے میں مویشیوں کے لیے نہ چارے کا مناسب انتظام تھا اور نہ ہی سردی سے بچاؤ کے وسائل دستیاب تھے۔

سوشل میڈیا ویڈیوز میں راستوں کی بندش اور عوامی تشویش

وادی تیراہ سے ممکنہ فوجی آپریشن کے پیشِ نظر نقل مکانی ایسے وقت میں شروع ہوئی ہے جب علاقے میں سردی کی شدید لہر جاری ہے۔ مقامی ذرائع کے مطابق رات سے مسلسل برف باری کے باعث متعدد سڑکیں بند ہو چکی ہیں اور گاڑیوں کی آمد و رفت معطل ہے۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو میں ایک مقامی شخص پشتو زبان میں برف باری کے باعث راستوں کی بندش کی شکایت کرتا دکھائی دیتا ہے۔ ویڈیو میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ سکیورٹی حکام کی جانب سے علاقے کو فوری طور پر خالی کرنے کے اعلانات کیے جا رہے ہیں۔

ویڈیو میں موجود شخص کے مطابق فوجی حکام نے 23 جنوری تک علاقہ چھوڑنے کی ہدایت کی ہے اور کہا گیا ہے کہ مقررہ وقت کے بعد علاقے میں رہنے والوں کو کسی نقصان کی صورت میں خود ذمہ دار تصور کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ پہلے 25 جنوری تک کی مہلت دی گئی تھی، مگر اب نہ صرف گاڑیوں کی دستیابی مشکل ہے بلکہ کرایے بھی کئی گنا بڑھ چکے ہیں۔

ریسکیو حکام کے مطابق حادثات میں دو بچے جاں بحق، پانچ زخمی

ریسکیو حکام کے مطابق شدید بارش اور برف باری کے دوران نقل مکانی کے عمل میں پیش آنے والے دو مختلف واقعات میں دو بچے جاں بحق جبکہ پانچ افراد زخمی ہو گئے ہیں۔ باڑہ ریسکیو 1122 کے شفٹ انچارج گل نواز خان نے بتایا کہ متاثرہ افراد کو بروقت طبی سہولیات فراہم کی گئیں، تاہم موسم کی شدت کے باعث ٹریفک حادثات کے خدشات میں اضافہ ہو گیا ہے۔ ان کے مطابق ریسکیو 1122 ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے 24 گھنٹے الرٹ ہے۔

ریسکیو الرٹ، مگر اضافی نفری اور وسائل کی کمی

ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ نقل مکانی کے بڑھتے ہوئے دباؤ کے باوجود ریسکیو اہلکار کی اضافی نفری یا وسائل میں کوئی اضافہ نہیں کیا گیا۔ تاہم دوتوئی اور پائندہ چینہ کے مقامات پر ایمبولینس اور عملہ تعینات ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹا جا سکے۔

ضلعی انتظامیہ کی سفری پابندیاں، عوام کو نقل مکانی سے گریز کی ہدایت

دوسری جانب ضلعی انتظامیہ نے 22 اور 23 جنوری کو شدید موسمی صورتحال کے پیشِ نظر عوام کو غیر ضروری سفر اور نقل مکانی سے گریز کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔ ٹرانسپورٹ چیک پوائنٹ کے انچارج عمیر خان کے مطابق، نقل مکانی کرنے والے خاندانوں کی گاڑیوں کو دن کے وقت برباغ میں روکا گیا ہے تاکہ حادثات سے بچا جا سکے۔

دور دراز علاقوں کے خاندانوں کی منتقلی سب سے بڑا چیلنج

عمیر خان کے مطابق اب تک تقریباً 80 فیصد آبادی علاقے سے نکل چکی ہے، جبکہ باقی 20 فیصد خاندانوں کو موسم بہتر ہونے پر منتقل کیا جائے گا۔ ان کے مطابق زیادہ تر وہ خاندان رہ گئے ہیں جو دور دراز علاقوں میں مقیم ہیں اور لرباغ مرکز تک پہنچنے میں چھ سے سات گھنٹے لگتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ برف باری کے باعث ان علاقوں تک عام گاڑیوں کی رسائی ممکن نہیں، اس لیے مخصوص چھوٹی گاڑیوں کا انتظام کیا گیا ہے اور روزانہ کی بنیاد پر تقریباً 70 گاڑیاں فراہم کی جائیں گی۔

ٹرانسپورٹ بحران: کرایوں میں غیر معمولی اضافہ

تیراہ کے مقامی افراد باڑہ میں اپنے خاندانوں کی منتقلی کے لیے گاڑیوں کے حصول کی کوششیں کر رہے ہیں، تاہم کرایوں میں غیر معمولی اضافے نے مشکلات مزید بڑھا دی ہیں۔

رحمان گل، جو ملک دین خیل تیراہ کے رہائشی ہیں، نے بتایا کہ پہلے ایک گاڑی کا کرایہ پندرہ ہزار روپے تھا، جو اب چالیس ہزار روپے سے بھی تجاوز کر چکا ہے۔ ان کے مطابق حکومت کی جانب سے ٹرانسپورٹ سہولت میں کوئی خاطر خواہ مدد فراہم نہیں کی جا رہی اور برف باری کے باعث متعدد ڈرائیور علاقے میں جانے سے بھی گریز کر رہے ہیں۔

سڑکوں پر پھنسے اور گھروں میں محصور خاندان

عمیر خان کے مطابق سڑکوں پر پھنسے اور گھروں میں محصور افراد کے لیے خوراک کی فراہمی کے سلسلے میں حکومت نے ایک ٹیم تیراہ روانہ کر دی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مقامی عمائدین کی 24 رکنی کمیٹی کی مدد سے ان خاندانوں تک اشیائے خوردونوش پہنچائی جائیں گی جو شدید موسمی حالات کے باعث گھروں میں محصور ہیں۔

اب تک 30 ہزار سے زائد خاندانوں کو ٹوکن جاری

وادی تیراہ میں سکیورٹی حکام کی جانب سے علاقے کو خالی کرنے کے اعلانات پر ضلعی انتظامیہ کا تاحال کوئی باضابطہ مؤقف سامنے نہیں آیا۔ حکام کے مطابق اب تک 30 ہزار سے زائد خاندانوں کو ٹوکن جاری کیے جا چکے ہیں جبکہ تقریباً ساڑھے سات ہزار خاندانوں کی تمام کارروائی مکمل ہو چکی ہے۔

غیر مصدقہ اطلاعات کے مطابق تیراہ سے انخلاء کی آخری تاریخ 25 جنوری سے بڑھا دی گئی ہے، تاہم ضلعی حکام نے اس کی تصدیق نہیں کی۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here