سرفراز شاہ


تربت

ضلع کیچ کے صدر مقام تربت میں شاہ نواز گل جان رند کی عدم بازیابی کے خلاف احتجاج کا ایک بڑا مظاہرہ دیکھنے میں آیا۔ آل پارٹیز مکران کی کال پر نکالی گئی اس احتجاجی ریلی میں مکران بھر سے ہزاروں مرد و خواتین نے شرکت کرتے ہوئے مقامی کاروباری شخصیت کی بحفاظت بازیابی کا پُرزور مطالبہ کیا۔

شاہ نواز گل رند نیشنل میڈیکل سینٹر تربت کے پارٹنر مالک ہیں۔ اہلِ خانہ کے مطابق انہیں یکم دسمبر 2024 کو مسلح افراد نے تربت شہر سے اغوا کیا تھا۔ اغوا کاروں نے رہائی کے بدلے میں 60 کروڑ روپے کا تاوان طلب کیا ہے۔

احتجاجی ریلی کی قیادت نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر اور سابق وزیرِ اعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ اور آل پارٹیز مکران کے کنوینر نواب شمبے زئی نے کی۔ گوادر اور پنجگور سے بھی سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں نے شرکت کی۔

ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے اس موقع پر کہا کہ “کیچ میں اغواء کاری ہو رہی ہے، یہ امن و امان اور لاء اینڈ آرڈر کا مسئلہ ہے۔” انہوں نے اغوا کے اس واقعے کو علاقے کے امن و امان اور حکومت کی کارکردگی پر سنگین سوالیہ نشان قرار دیتے ہوئے ریاستی اداروں سے فوری کارروائی کا مطالبہ کیا۔

آل پارٹیز کیچ کے کنوینر نواب شمببے زئی نے وائس پی کے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ  سماج دشمن عناصر چاہے جتنے بھی طاقتور ہوں، آخرکار پسپائی اور شرمندگی ہی ان کا نصیب ہوگی۔

بی این پی گوادر کے صدر ماجد سہرابی نے کہا کہ “یہ مسئلہ صرف کیچ میں نہیں بلکہ پورے مکران میں موجود ہے، مگر لوگ بتاتے نہیں ہیں۔”میئر تربت بلخ شیر قاضی نے وائس پی کے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ “اگر حکومت اس معاملے میں سنجیدہ نظر آتی تو شاید لوگ سراپا احتجاج نہ ہوتے

شاہ نواز رند کے کزن خلیل نگرانی نے کہا کہ ہم اغوا کاروں سے تعاون کے بجائے ان کے خلاف مزاحمت کر رہے ہیں
بی ایس او بجار کے چیئرمین بوہیر صالح نے کہا کہ پچھلے 75 سالوں سے یہ لاقانونیت کا تسلسل ہے جو اب تک جاری و ساری ہے

شاہ نواز گل رند کی 56 روز سے زائد عرصے سے عدم بازیابی پر اہلِ خانہ، سیاسی اور کاروباری حلقوں میں شدید تشویش پائی جاتی ہے۔ آل پارٹیز کیچ نے کیچ سمیت گوادر اور پنجگور میں بھی شاہ نواز کی بازیابی کے لیے احتجاجی ریلیاں اور مظاہرے کیے ہیں۔ آل پارٹیز مکران نے 28 جنوری کو پورے مکران میں شٹر ڈاؤن ہڑتال کا اعلان کیا ہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here