27 جنوری 2026
رپورٹ: محمد دانیال
پشاور: سیف الرحمان کے لیے ایم ڈی کیٹ صرف ایک امتحان نہیں تھا، بلکہ مستقبل کی آخری امید تھی۔ اس امید کی بنیاد محنت تھی، جو میرٹ لسٹ میں آٹھویں پوزیشن کی صورت میں سب کے سامنے آچکی ہے۔ لیکن اس کامیابی کے باوجود سیف الرحمان آج بھی خیبر میڈیکل یونیورسٹی میں داخلے کا منتظر ہے۔ وجہ اس کی صلاحیت یا میرٹ نہیں، بلکہ وہ شناختی کاغذات ہیں جو اسے افغان مہاجر ثابت کرتے ہیں۔
افغان مہاجرین کے انخلا سے متعلق حالیہ حکومتی فیصلوں نے سیف الرحمان جیسے درجنوں ہونہار طلبہ کو ایسی غیریقینی صورتحال میں دھکیل دیا ہے، جہاں خواب، محنت اور قابلیت سب ثانوی حیثیت اختیار کرچکے ہیں۔
داخلے کے حق کے لیے سیف الرحمان نے پشاور ہائیکورٹ سے رجوع کیا ہے۔ ان کا کیس محض ایک فرد کا معاملہ نہیں، بلکہ اس پوری نسل کی نمائندگی کرتا ہے جو تعلیم اور شناخت کے درمیان پس رہی ہے۔ یہ وہ نسل ہے جو پاکستان میں پلی بڑھی، یہیں تعلیم حاصل کی، اور یہی ان کا گھر ہے۔ مگر آج انہیں اپنے مستقبل کے لیے عدالتوں کے دروازے کھٹکھٹانے پڑ رہے ہیں۔
تعلیم اور رہائش، دونوں خطرے میں
افغان مہاجرین کی واپسی کے فیصلے کے بعد خیبرپختونخوا کی جامعات میں زیرِ تعلیم افغان طلبہ شدید خوف اور ذہنی دباؤ کا شکار ہیں۔ محکمہ اعلیٰ تعلیم کے مطابق صوبے کی 34 جامعات میں سے 24 میں تقریباً 1500 افغان طلبہ زیرِ تعلیم ہیں، جن میں ڈیڑھ سو کے قریب طالبات شامل ہیں۔
ایک افغان طالب علم کا کہنا ہے، “پولیس کی کارروائیاں، دستاویزات کی جانچ پڑتال اور مسلسل غیریقینی نے نہ صرف ہماری تعلیم بلکہ روزمرہ زندگی بھی مشکل بنا دی ہے۔”
کئی طلبہ رشتہ داروں کے گھروں میں مقیم تھے، لیکن انخلا کے بعد وہ رشتہ دار واپس جاچکے ہیں۔ دوسری جانب نجی ہاسٹلز اور کرائے کے مکانات پولیس کے خوف سے افغان طلبہ کو کمرے دینے سے انکار کر رہے ہیں۔ یوں ایک طرف ڈگریاں خطرے میں ہیں تو دوسری طرف سر چھپانے کی جگہ بھی میسر نہیں۔
اسکولی بچے بھی متاثر
یہ بحران صرف جامعات تک محدود نہیں، بلکہ اسکولوں تک پھیل چکا ہے۔ خیبرپختونخوا کے ہزاروں سرکاری و نجی اسکولوں میں دس ہزار سے زائد افغان بچے زیرِ تعلیم ہیں۔ حالیہ انخلا کے بعد کئی اضلاع سے شکایات موصول ہو رہی ہیں کہ افغان بچوں کو اسکولوں میں داخلہ نہیں دیا جا رہا، جبکہ پہلے سے زیرِ تعلیم بچے بھی شدید ذہنی کشمکش میں مبتلا ہیں۔
ایک افغان والد کا کہنا ہے، “ہمیں مسلسل خوف میں رکھا گیا ہے کہ کہیں ہمارے بچوں کی تعلیم اچانک ختم نہ ہو جائے۔”
اعداد و شمار کی کہانی
محکمہ اعلیٰ تعلیم کے اعداد و شمار کے مطابق سب سے زیادہ افغان طلبہ جامعہ پشاور میں زیرِ تعلیم ہیں، جہاں ان کی تعداد 247 ہے۔ اس کے بعد انسٹی ٹیوٹ آف منیجمنٹ سائنسز میں 219، جبکہ خیبر میڈیکل یونیورسٹی میں 218 افغان طلبہ پڑھ رہے ہیں۔
ان میں سے 960 طلبہ علامہ اقبال اسکالرشپ کے تحت، جبکہ 536 اوپن سیلف فنانس پر تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ یہ اعداد و شمار اس بات کا ثبوت ہیں کہ بڑی تعداد میں افغان طلبہ نہ صرف قانونی طریقے سے داخل ہوئے، بلکہ پاکستان کے تعلیمی نظام کا فعال حصہ بھی ہیں۔
قانونی الجھنیں
پاکستان میں مقیم افغان تارکینِ وطن کو ریاستی سطح پر مختلف قانونی زمروں میں تقسیم کیا گیا ہے، لیکن یہی تقسیم افغان طلبہ کے لیے سب سے بڑی الجھن بن چکی ہے۔ کچھ پروف آف رجسٹریشن کارڈ کے حامل ہیں، کچھ افغان سٹیزن کارڈ رکھتے ہیں، کچھ پاکستان اوریجن کارڈ کے مالک ہیں، جبکہ کچھ کو اقوامِ متحدہ کی جانب سے عارضی تحفظ حاصل ہے۔
ان مختلف قانونی حیثیتوں کے باعث تعلیم، ڈگریوں کا اجرا اور داخلوں جیسے معاملات پیچیدہ ہوتے جا رہے ہیں۔
افغان طالبات کا خوف
افغانستان میں طالبان کے اقتدار میں آنے کے بعد لڑکیوں کی تعلیم پر عائد پابندیوں نے پشاور کی جامعات میں زیرِ تعلیم افغان طالبات کو مزید خوف میں مبتلا کر دیا ہے۔
ایک طالبہ نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا، “ہم افغانستان واپس جانے کا تصور بھی نہیں کر سکتیں، کیونکہ وہاں ہماری تعلیم اور مستقبل دونوں خطرے میں ہیں۔ اگرچہ افغان حکام تعلیم پر پابندیوں کی تردید کرتے ہیں، لیکن زمینی حقائق اس کے برعکس ہیں۔”
قانونی چارہ جوئی
پشاور ہائیکورٹ کے وکیل میاں ذاکر حسین ایڈووکیٹ کہتے ہیں، “عدالت میں روزانہ درجنوں درخواستیں دائر ہو رہی ہیں۔ کوئی پیدائش کی بنیاد پر، کوئی شادی اور کوئی طویل قیام کی بنیاد پر رہائش کا مطالبہ کر رہا ہے۔”
وہ مزید کہتے ہیں، “عدالتیں انسانی بنیادوں پر ریلیف دے رہی ہیں، لیکن اصل مسئلہ پالیسی سطح پر حل ہونا چاہیے۔ کئی کیسز میں والد یا والدہ میں سے ایک پاکستانی اور دوسرا افغان ہے، مگر بچوں کے بی فارم نہ بننے کے باعث ان کی تعلیم اور شناخت دونوں خطرے میں ہیں۔”
سرکاری موقف
محکمہ اعلیٰ تعلیم کے ترجمان کا کہنا ہے، “صوبے کی جامعات میں نصف سے زیادہ افغان طلبہ اسکالرشپ پر تعلیم حاصل کر رہے ہیں اور انہیں مکمل کوائف کی جانچ پڑتال کے بعد داخلہ دیا گیا تھا۔”
ترجمان نے مزید بتایا، “کئی افغان طلبہ سرکاری جامعات کے ہاسٹلز میں بھی مقیم ہیں۔ اگر غیرقانونی انخلا کے باعث طلبہ متاثر ہو رہے ہیں تو جامعات سے تفصیلات لے کر ان کی پروفائلنگ کی جائے گی اور مسائل کے حل کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔”