02 فروری 2026

رپورٹ: اسلام گل


پیر کے روز اسلام آباد میں وزیراعظم محمد شہباز شریف سے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کی ملاقات ہوئی۔ یہ ملاقات ایک دن قبل ضلع خیبر کے جمرود میں منعقدہ امن جرگے کے بعد ہوئی جس میں تیراہ سے جاری نقل مکانی اور ممکنہ فوجی آپریشن پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

سرکاری میڈیا کے مطابق ملاقات میں وزیراعظم نے خیبرپختونخوا کے عوام کی ترقی و خوشحالی کے لیے وفاقی و صوبائی حکومت کے مابین تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے صوبے میں امن و امان کے لیے وفاقی و صوبائی حکومت کے تعاون کو ناگزیر قرار دیا اور کہا کہ “امن و امان کے قیام کے لیے صوبائی حکومت کی کوششیں مزید بڑھانے کی ضرورت ہے۔”

وزیراعظم نے مزید کہا: “صوبائی حکومت انسداد دہشت گردی کے لیے صوبائی اداروں کو مضبوط کرے۔ وفاقی اور صوبائی حکومت دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھیں گی۔”

انہوں نے خیبرپختونخوا میں امن و امان کے قیام اور عوامی فلاح کے لیے صوبائی حکومت کو اپنی آئینی ذمہ داری نبھانے کی تلقین کی اور کہا کہ “صوبائی حکومت با اختیار ہے، صحت و تعلیم کے لیے خیبرپختونخوا کے عوام کے لیے اقدامات کیے جائیں۔”

وزیراعظم نے یقین دہانی کرائی: “وفاقی حکومت خیبرپختونخوا کے عوام کی بہتری کے لیے ہمیشہ سے کوشاں ہے۔ خیبرپختونخوا وفاق کی ایک اہم اکائی ہے، صوبے کی عوام کی خوشحالی کے لیے وفاقی حکومت اپنے دائرہ اختیار کے مطابق بھرپور کوششیں جاری رکھے گی۔”

انہوں نے کہا: “قومی ترقی اور عوامی خدمت کے لیے وفاق اور صوبوں کے درمیان قریبی روابط اور مؤثر رابطہ کاری ناگزیر ہے۔ وفاقی حکومت تمام صوبوں کو ساتھ لے کر چلنے اور یکساں ترقی کے وژن پر عمل پیرا ہے۔ باہمی مشاورت اور اشتراک عمل کے ذریعے قومی یکجہتی، استحکام اور خوشحالی کے اہداف کو مؤثر انداز میں حاصل کیا جا سکتا ہے۔”

جمرود میں امن جرگے کا انعقاد

ایک دن قبل ضلع خیبر کی تحصیل جمرود میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی جانب سے تیراہ سے جاری نقل مکانی اور وفاقی حکومت کی جانب سے آپریشن سے لاتعلقی کے بیانات کے تناظر میں جمرود فٹبال گراؤنڈ میں امن جرگے کا انعقاد کیا گیا۔ جرگے میں پاکستان تحریک انصاف کے منتخب ممبران اسمبلی، مقامی قیادت، علاقے کے عمائدین اور تیراہ سے بے گھر خاندانوں کے نمائندہ وفد نے شرکت کی۔

امن جرگے سے خطاب میں وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے بلوچستان میں حالیہ واقعات پر افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا: “جرگے میں لوگوں کی اتنی بڑی تعداد میں شرکت اس بات کا ثبوت ہے کہ لوگ امن چاہتے ہیں اور جبری نقل مکانی کے خلاف ہیں۔”

انہوں نے کہا کہ تیراہ سے جبری نقل مکانی اور ممکنہ فوجی آپریشن کے حوالے سے وفاقی حکومت کے بیانات قابل افسوس ہیں اور متاثرہ لوگوں کے مسائل میں مزید اضافے کا سبب بنیں گے۔ ان کے بقول مستقبل میں تمام قبائلی اضلاع میں لوگوں کی رائے عامہ جاننے کے لیے جرگوں کا انعقاد کیا جائے گا اور حتمی جرگہ پشاور میں منعقد کیا جائے گا۔

وزیراعلیٰ نے کہا: “آج کے جرگے میں عوام نے یہ فیصلہ کرنا ہے کہ وہ تیراہ واپس جانا چاہتے ہیں یا احتجاج کے لیے اسلام آباد۔”

بے گھر افراد کی امداد کے حوالے سے وزیراعلیٰ نے اعلان کیا کہ صوبائی حکومت نے چار ارب روپے جاری کر دیے ہیں اور کسی بھی قسم کی کرپشن میں ملوث افراد کے خلاف سخت اقدام کیا جائے گا۔ ان کے بقول اگر ضرورت پڑی تو مزید رقم بھی جاری کر دی جائے گی۔

انہوں نے کہا: “ابھی تک وفاق نے بے گھر افراد کی مدد کے لیے کچھ نہیں کیا اور اس حوالے سے جھوٹا پروپیگنڈا افسوس ناک ہے۔”

وزیراعلیٰ نے اعلان کیا کہ بے گھر افراد کی مدد کے لیے وزیراعلیٰ ریلیف فنڈ کے نام سے بینک اکاؤنٹ کھولا جائے گا جس میں تمام مخیر حضرات سے مالی تعاون کی اپیل کی جائے گی۔

بے گھر افراد کی آواز

چالیس سالہ عبدالمنان تیراہ سے بے گھر ہو چکے ہیں اور جمرود میں منعقدہ امن جرگے میں شریک تھے۔ انہوں نے کہا: “میں اس امید سے یہاں وزیراعلیٰ کے جرگے میں شرکت کر رہا ہوں کہ بے گھر افراد کے مسائل حل ہوں گے اور لوگوں کی اپنے علاقے میں واپسی کے لیے ایسے اقدامات کی توقع ہے کہ دوبارہ بدامنی کی وجہ سے گھر بار چھوڑنا نہ پڑے۔”

خانزادہ قبائلی رہنما ہیں اور ان کا تعلق باڑہ کے قبیلہ برقمبر خیل سے ہے۔ وہ دیگر ساتھیوں کے ساتھ جرگے میں شریک تھے۔ انہوں نے کہا: “آج کے جرگے سے یہی توقع ہے کہ وزیراعلیٰ بے گھر افراد کے مسائل کم کرنے کے لیے مزید اقدامات کا اعلان کریں گے اور بے گھر لوگوں کی واپسی کے لیے فوری طور پر ایک موثر لائحہ عمل طے کریں گے۔”

تاہم امن جرگے میں تیراہ سے نمائندہ وفود نے شرکت تو کی لیکن انہوں نے موقف اپنایا کہ سٹیج پر انہیں بات کرنے کا موقع نہیں دیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ اس امید سے آئے تھے کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے سامنے بے گھر افراد کے مسائل رکھ دیں گے لیکن بدقسمتی سے ایسا نہیں ہوا۔

سیاسی قیادت کا ردعمل

پاکستان تحریک انصاف کے مقامی رہنما شمشیر آفریدی نے کہا: “آج امن جرگہ کامیاب رہا اور اس سے صوبے میں امن کے قیام، تیراہ سے بے گھر افراد کے مسائل میں کمی اور وفاقی حکومت کے ساتھ کشیدہ تعلقات میں بہتری آئے گی۔” انہوں نے کہا کہ موجودہ وقت میں صوبائی حکومت تیراہ سے بے گھر افراد کے ساتھ ہر ممکن تعاون کر رہی ہے اور ضرورت پڑنے پر مزید اقدامات بھی کیے جائیں گے۔

یوتھ وزیر مدثر معین نے بھی جمرود جرگے میں شرکت کی۔ انہوں نے کہا: “باڑہ میں سیاسی اتحاد کی جانب سے منعقدہ جرگے میں صرف سیاسی بیانات اور پی ٹی آئی پر تنقید کے علاوہ کچھ نہیں تھا۔ مذکورہ جرگے کو پروپیگنڈے کے طور پر تمام ملکی میڈیا مدعو کیا گیا تھا تاہم ماضی میں ایک واقعے میں بیس سے زیادہ بے گناہ افراد کی ہلاکت پر کسی نے ایک لفظ تک نشر نہیں کیا۔” انہوں نے کہا کہ سیاسی اختلافات کو بات چیت کے ذریعے حل کرنے کی ضرورت ہے۔

مقامی عمائدین کے نمائندے ملک اسرار آفریدی نے کہا: “قبائلی اضلاع میں مستقل امن کے قیام کی ضرورت ہے کیونکہ پچھلے دو دہائیوں سے لوگوں کو بھاری مالی اور جانی نقصان کا سامنا ہے۔” انہوں نے باڑہ میں سیاسی اتحاد کی جانب سے منعقد جرگے پر بھی کھلی تنقید کی اور موقف اپنایا کہ تیراہ سے نقل مکانی کی ذمہ داری پی ٹی آئی پر ڈالنا مناسب نہیں ہے۔ انہوں نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کو وفاق کی جانب سے سیاسی بیانات کے جواب میں موثر جواب دینے پر خراج تحسین پیش کیا۔

یہ امن جرگہ سہیل آفریدی کے انتخابی حلقے میں منعقد ہوا۔ اس سے قبل باڑہ میں بھی ان کی جانب سے امن جرگے کا انعقاد ہوا تھا جس میں انہوں نے ممکنہ فوجی آپریشن اور مقامی لوگوں کی نقل مکانی کے خلاف سخت مخالفت کا اظہار کیا تھا۔ انہوں نے کہا تھا کہ وہ جلد دیگر قبائلی اضلاع کے بھی دورے کریں گے جہاں ان علاقوں میں مستقل امن کے قیام کے لیے مشاورت کریں گے۔ تاہم انہوں نے یہ دورے تو نہیں کیے البتہ صوبائی اسمبلی میں تمام سیاسی جماعتوں کا ایک جرگہ بارہ نومبر کو منعقد کیا گیا تھا۔

جرگے کے خاتمے پر کالعدم پشتون تحفظ موومنٹ کے دو اہم رہنما منظور پشتین اور نوراللہ ترین، پشاور یونیورسٹی کے دو طلبا سمیت چھ افراد کو لاپتہ کر دیا گیا تھا جن میں پی ٹی ایم کے دونوں رہنما تاحال لاپتہ ہیں۔

وادی تیراہ سے موجودہ صورتحال کے تناظر میں اکتیس جنوری کو باڑہ میں سیاسی اتحاد کی جانب سے خیبر امن جرگے کے نام سے بھی ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا تھا لیکن اس میں وادی تیراہ کے متاثرین کو بات کرنے کا موقع نہ دینے پر ان کے رہنما صبحت خان نے بائیکاٹ کا اعلان کر کے اپنے ساتھیوں سمیت تقریب چھوڑ دی تھی۔

امدادی اقدامات اور اخراجات

پروفیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ وادی تیراہ کے بعض علاقوں سے آبادی کی نقل مکانی اور متاثرہ خاندانوں کی سہولت کے لیے چار ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔

بیان کے مطابق ان میں سے اب تک صرف متاثرہ خاندانوں کے لیے ٹرانسپورٹ، ان کے دوران سفر اور تیار خوراک کی فراہمی پر 31 جنوری 2026 تک 92 کروڑ روپے خرچ ہو چکے ہیں۔ ان اخراجات کا مکمل ریکارڈ ترتیب دیا گیا ہے جس میں ضلعی انتظامیہ اور مقامی مشران کی تصدیق اور وصول کنندگان کے دستخط بمع شناختی کارڈ شامل ہیں تاکہ کسی بھی وقت مکمل آڈٹ کیا جا سکے۔

اس کے علاوہ دو ارب 40 کروڑ روپے کی رقم متاثرین کو امدادی معاوضہ پیکج اور ماہانہ معاونت کی مد میں مختص ہے۔ یہ رقم خاندانوں کی نادرا کے ذریعے مکمل رجسٹریشن اور تصدیق کے بعد ان کے اکاؤنٹ میں ڈیجیٹل ادائیگی کے ذریعے دی جائے گی۔ معاوضے کی ادائیگی میں شفافیت اور مکمل آڈٹ ایبل ریکارڈ ترتیب دیا جا رہا ہے۔

منظور شدہ طریقہ کار کے تحت سامان کی فہرست سازی، سکیننگ، ریکارڈنگ، تنصیب کے بعد تصدیق اور ضلعی انتظامیہ کی نگرانی کو یقینی بنایا گیا ہے تاکہ ریکارڈ، وسائل اور عوامی فنڈز کا تحفظ یقینی ہو۔

موجودہ صورتحال

موجودہ وقت میں نہ صرف ضلع خیبر کی وادی تیراہ سے بلکہ ضلع کرم کے سینٹر کرم کے مختلف دیہات سے بھی نقل مکانی کا عمل جاری ہے۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق بگن اور خار کلی میں قائم کیے گئے رجسٹریشن مراکز میں ابھی تک سولہ ہزار سے زیادہ خاندان رجسٹرڈ ہو چکے ہیں۔ مذکورہ اعداد و شمار میں چھ ہزار سے زیادہ خاندان قائم کیمپوں میں جبکہ باقی کرائے کے مکانات یا رشتہ داروں کے ہاں قیام پذیر ہیں۔

صوبائی اور مرکزی حکومت کے بیانات میں وادی سے جاری نقل مکانی کے حوالے سے بات ہوتی ہے تاہم کرم کے حوالے سے کچھ واضح نہیں ہو رہا۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here