14 فروری 2026

رپورٹ: متین علی اور کلیم اللہ


لاہور میں معروف شاعر فیض احمد فیض کی یاد اور فکر کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے الحمرا آرٹس کونسل میں تین روزہ دسویں فیض فیسٹیول کا انعقاد کیا گیا۔ فیسٹیول کے دوسرے روز ملک بھر سے ادب، فن اور فکر سے وابستہ افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

میلے کے مختلف سیشنز میں سماجی و شہری آزادیوں، مزاحمتی ادب اور عہدِ حاضر کی صحافت جیسے موضوعات پر گفتگو کی گئی۔ مقررین نے لاہور کی ثقافتی روایت اور فکری آزادی پر بھی اظہارِ خیال کیا اور مکالمے کی اہمیت پر زور دیا۔

فیسٹیول کے احاطے میں کتابوں کے متعدد اسٹالز لگائے گئے جہاں نئی اور کلاسیکی کتابیں نمائش کے لیے رکھی گئیں، جبکہ بعض کتب کی رونمائی بھی کی گئی۔ طلبہ، اساتذہ، صحافیوں، فنکاروں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے میلے میں بھرپور شرکت کی۔

“پاکستان ایکسپیرئنس” پوڈکاسٹ کے میزبان اور مصنف شہزاد غیاث نے کہا کہ سوشل میڈیا کے دور میں، جب لوگ زیادہ تر اسکرین تک محدود ہو چکے ہیں، ایسے ادبی میلوں کا انعقاد بے حد ضروری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بالمشافہ مکالمہ، سوال و جواب اور ایک دوسرے کو سننے کا عمل ہی معاشرے میں بڑھتی ہوئی نفرتوں کو کم کر سکتا ہے۔

فیسٹیول کے مقصد پر بات کرتے ہوئے منتظمین میں شامل فیض احمد فیض کی صاحبزادی منیزہ ہاشمی نے وائس پی کے سے گفتگو میں کہا کہ ان کے لیے یہ باعثِ خوشی ہے کہ اس پروگرام کے ذریعے لوگ ایک دوسرے سے مل رہے ہیں اور کھل کر اپنے خیالات کا اظہار کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فیسٹیول کا بنیادی مقصد امن، محبت اور انسانی حقوق کے حوالے سے فیض کے پیغام کو عام کرنا ہے تاکہ لوگ اسے اپنی عملی زندگی کا حصہ بنا سکیں۔

فیسٹیول کے دوران جہاں ایک جانب فیض احمد فیض کے کام کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا اور ان پر مختلف پروگرام منعقد ہوئے، وہیں ان کی شاعری پر اختلافی آرا بھی سامنے آئیں۔ صحافی کاشف بلوچ کا کہنا تھا کہ اگرچہ فیض ایک بڑی علامتی شخصیت ہیں، تاہم ان کی شاعری معاشرے کے تمام طبقات کی مکمل نمائندگی نہیں کرتی۔ ان کے مطابق فیض کی شاعری کا جمالیاتی ڈھانچہ جاگیردارانہ نظام کی جھلک پیش کرتا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ایسے پروگرام بعض اوقات ایک تجارتی سرگرمی کی صورت اختیار کر لیتے ہیں اور ریاستی جبر پر سنجیدہ سوالات کو پسِ پشت ڈال دیتے ہیں۔

دوسری جانب متعدد شرکا نے اس مؤقف سے اختلاف کرتے ہوئے کہا کہ فیض کی شاعری امید اور مزاحمت کی علامت ہے اور اس سے استفادہ کرنے پر کسی ایک طبقے کی اجارہ داری نہیں۔ شہزاد غیاث کا کہنا تھا کہ فیض کا کلام محفلوں یا ڈرائنگ روم تک محدود نہیں بلکہ عام لوگوں تک بھی پہنچتا ہے اور اس کا اثر وسیع سماجی سطح پر محسوس کیا جا سکتا ہے۔

تین روزہ فیض فیسٹیول کا آج دوسرا دن تھا، جبکہ کل موسیقی کے مختلف پروگراموں کے ساتھ اس کا اختتام کیا جائے گا۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here