24 فروری 2026
سٹاف رپورٹ
اسلام آباد
پاکستان کے سابق وفاقی وزیر دفاع و خارجہ اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما انجینئر خرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ دہشت گردی کا خاتمہ صرف آپریشنز کے ذریعے ہی ممکن ہے، کیونکہ جب بھی ریاست نے تحریک طالبان پاکستان سے مذاکرات کیے، اس کے نتیجے میں دہشت گرد حملوں میں اضافہ ہوا۔
آج نیوز کے پروگرام سپاٹ لائٹ میں میزبان منیزے جہانگیر کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے خرم دستگیر نے کہا کہ اگر خیبر پختونخوا حکومت سمجھتی ہے کہ مذاکرات سے مسائل حل ہو سکتے ہیں تو وہ مذاکرات کے ذریعے کم از کم اپنا آدھا کلومیٹر علاقہ ہی واپس لےکر دکھا دے۔
پروگرام میں شریک خیبر پختونخوا کے صوبائی وزیر قانون آفتاب عالم نے کہا کہ اگر دہشت گردی کا حل آپریشن کے بغیر ممکن نہیں تو اس کا مطلب یہ ہے کہ ماضی میں کیے گئے تمام آپریشنز ناکام رہے ہیں۔
پاکستان کے افغانستان پر فضائی حملوں سے متعلق آفتاب عالم کا کہنا تھا کہ کسی دوسرے ملک پر حملہ کرنا اور اس کی فضائی حدود کی خلاف ورزی بین الاقوامی جرم ہے جس کے سنگین نتائج نکل سکتے ہیں۔
تاہم پروگرام میں شامل سابق سفارتکار نغمانہ ہاشمی نے مؤقف اختیار کیا کہ افغانستان میں کیے گئے حملے عالمی قانون کی خلاف ورزی نہیں اور پاکستان نے یہ کارروائیاں اپنے دفاع کے حق کے تحت کیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر افغان طالبان کا پورے افغانستان پر کنٹرول ہے تو وہ وہاں موجود دہشت گرد تنظیموں کا خاتمہ کیوں نہیں کرتے، جس کا وعدہ انہوں نے دوحہ معاہدے میں عالمی برادری سے کیا تھا۔
افغانستان سے متعلق وفاقی پالیسی پر تنقید کرتے ہوئے آفتاب عالم نے کہا کہ افغانستان پر حملوں سے قبل خیبر پختونخوا کو اعتماد میں نہیں لیا گیا، حالانکہ ان پالیسیوں کا ردعمل سب سے زیادہ خیبرپختونخوا کا صوبہ ہی بھگتتا ہے۔
اس پر خرم دستگیر نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ اندرونِ ملک کارروائیوں پر صوبوں کو اعتماد میں لینا ضروری ہوتا ہے، تاہم بیرونی حملوں کے لیے ایسا کرنا لازم نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا میں رہنے والے لوگ پہلے پاکستانی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر صوبائی حکومت کو واقعی عوام کی فکر ہے تو وہ گورننس بہتر کرے اور دہشت گردی کے خلاف جنگ پر توجہ دے، جبکہ تحریک انصاف کی توجہ عمران خان کی رہائی پر مرکوز ہے جس کے لیے وہ ایک فورس تشکیل دے رہے ہیں۔ خرم دستگیر کے مطابق ایسی کسی فورس کا مقصد ایک صوبے کی طاقت کو دوسرے صوبے میں استعمال کرنا ہو سکتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جو عناصر پاکستانی شہریوں کا قتل عام کر رہے ہیں، ان سے مذاکرات کی کوئی گنجائش نہیں۔
پروگرام کے دوسرے حصے میں ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی پر بات کرتے ہوئے نغمانہ ہاشمی نے کہا کہ ایران دباؤ میں آ کر نہ تو اپنے میزائل پروگرام سے دستبردار ہوگا اور نہ ہی جھکے گا۔ ان کے مطابق امریکا محدود حملے کی صلاحیت تو رکھتا ہے لیکن ایران کو مکمل طور پر ختم کرنا اس کے بس میں نہیں۔
اس پر خرم دستگیر نے کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی دھمکیاں دراصل مذاکرات کی دعوت ہوتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا نہ تو ایران میں فوجیں داخل کر سکتا ہے اور نہ ہی بمباری کے ذریعے وہاں رجیم چینج ممکن ہے۔
اسی پروگرام میں پاکستان کے بورڈ آف پیس کا حصہ بننے پر تنقید کرتے ہوئے صوبائی وزیر آفتاب عالم نے کہا کہ پاکستان کو اس فورم میں شامل نہیں ہونا چاہیے تھا، اور ایسا کر کے پاکستان نے فلسطینیوں کے خون سے غداری کی ہے