22 فروری 2026
سٹاف رپورٹ
اسلام آباد
وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاونِ خصوصی برائے اطلاعات شفیع جان نے کہا ہے کہ عمران خان کی رہائی کے لیے رہائی فورس ضرور بنے گی اور یہ فورس تحریک انصاف کی مجوزہ اسٹریٹ موومنٹ کی تیاری کا حصہ ہے۔
آج نیوز کے پروگرام سپاٹ لائٹ میں میزبان منیزے جہانگیر کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے شفیع جان کا کہنا تھا کہ اسٹریٹ موومنٹ کی ذمہ داری وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کے پاس ہے اور اس حوالے سے تمام پالیسی فیصلے بھی وہی کریں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اسٹریٹ موومنٹ سے متعلق نہ تو محمود خان اچکزئی ذمہ دار ہیں اور نہ ہی علامہ راجہ ناصر عباس کا اس میں کوئی کردار ہے۔
شفیع جان نے تحریک انصاف میں ٹرائیکا بننے کی خبروں کو بھی مسترد کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی میں فیصلہ سازی کے لیے کسی قسم کے ٹرائیکا کی کوئی حقیقت نہیں۔
رہائی فورس پر ممکنہ پابندی سے متعلق سوال پر وزیراعظم پاکستان کے کوآرڈینیٹر اختیار ولی خان نے کہا کہ رہائی فورس یا رہائی کمیٹی بنانے کی روایت ماضی میں موجود رہی ہے، تاہم جس انداز میں وزیرِ اعلیٰ سہیل آفریدی نے رہائی فورس بنانے کا اعلان کیا، اس سے تاثر ملتا ہے کہ جیسے کوئی لشکر تشکیل دیا جا رہا ہو۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر کسی قسم کی مسلح فورس بنانے کا ارادہ ہے تو یہ ایک سنگین غلطی ہوگی اور اس بارے میں سوچنا بھی نہیں چاہیے۔
اس موقع پر پروگرام میں موجود جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سینئر رہنما اور سینیٹر کامران مرتضیٰ نے کہا کہ سہیل آفریدی کی اسٹریٹ موومنٹ کے نتیجے میں علامہ راجہ ناصر عباس اور محمود خان اچکزئی غیر متعلق ہو جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر محمود خان اچکزئی فیصلے نہیں کر سکتے تو پھر وہ کس نوعیت کے اپوزیشن لیڈر ہیں۔ کامران مرتضیٰ کے مطابق رہائی فورس کے ذریعے اپنے کارکنوں کو ایکسپوز کیا جا رہا ہے کیونکہ رجسٹریشن کے بعد سیکیورٹی اداروں کے لیے کارکنوں کی شناخت اور گرفتاری آسان ہو جائے گی، جس سے یہ تحریک ناکامی کی طرف جا سکتی ہے۔
اس پر ردِعمل دیتے ہوئے شفیع جان نے کہا کہ آئی ایس ایف اور انصاف یوتھ ونگ کے کارکنوں کے پتے پہلے ہی سب کو معلوم ہیں۔ ان کا الزام تھا کہ کارکنوں کے گھروں میں گھسا جا رہا ہے، لوگوں کو اٹھایا جا رہا ہے اور ان کے کاروبار تباہ کیے جا رہے ہیں۔
پروگرام میں افغانستان پر پاکستان کے فضائی حملوں سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے اختیار ولی خان نے کہا کہ افغانستان میں جن افراد کو نشانہ بنایا گیا وہ دہشت گرد تھے اور پاکستانی شہریوں کے قاتل تھے۔ ان کے مطابق پاکستان نے افغانستان سے دہشت گردوں کی سہولت کاری ختم کرانے کے لیے کئی بار مذاکرات کیے، تاہم ان کا کوئی نتیجہ نہیں نکلا۔
افغانستان پالیسی پر بات کرتے ہوئے کامران مرتضیٰ نے کہا کہ جے یو آئی (ف) ڈائیلاگ پر یقین رکھتی ہے اور یہ بھی سمجھتی ہے کہ ایگزیکٹو کے فیصلوں کے پیچھے پارلیمان کی طاقت ہونی چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ جب افغان طالبان کی حکومت آئی تو ہم خوشی منا رہے تھے۔ دو افراد کی عقل محدود ہو سکتی ہے، لیکن اگر چار پانچ سو اراکین پارلیمان میں بیٹھ کر فیصلہ کریں تو زیادہ بہتر فیصلہ سامنے آ سکتا ہے۔
آخر میں شفیع جان نے کہا کہ دو مسلم ممالک کے درمیان جنگ نہیں ہونی چاہیے اور بالآخر مسائل کا حل مذاکرات ہی ہوتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں جب بھی مسائل پیدا ہوئے، جرگوں کے ذریعے ہی حل نکالا گیا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ وفاق نے افغانستان میں جو طاقت استعمال کی، اس کے نتائج خیبر پختونخوا کو بھگتنا پڑیں گے، اس لیے صوبائی حکومت کو آن بورڈ لینا ضروری ہے۔