25 فروری 2026
رپورٹ : اعتزاز ابراہیم
لاہور
خیبرپختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے تھانہ پہاڑ پور کی حدود میں 21 سالہ خاتون کے ساتھ مبینہ جنسی زیادتی کا واقعہ پیش آیا ، جس کے خلاف پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے نامزد ملزم کو گرفتار کر لیا ہے اور مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ۔
متاثرہ خاتون کی مدعیت میں ملزم ظہیر کے خلاف دفعہ 376 (جنسی زیادتی)، دفعہ 449 (گھر میں زبردستی داخل ہونا) اور دفعہ 337- ایف (جسم پر نقصان پہنچانے کا ارادہ رکھتے ہوئے حملہ) کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
مقدمے کے اندراج کے بعد ظہیر کو حراست میں لے لیا گیا ہے اور اسے تفتیشی کارروائی کے لیے جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
ایف آئی آر میں متاثرہ خاتون نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ 22 فروری کو ان کے شوہر مسجد میں تراویح پڑھانے گئے ہوئے تھے، اور وہ گھر میں اکیلی تھیں۔ متاثرہ کے مطابق گھر کا دروازہ کھلا ہوا تھا کہ اسی دوران ان کا پڑوسی ظہیر اچانک اندر داخل ہوا۔ ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ ظہیر نے انہیں زور سے پکڑ کر گھسیٹا اور کمرے کے اندر لے گیا، جہاں اس نے ان کے کپڑے زبردستی اتارنے کی کوشش کی۔ متاثرہ خاتون کے مطابق جب انہوں نے شور مچایا تو ظہیر نے کمروں میں رکھی لکڑی سے ان پر حملہ کیا اور پھر موقع سے فرار ہو گیا۔
متاثرہ خاتون نے ایف آئی آر میں مزید انکشاف کیا ہے کہ تقریباً پندرہ روز قبل بھی جب ان کے شوہر کام کے سلسلے میں گجرات گئے ہوئے تھے، تب اسی ملزم نے مبینہ طور پر ان کے ساتھ زبردستی جنسی زیادتی کی تھی۔ متاثرہ کے مطابق اس خوف اور دباؤ کی وجہ سے وہ اس واردات کے بارے میں خاموش رہیں، لیکن بعد ازاں بار بار ایسے واقعات کے بعد انہوں نے قانونی کارروائی کے لیے فیصلہ کیا۔
تفتیشی افسر حبیب خان نے بتایا کہ ملزم کو پولیس نے گرفتار کر کے قانونی تقاضوں کے مطابق ریمانڈ حاصل کر لیا ہے اور اس سے واقعے سے متعلق مختلف پہلوؤں پر تفتیش جاری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ متاثرہ کے جسم پر تشدد کے واضح نشانات موجود ہیں اور پولیس شواہد کے مطابق کیس کی مزید تحقیقات کر رہی ہے۔
ان کے مطابق متاثرہ خاتون کے شوہر علاقے کی مسجد کے امام اور ایک معزز شہری ہیں، جبکہ ملزم ظہیر ان کے محلے دار ہیں۔ تفتیشی افسر نے بتایا کہ مقدمہ درج ہونے کے بعد ملزم سے شواہد جمع کیے جا رہے ہیں، گواہوں کے بیانات ریکارڈ کیے جا رہے ہیں اور مزید قانونی کارروائی کے لیے ثبوتوں کی روشنی میں کیس کو مضبوط کیا جا رہا ہے۔
غیر سرکاری تنظیم ساحل کی سالانہ رپورٹ کے مطابق سال 2025 کے دوران جنوری تا نومبر پاکستان بھر میں صنفی تشدد کے مجموعی طور پر 6 ہزار 543 واقعات رپورٹ ہوئے۔ ان میں سے 585 کیسز جنسی زیادتی سے متعلق تھے۔
رپورٹ کے مطابق ان جنسی زیادتی کے واقعات میں سے تقریباً 6 فیصد کیسز صوبہ خیبرپختونخوا میں رپورٹ ہوئے، جو صوبائی سطح پر درج ہونے والے ریپ اور صنفی تشدد کے رجحانات کی عکاسی کرتے ہیں۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ مجموعی طور پر 32 فیصد کیسز میں ملزم متاثرہ کا جاننے والا یا قریبی تعلق رکھنے والا شخص تھا، جبکہ 17 فیصد واقعات میں نامعلوم یا اجنبی افراد ملوث پائے گئے۔