27 فروری 2026
تحریر: عصمت اللہ نیازی
الیکٹرانک جرائم کی روک تھام کا قانون، جسے عرفِ عام میں پیکا (PECA) ترمیمی ایکٹ 2025 کہا جاتا ہے، اپنے آغاز ہی سے “کالا قانون” قرار دیا جاتا رہا ہے۔ صحافتی برادری اور تنظیموں نے 2015 سے لے کر 2016 میں اس کی منظوری تک سخت مزاحمت کی، کیونکہ وہ سمجھتے تھے کہ بالآخر یہ قانون صحافیوں، میڈیا ورکرز اور اداروں کے خلاف ہی استعمال ہوگا۔ ہر حکومت نے احتجاجی دھرنوں کے دوران یقین دہانی کرائی کہ اسے صحافت کے خلاف استعمال نہیں کیا جائے گا، لیکن عملی تجربہ اس کے برعکس ثابت ہوا۔
چاہے مسلم لیگ (ن) کا 2013 تا 2018 کا دور ہو، تحریک انصاف کی حکومت، پی ڈی ایم کا دورِ اقتدار یا موجودہ حکومت، سب نے مین اسٹریم اور سوشل میڈیا کو اپنا حریف سمجھا اور اس قانون میں ایسی شقیں شامل کیں کہ آج رائے کا اظہار اور سچ پر مبنی خبر دینا مشکل ہوتا جا رہا ہے۔
ستمبر 2025 میں نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (NCCIA) نے سینیٹ کو بتایا کہ ملک بھر میں 1,214 مقدمات درج کیے گئے، جن میں صحافی بھی شامل تھے۔ ‘فریڈم نیٹ ورک’ کی رپورٹ کے مطابق نومبر 2024 سے ستمبر 2025 کے دوران 30 صحافیوں کے خلاف 36 مقدمات درج ہوئے۔ لاہور پریس کلب کے بعض عہدیداروں کا دعویٰ اس سے بھی زیادہ سنگین ہے کہ 500 سے زائد میڈیا ورکرز کو مختلف طریقوں سے نشانہ بنایا گیا، مگر اس کی آزادانہ تصدیق دستیاب نہیں۔ تاہم ان اعداد و شمار میں باقاعدہ مقدمات کے ساتھ طلبی کے نوٹس، انکوائریاں اور غیر سرکاری دھمکیاں بھی شامل ہیں۔ سینیٹ کی ایک قائمہ کمیٹی نے 2025 کے آخر میں قرار دیا کہ صوبائی حکام کی جانب سے پیکا کے تحت درج کیے گئے 378 مقدمات غیر قانونی تھے، کیونکہ یہ قانون مکمل طور پر وفاقی دائرہ اختیار یعنی این سی سی آئی اے کے تحت آتا ہے۔ صحافتی تنظیموں کے رہنماؤں کا کہنا ہے کہ پیکا آرڈیننس کے تحت عوام سے بولنے کا حق چھین لیا گیا ہے، اور اس سمیت میڈیا سے متعلق دیگر قوانین میں بہتری کے لیے وہ جدوجہد کر رہے ہیں۔
نوبت یہاں تک آ پہنچی کہ کمیٹی ٹو پروٹیکٹ جرنلسٹس (سی پی جے) اور انسانی حقوق کی 17 دیگر عالمی و مقامی تنظیموں نے وزیر اعظم شہباز شریف کو ایک مشترکہ خط ارسال کیا، جس میں پاکستان میں میڈیا کی آزادی کی مسلسل بگڑتی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا۔ خط میں وزیر اعظم پر زور دیا گیا کہ وہ صحافت کے تحفظ کے لیے آئینی اور بین الاقوامی ذمہ داریوں کی تکمیل کے لیے فوری اقدامات کریں۔
رپورٹرز ود آؤٹ بارڈرز، انٹرنیشنل پریس انسٹی ٹیوٹ، ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان اور فریڈم نیٹ ورک سمیت دیگر گروپس کی توثیق شدہ اس خط میں واضح کیا گیا کہ حالیہ قانونی و ادارہ جاتی تبدیلیاں اور صحافیوں پر حملوں کے ذمہ داروں کو سزا دینے میں ناکامی میڈیا کے ماحول کو مزید سنگین بنا رہی ہے۔ تنظیموں نے مطالبہ کیا کہ حکومت آئینِ پاکستان اور شہری و سیاسی حقوق کے بین الاقوامی میثاق (ICCPR) کے تحت اظہارِ رائے کی آزادی کو یقینی بنائے اور صحافیوں کو ہر قسم کے تشدد، دھمکی اور غیر قانونی مداخلت سے تحفظ فراہم کرے۔ خط میں خصوصی طور پر نشاندہی کی گئی کہ نومبر 2025 میں منظور ہونے والی 27 ویں آئینی ترمیم کے بعد سے پریس کی آزادی کی صورتحال مزید ابتر ہوئی ہے۔
سی پی جے اور رپورٹرز ود آؤٹ بارڈرز نے پاکستان کو صحافیوں کے لیے خطرناک ممالک کی فہرست میں برقرار رکھا ہے۔ پیکا کے نئے قوانین کے تحت ملزمان کے لیے ضمانت حاصل کرنا پہلے کے مقابلے میں زیادہ مشکل بنا دیا گیا ہے، خصوصاً اگر مقدمہ “قومی سلامتی” سے متعلق ہو۔
پی ایف یو جے اور پریس کلبز کی قیادت نے صحافیوں اور دیگر افراد کو نشانہ بنائے جانے کے طریقہ کار پر کڑی تنقید کی۔ پی ایف یو جے کے سیکریٹری جنرل ارشد انصاری کا کہنا ہے کہ جب حکومت یا اداروں کو کوئی بات ناگوار گزرتی ہے یا تنقید سامنے آتی ہے تو فوری طور پر پیکا ایکٹ کا سہارا لیا جاتا ہے۔ ان کے مطابق صحافیوں کا ہمیشہ سے یہ موقف رہا ہے کہ پیکا ایک کالا قانون ہے، اور اس کے خلاف تمام صوبائی ہائی کورٹس اور اسلام آباد ہائی کورٹ میں متعدد درخواستیں دائر کی جا چکی ہیں۔ اسلام آباد ہائی کورٹ میں اگلی سماعت 6 مارچ کو مقرر ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ پیکا ایکٹ کو آزادیِ اظہار پر قدغن لگا کر اختلافِ رائے کو دبانے کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر اس ایکٹ کو معطل نہ کیا گیا تو آنے والے مہینے میں بڑا مارچ کیا جائے گا، اور اس سلسلے میں وکلا اور انسانی حقوق کے کارکنوں کی حمایت کا بھی ذکر کیا۔
مسئلہ یہ ہے کہ صحافتی تنظیمیں خود تقسیم کا شکار ہیں جس کے باعث حکومت کو ایسے قوانین بنانے اور انہیں میڈیا کے خلاف استعمال کرنے میں آسانی ہوتی ہے، جبکہ تنقیدی اور اختلافی آوازیں کمزور پڑ جاتی ہیں۔
پاکستان پہلے ہی دہشت گردی اور انتہا پسندی کا سامنا کر رہا ہے، اور حالیہ دنوں افغانستان کی جانب سے کشیدگی میں اضافہ دیکھنے میں آیا، جسے وہ پاکستان کی جانب سے ٹی ٹی پی کے افغان علاقوں میں ٹھکانوں پر کارروائیوں کا ردعمل قرار دیتے ہیں۔ ایسے حالات میں پیکا ترمیمی ایکٹ 2025 جیسے قوانین پاک افغانستان کشیدگی یا ممکنہ “کھلی جنگ” کی صورتحال میں دو دھاری تلوار ثابت ہوتے ہیں۔ ایک جانب حکومت سیکشن 26-A کا سہارا لے کر فیک نیوز، پراپیگنڈا اور عوامی خوف پھیلانے والی معلومات کو روکنے کی کوشش کرتی ہے تاکہ جنگی ماحول میں اندرونی انتشار پیدا نہ ہو، لیکن دوسری جانب ماہرین اسے اس لیے “کالا قانون” کہتے ہیں کہ اس کی مبہم تعریفیں سچی خبروں اور آزاد صحافت کو بھی نشانہ بنا سکتی ہیں۔
جب سرحد پر کشیدگی ہو اور سوشل میڈیا پر غلط معلومات کا سیلاب ہو، تو ایسے سخت قوانین کے نتیجے میں مستند معلومات کا خلا پیدا ہونے لگتا ہے، کیونکہ صحافی اور شہری گرفتاری یا 20 لاکھ روپے تک کے جرمانے کے خوف سے زمینی حقائق بیان کرنے سے کترانے لگتے ہیں، جس سے افواہیں مزید تقویت پکڑتی ہیں۔ خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے متاثرہ علاقوں میں صحافیوں کے لیے آزادانہ فرائض انجام دینا مشکل ہو چکا ہے۔ فریڈم نیٹ ورک کی رپورٹ کے مطابق دو دہائیوں کے دوران صرف بلوچستان میں 40 صحافیوں اور میڈیا ورکرز کو شہید کیا جا چکا ہے، اس کے باوجود وہ اپنے پیشہ ورانہ فرائض ادا کر رہے ہیں۔
پی ایف یو جے نے اپنی ذیلی تنظیموں کے ذریعے عوام میں پیکا آرڈیننس کے منفی اثرات سے متعلق آگاہی مہم شروع کی ہے، اور سیاسی جماعتوں، غیر سرکاری تنظیموں اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر اس کا ازسرنو جائزہ لینے اور بہتری کے لیے جدوجہد کا اعلان کیا ہے۔ کوئٹہ میں منعقدہ ایک سیمینار میں صحافی رہنماؤں نے کہا کہ اس قانون میں ترمیم کے لیے ملک گیر آگاہی مہم چلائی جائے گی، تجاویز کی روشنی میں ایک مسودہ تیار کر کے پارلیمانی جماعتوں اور حکومت کو پیش کیا جائے گا تاکہ تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے قوانین کو بہتر بنایا جا سکے۔
ضرورت اس امر کی ہے کہ سیاسی قیادت میڈیا کو دشمن سمجھنے کے بجائے اسے ایک اہم اسٹیک ہولڈر تسلیم کرے اور پیکا سمیت تمام متعلقہ قوانین کا ازسرنو جائزہ لے۔ ففتھ جنریشن وار فیئر کا مقابلہ سخت اور مبہم قوانین سے نہیں بلکہ حقائق پر مبنی، تصدیق شدہ اور بروقت معلومات کی فراہمی سے ہی ممکن ہے۔