28 فروری 2026

تحریر: فوزیہ کلثوم رانا


پشاور کی سرزمین نے کئی بہادر لوگ جنم دیے، مگر کچھ نام ایسے ہوتے ہیں جو اپنے عہد کی علامت بن جاتے ہیں۔ انیلا شاہین انہی ناموں میں سے ایک تھیں۔ وہ ایک صحافی ہونے کے ساتھ ساتھ، ایک عہد، ایک مزاحمت اور ایک نظریے کا استعارہ بھی تھیں۔ ایک ایسی عورت جس نے قدامت پسند معاشرتی فضا میں آنکھ کھولی، فزیکل ایجوکیشن میں ایم اے کیا، شاعری سے شغف رکھا، اور پھر صحافت جیسے کٹھن اور پرخطر شعبے کو اپنی زندگی کا مقصد بنا لیا۔

انیلا شاہین کے صحافتی سفر کا آغاز روایتی انداز میں نہیں ہوا۔ ہاتھ میں شاعری کا صحیفہ تھامے وہ روزنامہ مشرق کے دفتر کے چکر لگاتی رہیں۔ ایک نوجوان لڑکی، آنکھوں میں خواب، دل میں ہمت اور ذہن میں سوالات۔ کسے معلوم تھا کہ یہی لڑکی ایک دن شدت پسندی کے عروج کے زمانے میں مولوی فضل اللہ کے ترجمان کا انٹرویو کر کے پورے ملک میں تہلکہ مچا دے گی؟

انہوں نے اپنے باقاعدہ کیریئر کا آغاز سن 2000 میں روزنامہ صبح سے کیا۔ یہ وہ وقت تھا جب پشاور میں خواتین کی صحافت ابھی نوزائیدہ مرحلے میں تھی۔ اگرچہ چند خواتین اس میدان میں قدم رکھ چکی تھیں، مگر فیلڈ رپورٹنگ اب بھی مردوں کا میدان سمجھا جاتا تھا۔ انیلا نے اس تصور کو چیلنج کیا۔

بعد ازاں انہوں نے روزنامہ مشرق، اے آر وائی نیوز، دنیا نیوز، اور چینل 24 جیسے بڑے میڈیا اداروں میں خدمات انجام دیں۔ ہر ادارے میں انہوں نے اپنی پیشہ ورانہ دیانت، جرات اور غیرجانبداری سے خود کو منوایا۔

سینئر صحافی اویس توحید لکھتے ہیں کہ، “دہشت گردی کے خلاف جنگ کے عروج کے دن تھے۔ پشتون بیلٹ خونریزی کا منظر پیش کر رہا تھا۔ اسی دوران ایک نوجوان، تازہ گریجویٹ لڑکی انٹرویو کے لیے آئی۔ سوال کیا گیا: “آپ خود کو کہاں دیکھتی ہیں؟ ۔۔۔ نیوز روم میں؟”

جواب فوری تھا، “سر، میں فیلڈ میں جانا چاہتی ہوں۔ میں متاثرین، مولوی حضرات اور طالبان سے انٹرویو کرنا چاہتی ہوں۔ یہ جنگ ہماری زمین پر لڑی جا رہی ہے۔ میں ثابت کرنا چاہتی ہوں کہ خیبر پختونخوا کی ایک عورت بھی کسی مرد کی طرح بے خوفی سے اس جنگ کو کور کر سکتی ہے۔”

انیلا شاہین کا نام پشاور میں ہونے والے بڑے دہشت گرد حملوں کی کوریج سے جڑا ہوا ہے۔ پرل کانٹینینٹل ہوٹل پشاور پر حملہ ہو، آئی ایس آئی عمارت پر دھماکہ، مینا بازار کا اندوہناک سانحہ یا آرمی پبلک اسکول پشاور کا المناک واقعہ، حملوں کے بعد رپورٹنگ کے لئے انیلا ہر جگہ موجود تھیں۔

وہ جائے وقوعہ پر سب سے پہلے پہنچنے والی رپورٹرز میں شامل ہوتیں۔ سر پر شال، کندھے پر بیگ، ہاتھ میں مائیک اور چہرے پر عزم۔ انہیں زخمیوں سے ہسپتالوں میں بات کرتے، لواحقین کے آنسوؤں کو الفاظ دیتے اور حکام سے سخت سوالات کرتے دیکھا گیا۔

طالبان کے ترجمان مسلم خان سے ان کے انٹرویوز نے انہیں ایک بے باک صحافی کے طور پر پہچان دی۔ سوات میں طالبان نے ابتدا میں انہیں کوریج سے روکنے کی کوشش کی، مگر وہ ڈٹی رہیں۔ ان کے لیے صحافت ایک پیشے سے زیادہ مزاحمت کا راستہ تھی۔

انیلا شاہین خود کو کسی رعایت کی مستحق نہیں سمجھتی تھیں۔ وہ اپنے مرد ساتھیوں کے برابر کام کرتیں، برابر خطرات مول لیتیں اور برابر ذمہ داریاں اٹھاتیں۔ ان کے قریبی ساتھیوں میں ناصر داوڑ، صفی اللہ گل، عدنان، ضیاء الحق، افتخار فردوس، شہزاد عالم اور فخر کاکاخیل شامل تھے۔

ناصر داوڑ ایک واقعہ یاد کرتے ہیں کہ “رات گئے پشاور دھماکوں سے گونج رہا تھا۔ جب ہم پی سی ہوٹل پہنچے تو انیلا پہلے ہی وہاں موجود تھیں۔ وہ اپنے کام کے لیے دیوانی تھیں۔ ضدی، نڈر، اور صحافت کے ذریعے طالبان کا مقابلہ کرنا چاہتی تھیں۔”

انیلا شاہین نے صرف رپورٹنگ تک خود کو محدود نہیں رکھا، وہ 2018 میں پشاور پریس کلب کی پہلی خاتون نائب صدر بھی منتخب ہوئیں۔ یہ ایک تاریخی لمحہ تھا، کیونکہ اس عہدے تک پہنچنا خواتین کے لیے آسان نہ تھا۔

وہ خیبر یونین آف جرنلسٹس کی جنرل سیکرٹری بھی منتخب ہوئیں اور ٹریڈ یونین سیاست میں فعال کردار ادا کیا۔ ان کے نزدیک خبر دینے سے آگے بڑھ کر صحافیوں کے حقوق کا تحفظ بھی انتہائی اہم تھا۔

2025 کے پریس کلب انتخابات میں بطور آزاد امیدوار انہوں نے 99 ووٹ حاصل کیے، جبکہ کل ووٹرز تقریباً 575 تھے اور میدان میں بڑے بڑے نام موجود تھے۔ یہ نتیجہ ان کی ساکھ اور مقبولیت کا ثبوت تھا۔

انیلا شاہین ویمن جرنلسٹس ایسوسی ایشن آف پاکستان کی فعال رکن تھیں۔ وہ خواتین صحافیوں کی بااختیاری کی آخری سانس تک حامی رہیں۔

کورونا کے دور میں جینڈر آڈٹ رپورٹ کے مطابق اسلام آباد میں خواتین صحافیوں کی تعداد کم ہو کر 9 فیصد رہ گئی تھی۔ بے شمار خواتین کو ملازمتوں سے محروم ہونا پڑا۔ انہی دنوں چینل 24 کا پشاور بیورو بند ہوا اور انیلا بھی بے روزگار ہو گئیں۔

مگر انہوں نے اس بے روزگاری کو اپنی شناخت نہیں بننے دیا۔ وہ متحرک رہیں، آواز اٹھاتی رہیں، لکھتی رہیں، بولتی رہیں۔

ایک سادہ مگر باوقار زندگی کی قائل تھی۔ وہ کبھی پیدل، کبھی موٹر سائیکل، کبھی رکشے میں رپورٹنگ کے لیے نکل جاتیں۔ انہیں آسائشوں کی پرواہ نہ تھی۔ ان کے لیے خبر اہم تھی، سچ اہم تھا۔

اپنے شوہر کی ملازمت کے باعث وہ بعد میں ایبٹ آباد منتقل ہو گئیں، مگر پشاور ان کی پہچان رہا۔

خیبر پختونخواہ کے ایک مشکل معاشرے میں خواتین کی صحافت ویسے ہی اچنبے کی بات تھی۔ جب انیلا نے اس میدان میں قدم رکھا اس وقت پشاور میں چند دیگر خواتین بھی صحافت سے وابستہ تھیں۔ کچھ نے بعد میں این جی اوز یا دیگر شعبوں کا رخ کیا، مگر کئی نام آج بھی ثابت قدم ہیں۔ پشاور کی نامور صحافیوں میں صائمہ منیر، صائمہ عشرت، شبینہ ایاز رہیں جبکہ فہمیدہ بٹ، فرزانہ علی اور نادیہ صبوحی آج بھی ثابت قدم ہیں۔

فروری 26 کو مختصر علالت کے بعد دماغی شریان پھٹنے کے باعث انیلا شاہین کا انتقال ہو گیا۔ ان کے دوستوں اور ساتھیوں نے انہیں پشاور میں سپردِ خاک کیا، اسی شہر میں جہاں انہوں نے بطور وار رپورٹر اپنی پہچان بنائی تھی۔

انیلا شاہین دارِ فانی سے رخصت ہو گئیں، مگر ان کی جرات، ان کی بے باکی اور ان کا استقامت بھرا سفر ہمیشہ زندہ رہے گا

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here