04 مارچ 2026
رپورٹ اعتزاز ابراہیم
28 فروری کو لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے انتخابات کے روز مبینہ بے ضابطگیوں کے خلاف احتجاج کے دوران خاتون اور مرد وکیل کے درمیان جھگڑے کا واقعہ پیش آیا، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی۔ ویڈیو میں دونوں وکلا کو آپس میں ہاتھا پائی کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔
وائرل ویڈیو میں نظر آنے والی خاتون وکیل ایڈووکیٹ شمائلہ نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ انہوں نے صرف اتنا کہا تھا کہ احسن بھون صاحب الیکشن ہار چکے ہیں اور انہیں شکست تسلیم کرنی چاہئے۔ ساتھ ہی انہوں نے “گرتی ہوئی دیواروں کو ایک دھکا اور دو” کا نعرہ لگایا۔ ان کے مطابق اس پر مخالف گروپ (انڈیپینڈنٹ گروپ)کے وکیل جواد احمد تارڑ نے انہیں گالیاں دینا شروع کر دیں۔
ایڈووکیٹ شمائلہ کا کہنا تھا کہ معاملہ ابتدا میں زبانی تکرار تک محدود تھا، تاہم بعد ازاں دوسری جانب سے ان پر ہاتھ اٹھایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے صرف دفاع میں آگے بڑھ کر جواب دینا چاہا۔ ان کے بقول سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو سے یہ تاثر دیا جا رہا ہے کہ پہل انہوں نے کی، جبکہ ان کے مطابق پہل دوسری جانب سے ہوئی تھی۔
انہوں نے مزید کہا کہ وہ اپنے سیاسی قائد عمران خان کی پیروکار ہیں اور کسی سے خوفزدہ نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جن افراد نے ان پر ہاتھ اٹھایا ہے، وہ ان کے خلاف قانونی کارروائی کریں گی اور اس معاملے کو ایک مثال بنائیں گی تاکہ آئندہ کسی خاتون پر ہاتھ اٹھانے سے قبل لوگ سوچنے پر مجبور ہوں۔
دوسری جانب اسی واقعے پر ایڈووکیٹ جواد حسن تارڑ نے بھی اپنا مؤقف پیش کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ گیلری میں موجود تھے اور وہ ایڈووکیٹ شمائلہ کو اس دن سے پہلے نہیں جانتے تھے۔ ان کے مطابق اس وقت احسن بھون گفتگو کر رہے تھے کہ اسی دوران شمائلہ نے مخالفانہ نعرے بازی شروع کر دی۔
جواد تارڑ کے مطابق انہوں نے صرف اتنا کہا کہ سینئر کی بات سن لینے دی جائے اور نعرے نہ لگائے جائیں، تاہم ان کے بقول شمائلہ نے بدتمیزی کی، نیچے کھڑے ایک شخص سے تکرار کی اور گالیاں دیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جب انہوں نے انہیں احتیاط کا کہا تو خاتون وکیل نے ان کے والدین کو گالی دی اور انہیں دھکا دیا۔
انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ انہوں نے اپنے دفاع میں ان کا ہاتھ جھٹکا، جس کے بعد شمائلہ نے وہاں پڑی کتاب اٹھا کر ان پر پھینکی جو ان کے چہرے پر لگی۔ جواد تارڑ کا کہنا تھا کہ ان کے والدین حال ہی میں انتقال کر چکے ہیں اور ان کی توہین برداشت نہ ہو سکی، جس پر وہ جذبات میں آ گئے اور انہوں نے بھی ردعمل دیا، جس پر انہیں افسوس اور شرمندگی ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ ان کا مسلم لیگ (ن)، پی ٹی آئی یا کسی اور سیاسی جماعت سے کوئی تعلق نہیں، بلکہ وہ بار الیکشن میں اسی امیدوار کے حامی ہیں جس کی حمایت شمائلہ کر رہی تھیں۔ ان کے مطابق خاتون وکیل سیاسی اور خواتین کے حوالے سے ہمدردی حاصل کرنے کی کوشش کر رہی ہیں۔
جواد حسن تارڑ کا کہنا تھا کہ وقفے وقفے سے سامنے آنے والی ویڈیوز سے واضح ہو جائے گا کہ گالی اور ہاتھ پہلے کس نے اٹھایا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اگر خاتون وکیل اپنے رویے پر معافی مانگتی ہیں تو وہ بھی معافی مانگنے کو تیار ہیں، تاہم ان کے بقول پہل چونکہ دوسری جانب سے ہوئی اس لیے معافی بھی پہلے انہیں مانگنی چاہیے۔
ادھر نو منتخب سیکرٹری قاسم اعجاز سمرا نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے کہا ہے کہ جھگڑے میں ملوث تمام وکلا کی رکنیت منسوخ کی جا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آ چکی ہیں اور تحقیقات کے بعد ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی، خواہ ان کا تعلق کسی بھی گروپ سے کیوں نہ ہو۔
انہوں نے مزید بتایا کہ انتخابات سے متعلق تنازع پر قائم کمیٹی اپنا کام کر رہی ہے اور سرور کا فرانزک بھی کروایا جا رہا ہے۔ ان کے مطابق تحقیقات مکمل ہونے کے بعد تمام حقائق عوام کے سامنے لائے جائیں گے اور ضابطے کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔