06 مارچ 2026
رپورٹ: اسلام گل
لنڈی کوتل — صبح کا دھندلکا ابھی چھٹا نہیں تھا کہ حاجی فیض محمد اپنے گھر والوں اور گاؤں کے دوسرے لوگوں کے لیے پانی کا بندوبست کرنے میں مصروف ہو گئے۔ وہ باچا مینہ گاؤں کے رہنے والے ہیں، جو پاک افغان سرحد کا آخری گاؤں ہے۔ لیکن اب باچا مینہ میں سکون نہیں — فائرنگ اور گولہ باری کی وجہ سے سینکڑوں خاندان نقل مکانی پر مجبور ہو چکے ہیں اور ان میں سے سو کے قریب خاندان برطانوی دور کی تعمیر کردہ ریلوے ٹنل کو اپنا عارضی گھر بنائے ہوئے ہیں۔
۲۶ فروری سے افغان طالبان کی جانب سے پاکستانی علاقوں پر فائرنگ کا سلسلہ شروع ہوا جس کے جواب میں پاکستانی فورسز نے بھی افغان علاقوں کو نشانہ بنایا۔ یہ کشیدگی تاحال جاری ہے، اور لنڈی کوتل سے چترال تک سرحدی پٹی پر بسنے والے ہزاروں شہری اس کی زد میں آ چکے ہیں۔
ٹنل میں ڈیڑھ ہزار افراد، پانی تک نایاب
حاجی فیض محمد کے مطابق اس وقت ریلوے ٹنل میں پندرہ سو کے قریب افراد رہائش پذیر ہیں، اور ان کے لیے سب سے بڑا مسئلہ پینے کے پانی کا ہے۔
“ٹنل میں پندرہ سو کے قریب لوگ ہیں، پانی کا بہت مسئلہ ہے۔ مقامی تنظیم نوجوانان اور عوامی نیشنل پارٹی کی طرف سے افطاری میں چاول فراہم کیے جاتے ہیں، لیکن باقی کھانے کا انتظام ہر خاندان کو خود کرنا پڑتا ہے۔”
انہوں نے بتایا کہ جب کچھ دیر کے لیے فائرنگ رک جاتی ہے تو لوگ اپنے گھروں کی طرف نکل پڑتے ہیں، لیکن جیسے ہی دوبارہ فائرنگ شروع ہوتی ہے، خواتین اور بچے بھاگ کر ٹنل میں پناہ لیتے ہیں۔
“خوف اتنا زیادہ ہے کہ اگر بچوں کے اوپر دس چادریں بھی ڈال دیں، تب بھی انہیں فائرنگ کی آواز سنائی دیتی ہے۔”
محفوظ پناہ، مگر بنیادی سہولتوں سے محروم
یہ ٹنل انگریز دور میں ریلوے ٹریک کے لیے تعمیر کی گئی تھیں۔ مقامی آبادی کے لیے یہ سرحدی کشیدگی کے وقت سے ایک روایتی پناہ گاہ رہی ہیں۔ ٹنل کے اندر قدرے سکون ہے، لیکن خواتین کے لیے بنیادی سہولتیں نہ ہونے کے برابر ہیں۔
شاہ ولی بھی اپنے خاندان کے ساتھ ٹنل میں مقیم ہیں۔ انہوں نے صوبائی حکومت سے مدد کی فریاد کی۔
“باہر کے مقابلے میں یہاں لوگ خود کو قدرے محفوظ سمجھتے ہیں، لیکن یہاں بنیادی سہولت کا نام و نشان تک نہیں۔ وزیرِاعلیٰ خیبر کو چاہیے کہ وہ اپنی ٹیم یہاں بھیجیں اور
“ہمارے مسائل جان کر انہیں حل کریں”
شاہ ولی نے مزید بتایا کہ پچھلے ڈیڑھ مہینے سے سرحد کی بندش کے باعث ہزاروں مقامی نوجوان بے روزگار ہو چکے ہیں، اور نقل مکانی نے مسائل میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔”جن رشتہ داروں کے پاس ہم عارضی طور پر گئے ہیں، ان پر بھی بوجھ بڑھ رہا ہے۔ ہمیں امید ہے کہ پاکستان اور افغان طالبان فوری طور پر فائربندی کر کے عوام کی تکلیف کم کریں گے۔”
گھر قریب، پھر بھی ٹنل میں
حاجی عدیل کا گھر ٹنل سے چند قدم کے فاصلے پر ہے، لیکن گولہ باری کے خطرے کے پیشِ نظر وہ اپنے پورے خاندان کے ساتھ ٹنل میں مقیم ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ باچا مینہ اور اول خان دو آخری سرحدی گاؤں ہیں جن کی مجموعی آبادی دس ہزار کے قریب ہے۔
“ہر بار جب پاک افغان کشیدگی ہوتی ہے، ہم اپنا علاقہ چھوڑنے پر مجبور ہو جاتے ہیں۔ کچھ لوگ ٹنل میں آ جاتے ہیں، کچھ دوسرے علاقوں میں رشتہ داروں کے پاس چلے جاتے ہیں۔”
دن میں رونق، شام کو خوف کا سایہ
دن کے وقت ٹنل میں لوگوں کی تعداد کم ہو جاتی ہے۔ مرد محنت مزدوری کے لیے نکلتے ہیں اور خواتین گھروں میں مویشیوں کی دیکھ بھال کے لیے جاتی ہیں، تاہم شام ڈھلتے ہی اور فائرنگ شروع ہونے پر لوگ دوبارہ ٹنل میں جمع ہو جاتے ہیں۔
آج لنڈی کوتل بازار تجارتی سرگرمیوں کے لیے کھولا گیا تھا اور دن بھر فائرنگ کی کوئی آواز نہیں آئی۔ مچنی پوسٹ اور لنڈی کوتل بازار کے قریب افغان مہاجرین اور تجارتی سامان سے لدے ٹرک پاک افغان شاہراہ پر کھڑے نظر آ رہے تھے۔
تعلیمی سرگرمیاں معطل، قبائلی اضلاع متاثر
پاک افغان کشیدگی کے پیشِ نظر سرحد سے ملحق قبائلی اضلاع باجوڑ، مہمند، خیبر، کرم اور شمالی وزیرستان میں تمام سرکاری اور نجی اسکول تاحکمِ ثانی بند کر دیے گئے ہیں، جس سے بچوں کی تعلیم بھی متاثر ہوئی ہے۔
چترال میں بھی پانچ سو خاندان بے گھر
پاک افغان سرحد پر کشیدگی کا دائرہ چترال تک پھیل چکا ہے۔ ارندو اور اس سے ملحقہ دیہات کے رہائشیوں کو بھی اپنے گھر چھوڑنے پر مجبور ہونا پڑا۔ اب تک پانچ سو خاندان علاقہ چھوڑ کر کیمپوں میں منتقل ہو چکے ہیں۔
ضلعی انتظامیہ لوئر چترال نے دروش کے مقام پر کیمپ قائم کیے ہیں جہاں متاثرین کو منتقل کیا گیا ہے۔ مقامی ذرائع کے مطابق گزشتہ روز سرحد پار سے فائرنگ کے نتیجے میں سات افراد زخمی ہوئے جبکہ دو گھر جل کر خاکستر ہو گئے۔
دروش میں ایک کالج کے دو ہال عارضی طور پر بے گھر خاندانوں کے لیے مختص کیے گئے ہیں، تاہم وہاں مرد اور خواتین کو ایک ہی جگہ قیام کرنا پڑ رہا ہے۔ متاثرین کو خوراک، طبی امداد اور مرد و خواتین کے لیے علیحدہ رہائش کی فوری ضرورت ہے، مگر حکومتی سطح پر ابھی تک کوئی مربوط اقدام سامنے نہیں آیا۔
حکومتی غفلت، عوام کی فریاد
پاک افغان کشیدگی کے نتیجے میں بے گھر ہونے والے خاندانوں کے کھانے، پینے اور رہائش کے لیے حکومتی سطح پر کوئی باقاعدہ انتظام موجود نہیں۔ جو تھوڑی بہت مدد مل رہی ہے وہ مقامی سماجی کارکنوں اور سیاسی جماعتوں کی طرف سے ہے، جبکہ بے گھر خاندان آج بھی خوف اور بے یقینی کے سائے میں زندگی گزار رہے ہیں اور حکومت کی توجہ کے منتظر ہیں۔