11 مارچ 2026

رپورٹ: حفیظ اللہ ستوری شیرانی


بلوچستان اور سابق فاٹا کے طلبہ کے لیے مختص میڈیکل کوٹہ 333 نشستوں سے کم کر کے 121 کر دیا گیا ہے جس پر طلبہ اور سیاسی جماعتوں نے شدید ردعمل دیتے ہوئے احتجاج کا عندیہ دے دیا ہے۔

نشستوں میں اس نمایاں کمی کے باعث خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ بلوچستان اور سابق فاٹا کے متعدد طلبہ میڈیکل تعلیم حاصل کرنے کے مواقع سے محروم ہو سکتے ہیں۔

ہائر ایجوکیشن کمیشن پاکستان نے تعلیمی سال 2025 تا 2026 کے لیے ان علاقوں کے لیے مختص 333 ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس نشستوں کو کم کر کے صرف 121 کر دیا ہے۔

اس فیصلے کے خلاف سابق فاٹا اور بلوچستان کے طلبہ نے اسلام آباد میں پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل کے دفتر کے باہر احتجاج کیا۔

دوسری جانب کوئٹہ میں بھی طلبہ نے بینرز اٹھا کر پریس کلب کے سامنے احتجاج ریکارڈ کرایا اور کوٹے کی مکمل بحالی کا مطالبہ کیا۔

احتجاجی طلبہ کا کہنا ہے کہ سیٹوں میں کمی ان کے تعلیمی مستقبل کے لیے ایک بڑا دھچکا ہے اور حکومت کو فوری طور پر اس فیصلے پر نظرثانی کرنی چاہیے۔

بلوچستان کے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں 5 مارچ 2026 کو طلبہ نمائندوں نے مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے میڈیکل کوٹے میں کمی، غیر شفاف الاٹمنٹ اور حکومتی وعدوں کی عدم تکمیل پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر نصراللہ نے کہا

”آج میں اپنے شاگردوں کے ساتھ یہاں اس لیے موجود ہوں کیونکہ ان کے ساتھ ناانصافی ہوئی ہے۔ 2018 کے وعدوں کے برعکس سیٹوں میں اضافہ تو دور، واضح کمی کر دی گئی ہے۔“

پریس کانفرنس میں شریک طلبہ نمائندوں نے مطالبہ کیا کہ تمام 333 ریزرو نشستیں فوری طور پر بحال کی جائیں، میرٹ اور شفافیت کو یقینی بنایا جائے اور الاٹمنٹ کا مکمل ریکارڈ عوام کے سامنے پیش کیا جائے۔ طلبہ نے مزید کہا کہ پسماندہ علاقوں کے طلبہ کو خصوصی سہولیات فراہم کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے۔

انہوں نے زور دیا کہ یہ مسئلہ صرف نشستوں کی تعداد کا نہیں بلکہ اعتماد، انصاف اور ریاستی وعدوں کی پاسداری کا بھی ہے۔

6 مارچ 2026 کو نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں بھی طلبہ نے پریس کانفرنس کی جہاں انہوں نے کہا

“ہمارا مستقبل خطرے میں ڈال دیا گیا ہے۔ حکومت فوری طور پر مکمل 333 سیٹیں بحال کرے، الاٹمنٹ کے عمل میں شفافیت یقینی بنائے اور اگر مطالبات پورے نہ ہوئے تو ہم قانونی کارروائی اور احتجاج کا راستہ اختیار کریں گے۔”

میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ سال خیبر میڈیکل یونیورسٹی نے 149 سیٹیں، پنجاب کی یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز نے 76 سیٹیں، سندھ کے اداروں نے 68 سیٹیں جبکہ بلوچستان نے 24 سیٹیں الاٹ کی تھیں۔ کشمیر میڈیکل کالج نے بھی 8 نشستیں فراہم کی تھیں۔

یہ تمام نشستیں 2018 کی ایچ ای سی پالیسی کے تحت بلوچستان اور سابق فاٹا کے طلبہ کے لیے مختص کی گئی تھیں جن کا مقصد پسماندہ علاقوں کے طلبہ کو میڈیکل تعلیم تک بہتر رسائی فراہم کرنا تھا۔

تاہم اس سال ایچ ای سی اور پی ایم ڈی سی کی نئی پالیسی کے تحت کوٹہ کم کر کے 121 کر دیا گیا ہے جس میں خیبر میڈیکل یونیورسٹی کی جانب سے 113 جبکہ کشمیر میڈیکل کالج کی جانب سے 8 نشستیں شامل ہیں۔ پنجاب، سندھ اور بلوچستان کے اداروں کی طرف سے اس سال کوئی نشست الاٹ نہیں کی گئی۔

احتجاجی طلبہ کا کہنا ہے کہ یہ کمی 2018 کی پالیسی کی خلاف ورزی ہے اور سابق فاٹا میں میڈیکل کالج نہ ہونے کی وجہ سے یہ ریزرو نشستیں ان کے لیے ڈاکٹر بننے کا تقریباً واحد ذریعہ ہیں۔ ان کے مطابق اس فیصلے کے نتیجے میں 211 نشستیں کم ہو گئی ہیں جس سے سینکڑوں طلبہ کا مستقبل متاثر ہو سکتا ہے۔

گورنر بلوچستان شیخ جعفر خان مندوخیل نے بھی 8 مارچ کو اپنے بیان میں کہا کہ بلوچستان اور سابق فاٹا کے طلبہ کے لیے مختص میڈیکل سیٹوں کو کم کرنے کے بجائے بڑھانے کی ضرورت ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بڑھتی ہوئی آبادی کے پیش نظر ان علاقوں کے طلبہ کے لیے تعلیمی مواقع میں اضافہ ہونا چاہیے، جبکہ پہلے سے مختص نشستوں میں کمی تعلیم کے حصول کی راہ میں بڑی رکاوٹ بن سکتی ہے۔ انہوں نے ہائر ایجوکیشن کمیشن سے مطالبہ کیا کہ تمام سیٹوں کی دوبارہ بحالی کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ سال مئی 2025 میں وفاقی حکومت نے بلوچستان اور سابق فاٹا کے طلبہ کے لیے 333 اضافی میڈیکل اور ڈینٹل نشستوں کا اعلان کیا تھا۔ اس فیصلے کا مقصد پسماندہ علاقوں میں تعلیمی محرومی کو کم کرنا اور قومی یکجہتی کو فروغ دینا تھا۔

اعلان کے مطابق یہ نشستیں ہائر ایجوکیشن کمیشن کے ذریعے ملک کی مختلف میڈیکل یونیورسٹیوں اور کالجوں میں الاٹ کی جانی تھیں تاکہ ان علاقوں کے طلبہ کو ڈاکٹر بننے کے مواقع فراہم کیے جا سکیں۔

اس معاملے پر ہائر ایجوکیشن کمیشن کے نمائندگان سے مؤقف لینے کی کوشش کی گئی تاہم فوری طور پر کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آ سکا۔

تاہم ایچ ای سی نے اپنے سوشل میڈیا پیجز پر کہا ہے کہ بلوچستان کے پسماندہ ساحلی علاقوں گوادر، لسبیلہ حب، کیچ، تربت اور آواران میں اعلیٰ تعلیم تک رسائی کے فرق کو کم کرنے کے لیے مختلف اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

ایچ ای سی کے مطابق “جنوبی بلوچستان ڈویلپمنٹ پیکیج” کے تحت “کوسٹل ریجن ہائر ایجوکیشن اسکالرشپس پروگرام” شروع کیا گیا ہے جس کے تحت اب تک تین بیچز میں 98 اسکالرشپس دی جا چکی ہیں جبکہ تازہ سائیکل میں 808 درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔

ایچ ای سی کے مطابق یہ پروگرام ٹیوشن فیس، ہاسٹل، سفری اخراجات، کتابیں اور ماہانہ وظیفہ فراہم کرتا ہے تاکہ مالی مشکلات طلبہ کی تعلیم میں رکاوٹ نہ بن سکیں۔

دوسری جانب پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی (پی کے این اے پی) نے کوئٹہ سے جاری پریس ریلیز میں اس فیصلے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے امتیازی سلوک قرار دیا ہے۔

پارٹی کے صوبائی سیکریٹریٹ نے کہا کہ یہ اقدام پسماندہ علاقوں کے طلبہ کے تعلیمی مستقبل کو خطرے میں ڈال رہا ہے۔ پارٹی نے وفاقی حکومت کو خبردار کیا کہ اگر سیٹیں فوری طور پر بحال نہ کی گئیں اور سابقہ وعدے کے مطابق انہیں بڑھا کر 666 تک نہ کیا گیا تو جمہوری احتجاج اور عوامی مظاہرے شروع کیے جائیں گے۔

پی کے این اے پی کے چیئرمین اور رکن قومی اسمبلی خوشحال خان کاکڑ نے بھی متاثرہ طلبہ کے ایک وفد سے ملاقات کی اور یقین دہانی کرائی کہ وہ اس معاملے کو قومی اسمبلی میں اٹھائیں گے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here