17 مارچ 2026

رپورٹ : اعتزاز ابراہیم


پنجاب کے ضلع سرگودھا کے نواحی علاقے بھاگٹانوالہ میں محمد یسین نامی ملزم نے مبینہ طور پر کلہاڑی کے وار کر کے اپنی بیوی اور پانچ بچوں کو قتل کر دیا۔ پولیس کے مطابق ملزم نے بعد ازاں خود کو بھی زخمی کر لیا تاہم اسے زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں اس کی حالت خطرے سے باہر ہے اور وہ اس وقت پولیس کی حراست میں ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزم نے ابتدائی تفتیش کے دوران اپنے جرم کا اعتراف کر لیا ہے جبکہ واقعے کا مقدمہ مقتولہ کے بھائی کی مدعیت میں درج کر لیا گیا ہے۔

پولیس کو دیے گئے بیان میں ملزم نے دعویٰ کیا کہ اسے اپنی بیوی اور بیٹی کے کردار پر شک تھا جس کی بنیاد پر اس نے یہ اقدام کیا ۔

واقعے کی ایف آئی آر مقتولہ فرخندہ کے بھائی کی مدعیت میں درج کی گئی ہے۔ ایف آئی آر کے متن کے مطابق مدعی نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ اس کی بہن فرخندہ کی شادی تقریباً اٹھارہ سال قبل محمد یسین سے ہوئی تھی۔ اس شادی سے ان کے پانچ بچے تھے جن میں ایک بیٹی نور فاطمہ شامل تھی جس کی عمر سولہ سال تھی جبکہ چار بیٹے علی حسن، طیب، حسنین اور عبدالحادی تھے۔ ایف آئی آر کے مطابق علی حسن کی عمر بارہ سال، طیب کی عمر دس سال، حسنین کی عمر چھ سال جبکہ عبدالحادی چار ماہ کا شیرخوار بچہ تھا۔

مدعی نے ایف آئی آر میں بتایا کہ وہ پندرہ مارچ کو اپنی بہن کو عیدی دینے کے لیے اس کے گھر گیا تھا۔ اس کے مطابق جب وہ رات کے وقت گھر پہنچا تو دروازہ اندر سے بند تھا اور گھر کے اندر سے چیخ و پکار کی آوازیں آ رہی تھیں۔ اس نے دروازہ کھٹکھٹایا لیکن دروازہ نہیں کھولا گیا جس پر وہ دیوار پھلانگ کر گھر کے اندر داخل ہوا۔

مدعی کے بیان کے مطابق جب وہ گھر کے اندر پہنچا تو اس نے دیکھا کہ ملزم محمد یسین ہاتھ میں کلہاڑی لیے اپنے بیوی بچوں پر وار کر رہا تھا اور گھر میں ہر طرف خون پھیلا ہوا تھا۔ مدعی کے مطابق اسے دیکھ کر ملزم نے خود کو بھی کلہاڑی سے زخمی کیا اور نیچے گر گیا۔

واقعے کے تفتیشی افسر محمد اقبال نے وائس پی کے سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ اپنے ہی خاندان کے چھ افراد کو قتل کرنے والے ملزم محمد یسین نے پولیس کے سامنے اعتراف جرم کر لیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملزم نے ’غیرت ‘کے نام پر اپنی بیوی، بیٹی اور چار بیٹوں کو بے دردی سے قتل کیا۔ انہوں نے بتایا کہ وقوعہ کے بعد ملزم نے خودکشی کی کوشش کرتے ہوئے خود کو بھی زخمی کر لیا تھا جس کے بعد اسے زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں اس کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

تفتیشی افسر کے مطابق ملزم کے اعتراف جرم کی تائید اس شخص نے بھی کی ہے جس نے پولیس کو کال کی تھی۔ پولیس کے مطابق راشد نامی شخص کو ملزم محمد یسین نے وقوعہ کے بعد فون کر کے بتایا تھا کہ اس نے اپنے گھر والوں کو قتل کر دیا ہے اور اب وہ خودکشی کرنے والا ہے۔

پولیس کے مطابق اطلاع ملنے پر کال کرنے والے شخص راشد اور ملزم کے بھائی سرفراز دیوار پھلانگ کر گھر میں داخل ہوئے۔ پولیس حکام کے مطابق جب وہ گھر کے اندر داخل ہوئے تو گھر کے برآمدے میں ملزم محمد یسین زخمی حالت میں پڑا ہوا تھا جبکہ اس کی بیوی اور بچوں کی لاشیں کمرے کے اندر موجود تھیں۔

پولیس نے جائے وقوعہ سے آلہ قتل بھی برآمد کر لیا ہے۔ تفتیشی افسر کے مطابق جائے وقوعہ سے کلہاڑی، چاقو اور ہتھوڑا برآمد کیا گیا ہے جنہیں تحویل میں لے کر مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزم کو شبہ تھا کہ اس کی بیوی اور بیٹی کے محلے کے ایک شخص غلام مصطفیٰ کے ساتھ ناجائز تعلقات تھے۔ پولیس کے مطابق اسی شک کی بنیاد پر ملزم نے مبینہ طور پر اپنی بیوی، بیٹی اور چار کمسن بیٹوں کو قتل کیا۔

پولیس نے اس حوالے سے غلام مصطفیٰ نامی شخص کو بھی حراست میں لے لیا ہے اور اس سے تفتیش جاری ہے۔

دوسری جانب چیئرپرسن پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی حنا پرویز بٹ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اس واقعے کی تفصیلات شیئر کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر اس واقعے کا سختی سے نوٹس لیا گیا ہے۔ انہوں نے لکھا کہ ڈی پی او سرگودھا سے اس واقعے کی رپورٹ طلب کر لی گئی ہے۔

حنا پرویز بٹ نے اپنی پوسٹ میں مزید لکھا کہ ’’اس درندے کو کسی صورت رعایت نہیں دی جائے گی۔‘‘

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here