25 مارچ 2026
رپورٹ : اعتزاز ابراہیم
ضلع اوکاڑہ کی تحصیل دیپالپور کے علاقے حکومت گڑھ میں عید کے دوسرے روز تین افراد نے مبینہ طور پر پندرہ سالہ ذہنی معذور بچے کو اسلحہ کے زور پر اغوا کے بعد اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا۔ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے تینوں ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
واقعہ کی ایف آئی آر متاثرہ بچے کے ماموں کی مدعیت میں تھانہ حویلی لکھا میں درج کی گئی ۔ایف آئی آر میں گینگ رپپ کی دفعہ لگائی گئی ہے۔
ایف آئی آر میں متاثرہ بچے کے ماموں نے بتایا کہ 22 مارچ کو رات کے وقت ملزمان شہزاد، ریحان اور علی نے ان کے بھانجے کو جو پندرہ سال کا ہے اور ذہنی طور پر معذور ہے، گھر کے باہر سے اسلحہ کے زور پر اغوا کرلیا۔ اس کے بعد ملزمان اسے اپنے گھر لے گئے جہاں پر ملزمان نے مبینہ طور پر اسلحہ کی نوک پر جنسی زیادتی کی اور ویڈیو بنائی ۔
اہف آئی آر میں والدہ نے بتایا کہ جب وہ اپنے بیٹے کی تلاش کرتی ہوئی ملزمان کے گھر پہنچی تو ملزمان موقع سے فرار ہوگئے۔
مدعی کے وکیل سردار سمیع اللہ نے وائس پی کے سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ تینوں ملزمان شہزاد، ریحان اور علی کو پولیس نے گرفتار کرلیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کردیا گیا ہے اور مقدمے کی مزید تفتیش جاری ہے۔
اسی طرح کا واقعہ 22 مارچ کو ہی ضلع چنیوٹ میں بھی پیش آیا جہاں ذہنی معذور لڑکی کے ساتھ مبینہ زیادتی کی گئی،ایف آئی آر کے مطابق مدعی شمیم بی بی نے بتایا کہ ان کے شوہر کا انتقال پندرہ سال قبل ہوگیا تھا اور وہ اپنی دو بیٹیوں اور ایک بیٹے کے ساتھ چک نمبر 143 جے بی، جھوک کلرا میں رہائش پذیر ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ انہوں نے اپنے گھر میں بجلی کی تاروں کی مرمت کے لیے پڑوسی گاؤں چک نمبر 142 میں رہائش پذیر ایک الیکٹریشن کو بلایا تھا۔
مدعی کے مطابق مذکورہ الیکٹریشن 22 مارچ بروز اتوار کو ان کے گھر آیا تھا جب ان کی ذہنی طور پر معذور بائیس سالہ بیٹی اکیلے گھر میں موجود تھی۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ ملزم نے ان کی بیٹی کو اکیلے پا کر مبینہ طور پر زیادتی کا نشانہ بنایا۔
مدعی نے بتایا کہ ان کی بیٹی کی چیخیں سن کر کچھ رشتہ دار ان کے گھر پہنچے اور ملزم کو موقع پر موجود دیکھا جس پر ملزم فرار ہوگیا۔ پولیس نے مدعی کی شکایت پر ملزم کے خلاف پاکستان پینل کوڈ کی دفعہ 376 کے تحت مقدمہ درج کیا اور بعد ازاں اسے گرفتار کرلیا۔
کم عمر بچوں کے ساتھ بڑھتے ہوئے جنسی واقعات :
سال 2025 کے پہلے نصف سال کے دوران پاکستان میں بچوں کے خلاف جنسی استحصال اور بدسلوکی کے واقعات میں تشویشناک اضافہ سامنے آیا ہے۔ غیر سرکاری تنظیم ساحل کی رپورٹ کے مطابق جنوری تا جون 2025 کے دوران ملک بھر میں 1,956 بچوں کے خلاف تشدد کے کیسز رپورٹ ہوئے، جن میں سے 950 واقعات جنسی زیادتی و استحصال کے تھے، جبکہ 605 اغوا اور 192 لاپتا بچوں کے مقدمات رپورٹ ہوئے۔ اس عرصے میں 34 کم عمر بچوں کی شادی یا ونی کے واقعات بھی درج کیے گئے اور 62 نومولود بچوں کو یا تو زندہ چھوڑا گیا یا مردہ پایا گیا۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ متاثرہ بچوں میں 52 فیصد لڑکیاں، 44 فیصد لڑکے اور باقی نومولود بچّے تھے، اور 11 تا 15 سال کی عمر کے بچوں میں سب سے زیادہ واقعات سامنے آئے۔
ساحل کی رپورٹ میں مزید نشاندہی کی گئی ہے کہ اکثر کیسز میں مجرم متاثرہ بچوں کے جاننے والے تھے اور 72 فیصد کیسز پنجاب سے رپورٹ ہوئے، جب کہ 22 فیصد سندھ سے اور باقی 6 فیصد دیگر علاقوں سے آئے۔ رپورٹ کے مطابق 83 فیصد متاثرین یا ان کے اہل خانہ نے پولیس سے رابطہ کیا، تاہم کچھ کیسز رجسٹر نہ ہوئے یا پولیس نے رپورٹ درج کرنے سے انکار کیا گیا۔