26 مارچ 2026
رپورٹ: اسلام گل
پشاور: پاکستان اور افغان طالبان کے درمیان گزشتہ پانچ مہینوں سے جاری کشیدگی نے پانچ سرحدی گزرگاہوں کو تجارت اور عام لوگوں کی آمدورفت کے لیے بند کر دیا ہے، جبکہ ایک ماہ سے زائد عرصے سے جنگی صورتحال برقرار ہے۔ یہ کئی دہائیوں میں اسلام آباد اور کابل کے درمیان طویل ترین کشیدگی ہے، جس کے باعث سرحد کے دونوں جانب مقامی آبادی شدید مشکلات سے دوچار ہے۔
ماضی میں اس نوعیت کی کشیدگی کو کم کرنے کے لیے سرحد کے دونوں جانب مقامی عمائدین، سماجی کارکن، تاجر رہنما اور سیاسی قیادت نے روایتی جرگوں کے ذریعے مؤثر کردار ادا کیا تھا۔ تاہم موجودہ صورتحال یکسر مختلف ہے اور یہ روایتی طریقہ کار تاحال غیر فعال ہے۔
لنڈی کوتل سے عوامی نیشنل پارٹی کے مقامی رہنما ستارخان شینواری نے اس صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ “ماضی میں پاکستان اور افغانستان کے درمیان کشیدگی کم کرنے کے لیے سرحد کے دونوں جانب مقامی قیادت نے جرگوں کے ذریعے انتہائی اہم کردار ادا کیا ہے، تاہم پچھلے کئی سالوں سے امن کے قیام کے لیے ان لوگوں کو موقع فراہم نہیں کیا جا رہا، جس کے سبب نہ صرف تشدد میں اضافہ ہو رہا ہے بلکہ تعلقات بھی پیچیدہ ہوتے جا رہے ہیں۔” انہوں نے مزید بتایا کہ طورخم سرحدی گزرگاہ کی پانچ مہینوں سے بندش کے باعث تحصیل لنڈی کوتل کے نوے فیصد لوگوں کا ذریعہ معاش متاثر ہو چکا ہے۔
کشیدگی کا پس منظر
پاکستان اور افغان طالبان کے درمیان تعلقات گزشتہ برس اکتوبر سے کشیدہ ہونا شروع ہوئے، جب پانچ سرحدی گزرگاہیں تجارت اور آمدورفت کے لیے مکمل طور پر بند کر دی گئیں۔ صورتحال اس وقت مزید سنگین ہو گئی جب بائیس فروری کو پاکستان کی جانب سے افغانستان کے مختلف علاقوں میں تحریک طالبان پاکستان کے مشتبہ ٹھکانوں پر فضائی کارروائی کی گئی۔ اس کے ردعمل میں افغان طالبان نے چھبیس فروری کو پاکستانی علاقوں پر بھاری اسلحے سے حملے کیے، جس کے نتیجے میں ضلع خیبر اور چترال کے علاقے آرندو کے مقامی باشندے گھر بار چھوڑ کر محفوظ مقامات کی طرف نقل مکانی پر مجبور ہو گئے۔
بے گھر ہونے والے خاندانوں کی تکالیف
سرحد کے قریب واقع باچامینہ گاؤں کے رہائشی اور پاکستان تحریک انصاف کے کارکن صدام حسین نے بتایا کہ “باچامینہ، پسیدخیل، اول خان کلی اور چاربارغ کے علاقے سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں۔ باچامینہ سے بیس ہزار اور پسیدخیل سے پچیس ہزار افراد بے گھر ہو چکے ہیں۔” انہوں نے صوبائی حکومت کی غیر فعالیت پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ “صوبائی حکومت نے متاثرہ لوگوں کے مسائل کم کرنے کے لیے ابھی تک کچھ نہیں کیا۔”
طورخم سرحد کے قریب واقع ایک سو سالہ پرانی ریلوے سرنگ میں ڈھائی سو سے زائد افراد، جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں، پناہ لینے پر مجبور ہیں۔ چترال کے علاقے آرندو میں بھی پانچ کے قریب خاندان بے گھر ہو چکے ہیں۔ علاوہ ازیں باجوڑ، مہمند، خیبر، کرم اور شمالی وزیرستان میں تعلیمی ادارے تاحکم ثانی بند کر دیے گئے ہیں۔
عارضی فائربندی، مستقل حل کا انتظار
متاثرہ علاقے کی مقامی حکومت کے سابق نمائندے رحمان اللہ نے صورتحال کی سنگینی بیان کرتے ہوئے کہا کہ “فائربندی کی مدت ختم ہونے سے مقامی لوگوں میں خوف کی کیفیت پائی جاتی ہے۔ دونوں فریقوں کو مسائل کے حل کے لیے بات چیت کی ضرورت ہے کیونکہ جنگ سے مسائل حل نہیں ہوں گے بلکہ مزید بڑھیں گے۔”
اسلامی ممالک کی درخواست پر عیدالفطر کے احترام میں اسلام آباد اور کابل کے درمیان تئیس مارچ تک فائربندی قائم رہی۔ تاہم مستقل امن کے قیام کے لیے کسی ٹھوس پیش رفت کا ابھی تک کوئی اشارہ نہیں ملا ہے۔ دوسری جانب پاکستان کے وزیر خارجہ اور نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے اپنے ویڈیو پیغام میں واضح کیا ہے کہ پاکستان چاہتا ہے کہ کابل انتظامیہ اپنی سرزمین پر مسلح گروہوں کے ٹھکانے ختم کرنے کے لیے عملی اقدامات کرے۔
مقامی قیادت کا کردار: ایک قابلِ عمل حل
ستارخان شینواری نے بتایا کہ علاقے کی سیاسی اور سماجی قیادت دو پرامن احتجاجی مظاہرے کر چکی ہے، جن کا بنیادی مقصد مسائل کو جنگ کے بجائے مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کا مطالبہ کرنا تھا۔ انہوں نے زور دیا کہ “سرحد کے دونوں جانب مقامی قیادت کو مسائل کے حل کی ذمہ داری سونپی جانی چاہیے اور امید ہے کہ ماضی کی طرح اس کے بہتر نتائج سامنے آئیں گے۔”
سیاسی تجزیہ کاروں اور مقامی رہنماؤں کی رائے میں اس بحران کا دیرپا حل صرف اسی صورت ممکن ہے جب دونوں ممالک کے درمیان باضابطہ مذاکرات کے ساتھ ساتھ روایتی جرگہ نظام کو بھی فعال کیا جائے۔ ماضی کے تجربات گواہ ہیں کہ مقامی قیادت کی شمولیت سے نہ صرف کشیدگی میں کمی آئی بلکہ دیرپا امن کی راہ بھی ہموار ہوئی۔