30 مارچ 2026
تحریر : عصمت اللہ نیازی
پاکستان گزشتہ کئی سالوں سے مختلف عالمی درجہ بندیوں میں ہمیشہ غیر معمولی جگہ پاتا ہے؛ چاہے وہ جمہوریت کی عالمی درجہ بندی ہو، پریس کی آزادی اور اظہارِ رائے کا معاملہ ہو، خطِ غربت سے نیچے زندگی گزارنے والے افراد کی تعداد ہو یا انسانی حقوق کی پامالی, ہمارا نام اکثر ایسی جگہ پایا جاتا ہے کہ کبھی سر فخر سے بلند نہیں ہو پاتا۔
اس بار پاکستان “گلوبل ٹیررزم انڈیکس 2026” میں ان ممالک کی فہرست میں پہلے نمبر پر پایا گیا ہے جو دہشت گردی کا بدترین شکار ہیں، یہاں تک کہ اس نے مغربی افریقہ کے ایک چھوٹے سے ملک برکینا فاسو کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ سوا دو کروڑ سے کچھ زائد آبادی والا یہ ملک دوسرے نمبر پر رہا، جہاں 2015 میں پڑوسی ملک مالی کی شورش سرحد پار کر کے پہنچی اور القاعدہ و داعش نے وہاں قدم جما لیے۔ برکینا فاسو کے شمالی اور مشرقی حصوں میں سکیورٹی فورسز کی کمی اور وسائل کے فقدان کی وجہ سے حکومت کا کنٹرول ختم ہو گیا، جس کا فائدہ مسلح گروہوں نے اٹھایا۔
اگر پاکستان کا جائزہ لیں تو بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں تقریباً دو دہائیوں سے دہشت گردی جاری ہے اور دونوں صوبوں میں کئی بڑے آپریشنز ہو چکے ہیں۔ خیبر پختونخوا میں تو سرحدوں پر خاردار تاریں بھی لگائی جا چکی ہیں۔ دونوں صوبوں میں نہ صرف فوج کی بھرپور موجودگی ہے بلکہ ایف سی اور رینجرز بھی بڑی تعداد میں تعینات ہیں، جن کی کمانڈ ہمیشہ فوج کے بہترین افسر کرتے ہیں۔ تو پھر کیا وجہ ہے کہ صرف ایک سال میں پاکستان میں دہشت گردی میں نہ صرف بدترین اضافہ ہوا بلکہ سکیورٹی فورسز کے ساتھ ساتھ عام شہریوں کی جانیں بھی گئیں؟
دہشت گردی کے عالمی انڈیکس 2026 کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ ایک سال کے دوران دہشت گردانہ حملوں میں ہلاکتوں کی تعداد تقریباً چھ فیصد اضافے کے ساتھ 1,139 تک پہنچ گئی۔ یہ مسلسل چھٹا سال ہے جس میں پاکستان میں دہشت گردی سے ہونے والی ہلاکتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ تاہم، دہشت گرد حملوں کی کل تعداد میں معمولی کمی دیکھی گئی، جو 2024 میں 1,098 سے کم ہو کر 2025 میں 1,045 رہ گئی۔ قابلِ ذکر بات یہ ہے کہ یرغمال بنائے جانے والے افراد کی تعداد میں بڑا اضافہ ہوا، جو 2024 میں 101 سے بڑھ کر 2025 میں 655 ہو گئی۔
جیسا کہ تمام تجزیہ نگار اور دفاعی ماہرین توقع کر رہے تھے کہ 2021 میں افغانستان میں طالبان کے برسرِ اقتدار آنے کے بعد پاکستان دہشت گردی کا شکار ہوگا، بالکل ایسا ہی ہوا۔ افغانستان سے آپریٹ کرنے والے عسکریت پسند گروپوں نے اپنے حملوں میں شدت پیدا کر دی ہے، خاص طور پر پاک افغان سرحد کے ساتھ۔ 2025 کے دوران پاکستان میں ہونے والے دہشت گردانہ حملوں کا 74 فیصد اور ہلاکتوں کا 67 فیصد بلوچستان اور خیبر پختونخواہ کے مغربی سرحدی علاقوں میں ریکارڈ کیا گیا۔
ٹی ٹی پی کا مسلسل پانچویں سال پاکستان کی مہلک ترین تنظیم رہنا یہ ظاہر کرتا ہے کہ یہ گروہ محض ایک عارضی خطرہ نہیں بلکہ ایک منظم اور جڑیں پکڑا ہوا نیٹ ورک بن چکا ہے۔ ملک میں ہونے والی کل ہلاکتوں میں 56 فیصد ٹی ٹی پی کے حملوں کے باعث ہوئیں جو اس بات کی علامت ہے کہ ریاست کی توجہ کا مرکز اب بھی یہی گروہ ہونا چاہیے۔خیبرپختون خواہ میں پاکستان تحریک طالبان (ٹی ٹی پی) کو نہ صرف افغان طالبان کی ہمیشہ پشت پناہی رہی ہے، بلکہ پاک افغان سرحد کے ساتھ ان کی پناہ گاہیں بھی افغان علاقوں میں موجود ہیں۔ البتہ پاکستان نے اب ان پر باقاعدہ حملے شروع کر رکھے ہیں۔ یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ مبینہ طور پر ٹی ٹی پی کے رابطے القاعدہ و داعش اسلامک اسٹیٹ خراسان پروونس (ائی ایس کے پی) کے ساتھ بھی ہیں۔
رپورٹ سے واضح ہے کہ ٹی ٹی پی اب روایتی گوریلا جنگ سے نکل کر جدید ٹیکنالوجی کی طرف منتقل ہو رہی ہے یہاں تک کہ چھوٹے ڈرونز کا بھی استعمال کرتی ہے۔
ڈرونز کے ذریعے دہشت گرد حملے اور بمباری کرنا ایک خطرناک موڑ ہے۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ انہیں نہ صرف جدید ہتھیار دستیاب ہیں بلکہ وہ تکنیکی مہارت بھی حاصل کر چکے ہیں، جس سے سکیورٹی فورسز کے لیے دفاع مشکل ہو جاتا ہے۔ انکا سکیورٹی فورسز کے ساتھ ساتھ شہریوں کو نشانہ بنانا نفسیاتی برتری حاصل کرنے اور معاشرے میں خوف پھیلانے کی دانستہ کوشش ہے۔
حال ہی میں بنوں سے تشدد کی ایک لرزہ خیز ویڈیو منظرِ عام پر آئی ہے، جہاں پہلے ہی طالبان اور دیگر دہشتگرد گروہوں کی موجودگی تشویش کا باعث بنی ہوئی ہے۔ اس ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ مسلح افراد نے ایک کم سن لڑکی کو محض اس بنیاد پر وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنایا کہ وہ مردانہ حلیہ اپنا کر باہر کیوں نہیں نکلی۔ دہشت گردوں نے نہ صرف اس بچی پر تشدد کیا بلکہ اس کی ویڈیو بھی وائرل کر دی، جس کا مقصد علاقے میں خوف و ہراس پھیلانا اور اپنی رِٹ قائم کرنا ہے۔
بنوں کے علاوہ لکی مروت، ٹانک، ڈیرہ اسماعیل خان اور کرک جیسے شہروں، بلکہ میانوالی میں عیسیٰ خیل کے قریب سی پیک موٹروے پر بھی دہشت گرد گروپوں کا اثر و رسوخ پایا جاتا ہے۔ یہ گروہ ان شہروں میں مبینہ طور پر اپنی عدالتیں بھی لگاتے ہیں اور وہاں فیصلے صادر کرتے ہیں۔
تاریخ پر نظر ڈالیں تو اسی کی دہائی کے آخر میں جب امریکہ ان مجاہدین کو بے یار و مددگار چھوڑ کر افغانستان سے نکلا، تو افغان جہاد کے نام پر اکھٹا کیے گئے ان افغان، عرب اور افریقی جنگجوؤں کو طالبان کی شکل میں منظم کیا گیا اور پاکستان نے کابل میں اپنی مرضی کی حکومت لانے کے لیے ان کا ساتھ دیا۔ چنانچہ 1996 میں جب پاکستان پیپلز پارٹی (یعنی بے نظیر بھٹو) کی دوسری حکومت تھی، پاکستان ہی کی مدد سے طالبان نے کابل پر اپنی پہلی حکومت قائم کی۔
نیویارک میں نائن الیون کے واقعے کے بعد، طالبان ناپسندیدہ قرار پائے اور پھر پاکستان ہی کے تعاون سے کابل میں ان کی حکومت ختم کر دی گئی، کیونکہ وہاں نیٹو اور امریکی افواج کا تسلط قائم ہونا تھا۔ اس کے بعد، طالبان اور دیگر دہشت گردگروہوں نے افغان عوام کے ساتھ ساتھ پاکستان کو بھی اپنی کارروائیوں کا نشانہ بنایا۔ پشاور سے لے کر کراچی تک ہونے والی ان دہشت گردانہ سرگرمیوں میں سیکڑوں معصوم شہری اور سکیورٹی اہلکار شہید ہوئے یہاں تک کہ 2007میں بینظیر بھٹو بھی شہید کر دی گئیں۔
انہی دہشتگرد گروپوں یعنی طالبان میں” گڈ” اور “بیڈ” طالبان کی تفریق بھی ہم نے ہی کی، لیکن وقت نے ثابت کیا کہ ان دہشت گردوں کے اپنے ہی مقاصد تھے اور آئندہ بھی رہیں گے۔
اب پاکستان کے افغانستان کے ساتھ تعلقات شدید تناؤ کا شکار ہیں، جس کی بنیادی وجہ ٹی ٹی پی کے معاملے پر عدم تعاون اور سرحد پار عسکریت پسندی میں اضافہ ہے۔ دوسری جانب، مئی 2025 میں بھارت کے ساتھ فضائی تصادم اور میزائل حملوں کے تبادلے نے مشرقی سرحد پر بھی صورتحال کو انتہائی سنگین بنا دیا ہے۔ یہ دو طرفہ دباؤ پاکستان کی علاقائی سلامتی کے لیے ایک غیر معمولی چیلنج بن کر ابھرا ہے۔
بی ایل اے کی جانب سے 2025 میں ٹرین کے مسافروں کو یرغمال بنانےکا واقعہ ہو یا اس سال جنوری میں بلوچستان کے درجن بھر شہروں میں دہشتگردی سمیت ٹی ٹی پی کی سرحد پار سے بڑھتی ہوئی کارروائیاں، پاکستان کے شہریوں کی سلامتی کے لیے دوہرا خطرہ بن چکی ہیں۔ 2021 میں کابل میں طالبان کی آمد سے دہشت گرد گروپوں کو دوبارہ منظم ہونے کا موقع ملا، جس کے سامنے ‘عزمِ استحکام’ جیسے حکومتی اقدامات اب تک محدود اثر ہی دکھا سکے ہیں۔
دوسری جانب بلوچستان میں روایتی گوریلا جنگ کے بجائے اب ‘مجید بریگیڈ’ جیسے گروپس خودکش حملوں اور مسافروں کو یرغمال بنانے جیسے طویل محاصروں پر توجہ دے رہے ہیں۔ اب مزاحمت کی باگ ڈور روایتی سرداروں کے بجائے پڑھے لکھے نوجوانوں اور خواتین کے ہاتھوں میں ہے، جس نے ان کارروائیوں کو زیادہ منظم اور تکنیکی بنا دیا ہے۔ بین الاقوامی دباؤ بڑھانے کے لیے سکیورٹی فورسز کے ساتھ ساتھ اب عام شہریوں اور چینی باشندوں کو بھی نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
پاکستان کی داخلی و خارجی سلامتی اب براہِ راست سی پیک کے مستقبل سے جڑ چکی ہے۔ ایک طرف ٹی ٹی پی افغان سرزمین استعمال کرتے ہوئے مغربی سرحد کو غیر محفوظ بنا رہی ہے، تو دوسری طرف بی ایل اے نے اپنی جنگ کا رخ چینی سرمایہ کاری کی طرف موڑ دیا ہے۔ ماضی کی پالیسیوں اور سیاسی خلا نے جس دہشت گردی کو جنم دیا، وہ اب ‘فدائی’ حملوں کی شکل اختیار کر چکی ہے جس کا مقصد پاکستان کو معاشی طور پر تنہا کرنا ہے۔
ریاست کے لیے اصل چیلنج اب یہ ہے کہ ترقیاتی منصوبوں اور قیمتی معدنیات کی تلاش و برآمد میں مقامی آبادی کے مفادات کو ترجیحی بنیادوں پر شامل کیا جائے۔ اگر مقامی لوگ ان وسائل سے مستفید نہ ہوئے تو معاشی مایوسی بڑھے گی، جس کا فائدہ اٹھا کر دہشت گرد گروہ بے روزگار اور متاثرہ افراد کو اپنے مذموم مقاصد کے لیے استعمال کریں گے۔ آج پاکستان کی معاشی شہ رگ کا تحفظ محض گولی سے نہیں، بلکہ موثر سرحدی نگرانی اور مقامی سطح پر سیاسی و معاشی انصاف فراہم کرنے سے ہی ممکن ہے۔