30 مارچ 2026
فرحان طارق
مظفرآباد
پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں گزشتہ برس ستمبر میں شروع ہونے والا سیاسی تنازع تاحال حل طلب ہے۔ مذاکرات، احتجاجی کالز اور ریاستی اقدامات کے باعث خطے میں کشیدگی برقرار ہے اور صورتحال میں کمی کے بجائے اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔
پس منظر: مذاکرات سے لانگ مارچ تک
وفاقی وزرا، آزاد کشمیر حکومت اور جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی (JAAC) کے درمیان مذاکرات تعطل کا شکار ہونے کے بعد کمیٹی نے 29 ستمبر کو دارالحکومت مظفرآباد کی جانب لانگ مارچ کی کال دی تھی۔ اسی روز مسلم کانفرنس کی جانب سے بھی مظفرآباد میں “امن مارچ” کا اعلان کیا گیا، جس کے نتیجے میں شہر میں پہلے ہی کشیدہ ماحول پیدا ہو چکا تھا۔
29 ستمبر کو نیلم پل کے مقام پر دونوں گروہوں کے کارکنان آمنے سامنے آئے، جہاں جھڑپوں کے دوران ایک شہری جاں بحق جبکہ متعدد افراد زخمی ہوئے۔
ایکشن کمیٹی کے رہنماؤں کا مؤقف ہے کہ مسلم کانفرنس کے کارکنان نے ریاستی اداروں کی پشت پناہی میں نہتے شہریوں پر فائرنگ کی۔ تاہم اس حوالے سے تاحال کوئی باضابطہ سرکاری مؤقف سامنے نہیں آیا۔
مذاکراتی عمل: پیش رفت یا جمود؟
گزشتہ چھ ماہ سے JAAC اور وفاقی وزرا کے درمیان مذاکرات جاری ہیں، تاہم اب تک کوئی واضح پیش رفت سامنے نہیں آ سکی۔ اس دوران عوامی ایکشن کمیٹی اپنے مطالبات پر قائم ہے اور حکومتی پالیسیوں پر تنقید کا سلسلہ بھی جاری رکھے ہوئے ہے۔
سیاسی مبصرین کے مطابق مذاکراتی عمل میں سست روی اور اعتماد کے فقدان نے صورتحال کو مزید پیچیدہ بنا دیا ہے، جس کے باعث فریقین کے درمیان فاصلے کم ہونے کے بجائے برقرار دکھائی دیتے ہیں۔
شوکت نواز میر کی تقریر اور ایف آئی آر
24 مارچ کو مظفرآباد کے مضافاتی علاقے میں ایک جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عوامی ایکشن کمیٹی کے کور ممبر شوکت نواز میر نے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کو مخاطب کرتے ہوئے 29 ستمبر کے واقعے سے متعلق سوالات اٹھائے اور ریاستی کردار پر تنقید کی۔
اس تقریر کے ایک روز بعد، 25 مارچ کو نیشنل سائبر کرائم ایجنسی (NCCIA) کی جانب سے شوکت نواز میر کے خلاف “ریاست مخالف بیانیہ” کے الزام میں ایف آئی آر درج کی گئی۔
ردعمل: اظہارِ رائے یا ریاست مخالف بیانیہ؟
ایف آئی آر کے اندراج کے بعد سیاسی اور سماجی حلقوں میں تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
عوامی ایکشن کمیٹی کے کور ممبر عابد شاہین کے مطابق، “اپنے حقوق کے لیے پرامن جدوجہد ہر شہری کا بنیادی حق ہے، اور اس نوعیت کی کارروائیاں اظہارِ رائے کی آزادی کو محدود کرنے کے مترادف ہیں۔”
قوم پرست رہنما عثمان کاشر نے وائس پی کے سے گفتگو میں کہا کہ اس طرح کے اقدامات آئین میں دیے گئے بنیادی حقوق سے متصادم ہیں۔
دوسری جانب جموں کشمیر پیپلز نیشنل پارٹی کے مرکزی چیف آرگنائزر شہزاد ملوٹی کے مطابق، یہ اقدام ایکشن کمیٹی کی قیادت پر دباؤ ڈالنے کی کوشش کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
قانونی ماہرین بھی اس معاملے پر سوالات اٹھا رہے ہیں۔ آزاد کشمیر ہائی کورٹ کے وکیل طارق عزیز ایڈووکیٹ کے مطابق، “اگر مبینہ جرم پاکستان کی حدود میں سرزد نہیں ہوا تو اس نوعیت کی ایف آئی آر قانونی پیچیدگیوں کو جنم دے سکتی ہے، کیونکہ آزاد کشمیر آئینی طور پر پاکستان کا باقاعدہ حصہ نہیں ہے۔”
حکومتی مؤقف
وفاقی وزیر امور کشمیر امیر مقام نے 26 مارچ کو اسلام آباد میں ایک پریس کانفرنس کے دوران شوکت نواز میر کے خلاف درج ایف آئی آر سے لاعلمی کا اظہار کیا۔ ان کے اس بیان کو بعض حلقے حکومتی سطح پر رابطے اور ہم آہنگی کے فقدان کے طور پر دیکھ رہے ہیں، تاہم اس حوالے سے مزید وضاحت سامنے نہیں آئی۔
آگے کیا؟
ایک ایسے وقت میں جب جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی 9 جون سے نئی احتجاجی تحریک شروع کرنے کا عندیہ دے چکی ہے، حالیہ ایف آئی آر اور بڑھتی سیاسی کشیدگی خطے میں مزید عدم استحکام کا باعث بن سکتی ہے۔
موجودہ صورتحال میں جہاں ایک جانب مذاکراتی عمل غیر یقینی کا شکار ہے، وہیں دوسری جانب ممکنہ احتجاجی تحریک کشیدگی میں مزید اضافے کا سبب بن سکتی ہے، جس کے اثرات نہ صرف سیاسی ماحول بلکہ عوامی زندگی پر بھی مرتب ہونے کا امکان ہے۔