01 اپریل 2026
رپورٹ: شوکت کورائی
کراچی: وفاقی آئینی عدالت کی جانب سے پنجاب کی کم سن بچی ماریا شہباز سے متعلق دیے گئے فیصلے نے ملک بھر میں شدید ردِعمل کو جنم دیا ہے۔ اس فیصلے کے خلاف کراچی پریس کلب کے باہر مائنارٹی رائٹس مارچ، عورت مارچ، مائنارٹی فورم پاکستان اور دیگر خواتین و انسانی حقوق کی تنظیموں نے مشترکہ احتجاجی مظاہرہ اور پریس کانفرنس کا اہتمام کیا۔
شرکا نے فیصلے پر نظرثانی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ آئینی عدالت کے دو ججز کے اس حکم پر انہیں شدید دکھ اور غصہ ہے۔ ان کے مطابق ماریا شہباز اغوا اور کم عمری کی شادی کا شکار ہے، اور اب اسے مزید سنگین جرائم کے خطرات بھی لاحق ہو سکتے ہیں۔ عدالت نے نہ صرف بچی کو اس کے والد کی تحویل میں دینے سے انکار کیا، بلکہ مبینہ اغوا کار کے ساتھ اس کے نکاح کو بھی قانونی حیثیت دے دی — حالانکہ کم عمری کی شادی بذاتِ خود قانوناً جرم ہے۔ مظاہرین کا مؤقف تھا کہ یہ فیصلہ ملک بھر کی کم سن بچیوں کے لیے خطرناک نظیر قائم کر سکتا ہے، اور اگر اسے واپس نہ لیا گیا اور حکومتی ادارے اپنا کردار ادا نہ کریں، تو اس کے بدترین نتائج سامنے آ سکتے ہیں۔
“کوئی بھی کم عمر بچی سے شادی کر سکتا ہے”
پاسٹر غزالہ شفیق نے وائس پی کے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس فیصلے نے گویا اجازت دے دی ہے کہ کوئی بھی کم عمر بچی سے شادی کرے اور پھر عدالت سے اس کی توثیق کرا لے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اس کا نقصان صرف اقلیتی برادریوں تک محدود نہیں رہے گا بلکہ مسلمان بچیاں بھی اس کے اثرات سے نہیں بچ سکیں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ فیصلہ وفاقی شرعی عدالت سمیت دیگر عدالتوں کے فیصلوں سے صریح تضاد رکھتا ہے، اس لیے اسے فوری طور پر واپس لیا جانا چاہیے۔
“پوری قوم خوف میں ڈوب گئی ہے”
معروف آرٹسٹ اور عورت مارچ کی منتظم شیما کرمانی نے کہا کہ اس فیصلے نے خواتین، مذہبی اقلیتوں اور پوری قوم کو خوف میں مبتلا کر دیا ہے، خصوصاً اقلیتی برادریوں میں شدید تشویش کی لہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ کم عمری کی شادی کے خلاف طویل جدوجہد کے بعد جو قانون منظور ہوا تھا، عدالت نے اس کی بنیادیں ہلانے کی کوشش کی ہے۔ ان کے بقول یہ فیصلہ اسمبلیوں اور پارلیمنٹ کی قانون سازی کو عملاً ختم کرنے کے مترادف ہے، جس کے نتیجے میں ایک ایسا معاشرہ تشکیل پائے گا جہاں قانون کی کوئی حیثیت نہیں رہے گی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستان کا آئین تمام شہریوں کو مساوی حقوق دیتا ہے، لیکن اس فیصلے نے آئینی تحفظات کو بھی نقصان پہنچایا ہے۔
“نکاح نامے کی آڑ میں جرائم کو تحفظ”
ایڈووکیٹ لیوک وکٹر نے خدشہ ظاہر کیا کہ اس فیصلے کے بعد اغوا یا جنسی زیادتی جیسے سنگین جرائم کے مرتکب افراد نکاح نامے کی آڑ میں قانونی تحفظ حاصل کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے بچوں کے مستقبل کو محفوظ بنانے کے لیے ضروری ہے کہ یہ فیصلہ فوری طور پر واپس لیا جائے، کیونکہ اس کے اثرات صرف ماریا شہباز تک محدود نہیں، بلکہ ملک کی ہر بچی اس سے متاثر ہو سکتی ہے۔
“سرکاری شواہد کو نظرانداز کیا گیا”
لیگل ایڈ سوسائٹی کی ڈائریکٹر ملیحا ضیا نے کہا کہ بچی کی عمر کے حوالے سے سرکاری اداروں کے ثبوت موجود تھے، لیکن انہیں یکسر نظرانداز کر دیا گیا، جو انتہائی تشویشناک پہلو ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس فیصلے نے جسٹس بابر ستار کے اہم فیصلے کو بھی بے اثر کر دیا ہے، اور مظلوم فریق کے لیے ہر بار نئے شواہد فراہم کرنا ممکن نہیں ہوتا۔
“جبر کسی مذہب میں جائز نہیں”
سندھ کمیشن آن دا اسٹیٹس آف ویمن کی رکن شیما مہیشوری نے واضح کیا کہ وہ مذہب کی تبدیلی کے خلاف نہیں، کیونکہ یہ ہر فرد کا ذاتی حق ہے۔ تاہم انہوں نے زور دیا کہ جبر کے ذریعے مذہب تبدیل کرانا کسی بھی مذہب میں جائز نہیں، اور اسلام میں بھی اس کی ہرگز اجازت نہیں ہے۔ انہوں نے فیصلے کے تضاد کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ ایک طرف چائلڈ میرج کو جرم قرار دیا گیا ہے اور دوسری طرف اسی نکاح کو درست تسلیم کیا گیا ہے — یہ نہ صرف باہم متضاد ہے بلکہ قانون سازی کے اصل مقصد کو بھی ناکام بناتا ہے۔
تمام مقررین نے ایک آواز ہو کر مطالبہ کیا کہ فیصلے پر فوری نظرثانی کی جائے، بچی کو اس کے والدین کی تحویل میں دیا جائے، اور حکومت و متعلقہ ادارے اپنی ذمہ داری ادا کریں۔