01 اپریل 2026

رپورٹ: راشد لغاری

بدین


بدین ضلع کے ایک زرعی گاؤں میں پچپن سال سے کھیتوں پر کام کرنے والی ملوکاں کو آج بھی یاد ہے کہ جب انہوں نے پہلی بار رنبا اور دانتی اٹھائی تھی تو دن بھر کی مزدوری صرف ایک روپیہ ملتی تھی۔ پھر تین روپے ہوئے، پانچ ہوئے، پھر پینتیس — اور آج پانچ دہائیوں بعد یہ اجرت چار سو روپے تک پہنچی ہے۔ لیکن ملوکاں کہتی ہیں کہ اس رقم میں آج کی مہنگائی میں گھر کا چولہا جلانا مشکل ہے۔

“بچے بے حال ہیں، آپ ہمارے گھر کی حالت دیکھ رہے ہیں۔ اب مال مویشیوں سے گزر بسر ہوتی ہے، اور جب زرعی زمینوں سے ان کے لیے گھاس لانے جاتے ہیں تو زمیندار وہ بھی منع کر دیتے ہیں”، ملوکاں کہتی ہیں۔

قانون کیا کہتا ہے؟

سندھ حکومت نے زرعی زمینوں پر کام کرنے والی خواتین کے معاشی تحفظ کے لیے ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے سندھ ایگریکلچر ویمن ورکرز ایکٹ کے تحت سندھ ایگریکلچر ویمن رولز ترتیب دیے ہیں۔ ان قوانین کے تحت کھیتوں پر کام کرنے والی خواتین کو مردوں کے برابر اجرت دینا زمینداروں پر لازم قرار دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ زچگی کی سہولیات فراہم کرنے اور ایک سو بیس دن کی زچگی چھٹی دینے کی بھی قانونی ذمہ داری عائد کی گئی ہے۔

قانونی ماہر اور وکیل سردار حسین شاہ کے مطابق یہ قانون نہ صرف کسان خواتین کو مساوی حقوق دیتا ہے بلکہ اس پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لیے لیبر افسران اور کمشنر کو پابند کیا گیا ہے۔ “حکومت نے ایکٹ بنا کر رولز ترتیب دیے ہیں جن پر لیبر افسران اور کمشنر عملدرآمد کے پابند ہوں گے۔ لیبر کورٹ کو بھی زیادہ اختیارات دیے گئے ہیں”، سردار حسین شاہ نے وائس پی کے کو بتایا۔

کھیتوں پر خواتین کا کردار

سندھ میں زرعی زمینوں پر کام کرنے والے مردوں کے ساتھ ساتھ خواتین بھی ہر موسم میں کام کرتی ہیں۔ کپاس، گنے، ٹماٹر، پیاز، گندم اور سبزیوں کی کاشت میں ان کا کردار نمایاں ہے۔ یہ خواتین صبح آٹھ بجے سے شام چھ بجے تک کھیتوں میں محنت کرتی ہیں — رنبے سے گھاس نکالنا، فصلوں کو پانی دینا، گنے کی چھلائی — کوئی کام ان کے لیے اجنبی نہیں۔

کسان خاتون مہرو کہتی ہیں کہ دن بھر کی اس محنت کے بدلے انہیں تین سو سے چار سو روپے ملتے ہیں جو موجودہ مہنگائی میں ناکافی ہیں۔

“ہم کسان خواتین صبح آٹھ بجے سے شام چھ بجے تک کام کرتی ہیں۔ اگر حکومت نے اجرت بڑھانے کا جو وعدہ کیا ہے اس پر عمل کرایا تو ہمارے معاشی حالات بہتر ہو سکتے ہیں”، مہرو کا کہنا ہے۔

صحت سہولیات — ایک دور کا خواب

اجرت کے ساتھ صحت کی سہولیات بھی ان خواتین کے لیے ایک دور کا خواب ہیں۔ ملوکاں بتاتی ہیں کہ ان کے گاؤں میں نہ اسپتال ہے نہ ڈسپنسری، اور دور دراز اسپتال پہنچتے پہنچتے نقصان ہو جاتا ہے — یہ نقصان کبھی کبھی جان کا نقصان بھی بن جاتا ہے۔ “میرے بڑے بیٹے کی بیوی زچگی کے دوران فوت ہو گئی تھی — کوئی سہولت میسر نہ تھی” ، ملوکاں نے کہا۔

زمیندار کا موقف

دوسری جانب سندھ چیمبرز آف ایگریکلچر کے رہنما نبی بخش سٹھیو زمینداروں کا موقف پیش کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ کسان پہلے سے ہی زرعی پیداوار میں آدھے حصے کا حقدار ہوتا ہے اور خواتین سال میں صرف چند مہینے کام کرتی ہیں، اس لیے طویل چھٹی دینا ان کے نزدیک عملی طور پر ممکن نہیں۔

“خواتین سال میں تینوں مہینے کام کرتی ہیں — کم مدت کے لیے زرعی زمین پر کام کرتی ہیں، تو ہم انہیں ایک سو بیس دن کی چھٹی کیسے دیں؟”، نبی بخش سٹھیو نے سوال اٹھایا۔

عملدرآمد — سوالیہ نشان

اس پورے منظرنامے میں سب سے اہم سوال یہ ہے کہ یہ قوانین زمین پر کیسے اتریں گے؟ محکمہ لیبر نے ابھی تک ان قوانین پر عملدرآمد کے حوالے سے کوئی واضح موقف نہیں دیا۔ ملوکاں سمیت سینکڑوں کسان خواتین کی نظریں حکومت پر ٹکی ہیں۔ “اگر حکومت ان قوانین پر عمل کرائے تو ہماری زندگی بدل سکتی ہے”، ملوکاں نے امید ظاہر کی۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here