03 اپریل 2026
سٹاف رپورٹ
آج نیوز کے پروگرام اسپاٹ لائٹ میں میزبان منیزے جہانگیر کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے وفاقی محتسب برائے انسداد ہراسانی فوزیہ وقار نے کہا کہ ہراسانی کے مقدمات میں وکٹم کے بیان کی بہت اہمیت ہوتی ہے اور مقدمے کا فیصلہ کرنے کے لیے اس کا نقطہ نظر سمجھنا بہت ضروری ہوتا ہے۔
یہ گفتگو ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب لاہور کی سیشن عدالت نے میشا شفیع کے خلاف ہتکِ عزت کے مقدمے میں گلوکار علی ظفر کے حق میں اہم فیصلہ سنایا ہے۔
عدالت نے میشا شفیع کو پچاس لاکھ روپے ہرجانہ ادا کرنے کا حکم دیا ہے۔
عدالت کے مطابق میشا شفیع کی سوشل میڈیا پوسٹ اور انٹرویو میں لگائے گئے الزامات غلط، ہتک آمیز اور شہرت کو نقصان پہنچانے والے تھے۔
عدالت نے قرار دیا کہ جنسی ہراسانی کے الزامات ثابت نہیں ہو سکے اور نہ ہی انہیں عوامی مفاد میں قرار دیا جا سکتا ہے۔
عدالت نے یہ بھی حکم دیا کہ میشا شفیع آئندہ ایسے الزامات کو کسی بھی پلیٹ فارم سوشل میڈیا، پرنٹ یا الیکٹرانک میڈیا پر دہرانے سے گریز کریں۔
پروگرام میں شریک نیشنل کمیشن آف سٹیٹس آف وومن کی سابق چیئرپرسن خاور ممتاز کا کہنا تھا کہ اس فیصلے سے سب خواتین کو اس بات کا ڈر لگے گا کہ اگر وہ ہراسانی کی شکایت کریں تو ان کے خلاف ہتک عزت کا کیس ہو سکتا ہے، یہ خواتین کے لیے دھچکا ثابت ہو گا۔
دوسری جانب وفاقی محتسب براۓ انسداد ہراسانی فوزیہ وقار کا موقف تھا کہ یہ فیصلہ عدالت کو نہیں بلکہ محتسب کے کرنے کا تھا کہ ہراسانی ہوئی تھی یا نہیں، یہ ہائی پروفائل کیس تھا، عام طور پر خواتین ہراسانی کے مقدمات کرتی ہیں لیکن جوابی ہتک عزت کے مقدمات نہیں ہوتے۔
واضح رہے کہ دو ہزار اٹھارہ میں میشا شفیع نے علی ظفر پر متعدد مواقع پر جنسی ہراسانی کا الزام عائد کیا تھا۔
اس حوالے سے میشا شفیع نے پنجاب کی انسدادِ ہراسانی کی محتسب کے سامنے بھی درخواست دائر کی تھی، جسے تکنیکی بنیادوں پر خارج کر دیا گیا کیونکہ اُس وقت کے قانون میں ہراسانی، ورک پلیس اور آجر و اجیر کی تعریف محدود تھی۔
اور محتسب نے یہ کہا کہ جہاں جرم ہوا وہ جگہ ورک پلیس کی تعریف پر پورا نہیں اترتی۔
اس فیصلے کے خلاف میشا شفیع نے گورنر پنجاب اور لاہور ہائی کورٹ سے بھی رجوع کیا، تاہم دونوں فورمز نے محتسب کا فیصلہ برقرار رکھا۔
جس کے بعد میشا شفیع نے یہ معاملہ سپریم کورٹ میں چیلنج کر دیا، جہاں یہ کیس سن دو ہزار انیس سے تاحال زیرِ التوا ہے۔
یعنی کہ جنسی ہراسانی ہوئی یا نہیں اس بنیادی سوال پر ابھی تک کوئی حتمی عدالتی فیصلہ سامنے نہیں آیا۔
تاہم دو ہزار اٹھارہ میں ہراسانی کے الزامات عائد کرنے پر علی ظفر نے میشا شفیع کے خلاف ایک ارب روپے ہرجانے کا ہتکِ عزت کا دعویٰ دائر کیا تھا۔
اس حوالے سے بات کرتے ہوئے علی ظفر کے وکیل عمر طارق گل کا کہنا تھا کہ ہمیں اس کیس کو جینڈر وائز نہیں بلکہ اس کے حقائق کو دیکھنا چاہیے۔
ان کے مطابق اگر یہ الزام غلط ہے تو کیا میری یہ سزا ہے کہ میں ایک مرد ہوں اور میں اس کیس کو ڈیفینڈ نہ کروں، آٹھ سال عدالت نے آپ کو موقع دیا ہے کہ اپنا ثبوت پیش کریں۔
میشا شفیع کے وکیل ثاقب جیلانی نے کہا کہ ہم اس فیصلے کو ہائی کورٹ میں چیلنج کریں گے، ہمیں اس سے کافی مایوسی ہوئی ہے، ہمارے خیال میں جج صاحب نے ثبوت کو صحیح انداز میں نہیں پرکھا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اس فیصلے میں عورتوں کے حوالے سے بہت سی غلط فہمیاں جھلک رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہتک عزت کے قانون میں یہ لکھا ہوا ہے کہ ہتک عزت تبھی ثابت ہو گی جب یہ ثابت کیا جائے کہ لگایا گیا الزام جھوٹا تھا۔
سپریم کورٹ میں زیر التوا کیس کے حوالے سے بات کرتے ہوئے عمر طارق گل کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ نے یہ فیصلہ نہیں کرنا کہ ہراسانی ہوئی ہے یا نہیں، بلکہ اس نے صرف یہ طے کرنا ہے کہ یہ کیس محتسب سن سکتا ہے یا نہیں۔
ان کے مطابق سیشن عدالت کا فیصلہ ہراسانی کے الزامات کے تناظر میں دیا گیا ہے کہ یہ الزامات غلط ہیں۔