9 اپریل 2026
سٹاف رپورٹ:
وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے خوشخبری دی ہے کہ اس جمعے کو پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کر دی جائے گی۔
آج نیوز کے پروگرام اسپاٹ لائٹ میں میزبان منیزے جہانگیر کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے علی پرویز ملک کا کہنا تھا کہ وزیرِاعظم شہباز شریف کی ہدایات ہیں کہ جتنی جلد ممکن ہو قیمتوں کا اعلان کیا جائے۔ اس حوالے سے ایک طریقۂ کار طے کیا گیا ہے جس کے مطابق جمعے تک عالمی منڈی کی قیمتوں کی اوسط نکال کر اسی روز نئی قیمتوں کا اعلان کر دیا جائے گا۔
اس سوال کے جواب میں کہ عالمی منڈی میں قیمتیں بڑھنے کے باوجود بھارت میں قیمتیں مستحکم رہیں لیکن پاکستان میں اضافہ کیوں ہوا، وفاقی وزیر پٹرولیم نے کہا کہ بھارت کے پاس چھ سو ارب ڈالر کے زرمبادلہ کے ذخائر ہیں اور اس کے اسٹریٹجک آئل ریزروز بھی زیادہ ہیں، جبکہ وہ آئی ایم ایف پروگرام میں بھی شامل نہیں۔ اسی لیے ان کے پاس قیمتیں برقرار رکھنے کی گنجائش موجود تھی۔
‘پیٹرول پر ٹیکس کم کرنے کے لئے ایف بی آر کو ڈائریکٹ ٹیکس اکھٹا کرنا ہوگا’
پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں چھیالیس فیصد ٹیکس کے حوالے سے علی پرویز ملک کا کہنا تھا کہ پیٹرول پر عائد ٹیکسز اسی صورت کم کیے جا سکتے ہیں جب پاکستان ڈائریکٹ ٹیکسز کے ذریعے خسارے کو کنٹرول کر لے۔ بصورتِ دیگر حکومت کو نوٹ چھاپنے پڑیں گے، جس سے مہنگائی میں شدید اضافہ ہو سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ چودہ سو ارب روپے کی پیٹرولیم لیوی کے باوجود ایف بی آر کو چھ سو ارب روپے کے شارٹ فال کا سامنا ہے، جس کا احتساب ہونا چاہیے۔
ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کے حوالے سے وفاقی وزیر پٹرولیم نے کہا کہ قیمتوں کا تعین اسی طریقۂ کار کے تحت ہو رہا ہے جیسا کہ اس وقت تھا جب مفتاح اسماعیل وزیر خزانہ تھے، تاہم اب وہ محض سیاست کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ مفتاح اسماعیل نے ایکس پر ایک بیان میں کہا تھا کہ پاکستان کا ستر فیصد ڈیزل مقامی طور پر پیدا ہوتا ہے، جس کی قیمت تقریباً ساڑھے تین سو روپے فی لیٹر بنتی ہے، لیکن حکومت ڈیزل پر فی لیٹر ڈیڑھ سو روپے اضافی وصول کر رہی ہے۔
پاکستان میں ایل این جی کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے علی پرویز ملک نے کہا کہ گزشتہ ماہ ایل این جی کے دو کارگوز موصول ہوئے، تاہم قطر کی جانب سے فورس میجور کے باعث سپلائی متاثر ہوئی۔ اس کے باوجود پاکستان نے مقامی گیس کی پیداوار میں اضافہ کیا ہے، جس کی وجہ سے فی الحال کسی قلت کا سامنا نہیں اور نہ ہی صنعتوں کو گیس کی فراہمی میں کمی کی گئی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایل این جی کی کمی کے باوجود گرمیوں میں بجلی کی لوڈشیڈنگ نہیں ہوگی کیونکہ وزارتِ پاور متبادل ذرائع سے بجلی کے حصول پر کام کر رہی ہے۔
‘یہ وقت کسی قسم کی بلیک میلنگ کا نہیں’
پیٹرول ڈیلرز کے منافع میں اضافے کے حوالے سے وزیر پٹرولیم کا کہنا تھا کہ پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کو واضح کر دیا گیا ہے کہ ان کے منافع میں اضافے سے متعلق فیصلہ جنگ کے بعد کیا جائے گا، اور یہ وقت کسی بلیک میلنگ کا نہیں۔
متبادل توانائی کے حوالے سے حکومتی منصوبوں پر بات کرتے ہوئے وزیر پٹرولیم نے کہا کہ حکومت مقامی سطح پر توانائی میں خودکفالت کے لیے اقدامات کر رہی ہے، اور اس مقصد کے لیے پاکستان میں ہائیڈروکاربنز کی تلاش کا عمل جاری ہے کیونکہ توانائی کی سلامتی کے لیے مقامی وسائل پر انحصار ناگزیر ہے۔