9 اپریل 2026
رپورٹ: انور انجم
سوات: سوات کی سرسبز وادیوں میں جہاں کھیت اور فصلیں زندگی کا سہارا ہیں، وہیں ایک معمولی سا زمینی جھگڑا ایک گھر کی خوشیاں ہمیشہ کے لیے نگل گیا۔ منگلور کے گاؤں ودانہ گورتی بنجوٹ میں کھیت کی فصل کاٹنے پر ہونے والے ایک چھوٹے سے تنازع نے اس وقت ہولناک رخ اختیار کیا جب سولہ سالہ یاسر خان کو مبینہ طور پر اغوا کر کے گلے میں پھندا ڈال کر قتل کر دیا گیا اور اس کی لاش مقامی قبرستان میں ایک درخت سے لٹکی ہوئی ملی۔
ایک ہفتے پرانا جھگڑا
واقعے کی جڑیں تقریباً ایک ہفتہ پہلے اس دن تک جاتی ہیں جب یاسر خان کے خاندان اور پڑوسیوں کے درمیان کھیت میں فصل کاٹنے کے حق پر تکرار ہوئی۔ بظاہر یہ ایک معمولی گاؤں کا جھگڑا تھا جو اکثر سلجھ جاتا ہے، مگر اس بار بات دھمکیوں تک جا پہنچی۔
یاسر کے دادا محمد امین بتاتے ہیں کہ جھگڑے کے بعد سے مخالف فریق نے انہیں مسلسل دھمکیاں دینا شروع کر دی تھیں۔ صورتحال کی سنگینی کو بھانپتے ہوئے انہوں نے مقامی تھانے میں ملزمان کے خلاف باقاعدہ رپورٹ بھی درج کروائی، مگر قانون کی اس دستک کا کوئی اثر نہ ہوا۔ محمد امین کے الفاظ میں درد اور بے بسی صاف جھلکتی ہے:”میں نے پورے علاقے میں اسے تلاش کیا، لیکن اس کا کوئی پتہ نہ چل سکا۔”
واقعے والے دن شام تقریباً پانچ بجے یاسر خان گھر سے نکلا اور پھر واپس نہ آیا۔ اہلِ خانہ نے ابتداً معمول کی غیرحاضری سمجھا، مگر جب وقت گزرتا رہا اور یاسر کا کوئی اتہ پتہ نہ چلا تو پورے خاندان میں بے چینی پھیل گئی۔ رات بھر تلاش جاری رہی، گلی گلی، کوچے کوچے اسے ڈھونڈا گیا، مگر بے سود۔
اگلی صبح جو خبر آئی وہ کسی کے وہم و گمان میں بھی نہ تھی۔ یاسر کی لاش مقامی قبرستان میں ایک درخت سے لٹکی ہوئی ملی۔ گلے میں پھندا اس بات کی گواہی دے رہا تھا کہ یہ خودکشی نہیں بلکہ ایک سوچا سمجھا، سفاکانہ قتل تھا۔
باپ کی فریاد
یاسر کے والد حیدر علی ان لمحات کو یاد کرتے ہوئے بمشکل الفاظ سمیٹ پاتے ہیں۔ وہ کہتے ہیں کہ انہوں نے اپنے بیٹے کو بڑی مشقت اور مشکلوں سے پالا تھا، مگر ملزمان نے اسے اغوا کر کے پھانسی دے دی۔ ان کے بقول: “میرے بیٹے نے کوئی بڑا گناہ نہیں کیا تھا، ہمارے ساتھ ظلم ہوا ہے، مجھے انصاف چاہیے۔”
حیدر علی کے یہ الفاظ محض ایک باپ کا نوحہ نہیں بلکہ اس نظام سے سوال ہیں جہاں تھانے میں رپورٹ درج ہونے کے باوجود ایک بے گناہ بچے کو تحفظ نہ مل سکا۔
گرفتاریاں مگر سوالات باقی
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے متاثرہ خاندان کی مدعیت میں مقدمہ درج کر کے فوری کارروائی شروع کی۔ ڈی ایس پی سیدوشریف سرکل نعیم حسین کے مطابق قتل کے الزام میں ایک شخص اور اس کے تین بیٹوں کو حراست میں لے لیا گیا ہے اور انہیں جوڈیشل ریمانڈ پر جیل منتقل کر دیا گیا ہے۔ پوسٹ مارٹم رپورٹ موصول ہونے کے بعد تفتیش کو مزید آگے بڑھایا جائے گا۔
گرفتاریاں ہوئی ہیں، مقدمہ درج ہے، تفتیش جاری ہے — مگر سوال یہ ہے کہ جب خاندان نے پہلے ہی تھانے میں دھمکیوں کی رپورٹ درج کروائی تھی تو کیا وقت پر قدم اٹھایا جاتا تو یاسر کی جان بچائی جا سکتی تھی؟
یاسر خان اپنے پانچ بہن بھائیوں میں تیسرے نمبر پر تھا۔ گھر میں اس کی جگہ اب ایک ایسا خلا ہے جو کبھی نہیں بھرے گا۔ پورا خاندان صدمے اور غم سے نڈھال ہے۔ گاؤں کے لوگ بھی اس واقعے سے ہلے ہوئے ہیں اور ہر طرف خوف اور بے یقینی کی فضا ہے۔
متاثرہ خاندان کا مطالبہ ہے کہ ملزمان کو قرار واقعی سزا دی جائے تاکہ آئندہ کوئی اور باپ اپنے بیٹے کی لاش درخت سے اتارنے پر مجبور نہ ہو، اور کوئی اور دادا اپنے نواسے کو پورے گاؤں میں تلاش کرتے کرتے قبرستان تک نہ پہنچے۔