17 اپریل 2026
رپورٹ: دانیال عزیز
پشاور: پشاور ہائیکورٹ میں افغان شہریوں سے متعلق کیسز میں اضافے کے درمیان ایک خاتون سعدیہ بی بی اپنے شوہر کی رہائی کے لیے عدالت پہنچ گئیں۔ سعدیہ بی بی کا کہنا ہے کہ ان کے شوہر، جو افغان شہری ہیں، کو دو ماہ قبل پولیس نے گرفتار کر کے جیل منتقل کیا تھا جس کے بعد ان کے گھر کا نظام بری طرح متاثر ہو گیا ہے۔
سعدیہ بی بی کے مطابق وہ خود پاکستانی شہری ہیں اور ان کے والد بھی پاکستانی ہیں، تاہم انہوں نے ایک افغان شہری سے شادی کی۔ ان کا کہنا ہے کہ شوہر کے کہنے پر انہوں نے افغان مہاجر کارڈ بھی بنوایا تاکہ راشن سمیت دیگر سہولیات حاصل کی جا سکیں، لیکن انہیں کوئی سہولت نہیں ملی بلکہ مسائل میں مزید اضافہ ہو گیا۔ خاتون کے مطابق ان کے دو بچے ہیں جو اپنے والد کو یاد کرتے ہیں اور وہ عدالت سے شوہر کی رہائی کی اپیل کر چکی ہیں۔
درخواست گزار کے وکیل عرفان اللہ خلیل ایڈووکیٹ کے مطابق شادی کے بعد قانونی تقاضے پورے کرتے ہوئے افغان کارڈ بنوایا گیا تھا، تاہم نئے حکومتی احکامات کے باعث مختلف قانونی پیچیدگیاں پیدا ہو گئی ہیں۔ وکیل نے بتایا کہ عدالت نے ابتدائی سماعت پر سعدیہ بی بی کو نادرا حکام کے سامنے پیش ہو کر اپنی دستاویزات کی تصدیق کروانے کی ہدایت کی ہے۔
قانونی ماہرین کے مطابق حالیہ مہاجرین انخلاء مہم کے بعد پشاور ہائیکورٹ میں اس نوعیت کی درخواستوں میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ روزانہ درجنوں افغان شہری عدالت سے رجوع کر رہے ہیں جن میں مختلف طبقات سے تعلق رکھنے والے افراد شامل ہیں، جو اپنے قیام کو قانونی تحفظ دلانے کے خواہاں ہیں۔
دوسری جانب سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ستمبر 2023 سے اب تک 5 لاکھ سے زائد افغان شہریوں کو پاکستان سے واپس بھیجا جا چکا ہے جبکہ رواں سال کی پہلی سہ ماہی میں بھی ہزاروں افراد کی واپسی کا عمل جاری ہے۔ ایسے حالات میں متعدد خاندان اپنے مستقبل کے تحفظ کیلئے عدالتوں کا دروازہ کھٹکھٹا رہے ہیں۔