18 اپریل 2026
سٹاف رپورٹ
پاکستان کے سینئر سفارتکار اور سابق سیکرٹری خارجہ جلیل عباس جیلانی نے کہا ہے کہ پاک-افغان مذاکرات بھی مثبت انداز میں آگے بڑھے ہیں اور امید ہے کہ آنے والے دنوں میں دونوں ممالک کے تعلقات معمول پر آ جائیں گے۔
آج نیوز کے پروگرام سپاٹ لائٹ میں میزبان منیزۓ جہانگیر کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے سابق سیکرٹری خارجہ جلیل عباس جیلانی نے کہا کہ ایران-امریکا کشیدگی اور حالیہ جنگ کے تناظر میں خطے میں وسیع تبدیلیاں رونما ہو رہی ہیں، جن کے اثرات افغانستان سمیت دیگر ہمسایہ ممالک پر بھی پڑ رہے ہیں اور پاکستان کے افغانستان کے ساتھ جلد تجارتی تعلقات معمول پر آ سکتے ہیں.
ان کا مزید کہنا تھا کہ حالیہ دنوں میں پاکستان میں کوئی بڑا حملہ نہیں ہوا اور یہ اچھی بات ہے لیکن اگر پاکستان میں دوبارہ حملے شروع ہوتے ہیں تو پاکستان کے پاس جواب دینے کے علاوہ کوئی آپشن باقی نہیں رہے گی.
پروگرام میں شریک سینئر سیاستدان اور سابق سینیٹر افراسیاب خٹک نے کہا کہ پاکستان اگر عالمی سطح پر امن چاہتا ہے تو اسے اپنے ہمسایہ ممالک کے ساتھ بھی تعلقات بہتر بنانا ہوں گے۔ ان کے مطابق افغانستان کے ساتھ چین کی وساطت میں ہونے والے مذاکرات کی کامیابی کے امکانات روشن ہیں، کیونکہ کسی بھی ملک کی ترقی پورے خطے کی ترقی سے جڑی ہوتی ہے۔
ایران اور امریکا کے درمیان جاری مذاکرات پر بات کرتے ہوئے جلیل عباس جیلانی نے کہا کہ وہ شروع دن سے ہی پرامید ہیں کہ بات چیت کامیابی کی طرف بڑھ رہی ہے۔ ان کے مطابق پاکستان میں ہونے والی حالیہ میٹنگ ایک بڑی پیش رفت تھی، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ دونوں ممالک سنجیدہ مذاکرات کے لیے تیار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نیوکلیئر پروگرام کا معاملہ آئندہ دور میں زیادہ زیر بحث آئے گا، تاہم ایران اس حوالے سے پہلے ہی کافی لچک دکھا چکا ہے۔ ان کے مطابق یہ معاملہ دونوں ممالک کے درمیان ایک اہم “اسٹکنگ پوائنٹ” رہے گا، لیکن کسی نہ کسی سطح پر سمجھوتہ ممکن ہے۔
جلیل عباس جیلانی نے کہا کہ اگر معاملات اسی طرح آگے بڑھتے رہے تو دونوں ممالک کے درمیان اتفاق رائے ہو سکتا ہے، اور ایسی صورت میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ خود اس معاہدے پر دستخط کرنے میں دلچسپی لے سکتے ہیں کیونکہ یہ ایک بڑا سفارتی ایونٹ ہوگا۔
افراسیاب خٹک نے کہا کہ اس جنگ نے امریکی طاقت کی حدود کو بھی واضح کر دیا ہے اور خلیجی ممالک کو بھی اس کا احساس ہو گیا ہے۔ ان کے مطابق ایران کی مزاحمت کے نتیجے میں خطے میں اہم تبدیلیاں متوقع ہیں۔
چین کے کردار پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگرچہ چین کسی براہ راست جنگ میں کودنے کا قائل نہیں، تاہم ایک بڑی طاقت کے طور پر اس نے پس پردہ اہم کردار ادا کیا ہے، جسے نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔
جلیل عباس جیلانی نے کہا کہ اگر ایران اور امریکا کے درمیان معاہدہ طے پا جاتا ہے تو اس سے پاکستان کو نمایاں فائدہ ہوگا۔ ان کے مطابق ایران پر سے پابندیاں ہٹنے کی صورت میں دوطرفہ تجارت میں اضافہ ممکن ہے، جبکہ چین پاکستان اقتصادی راہداری کو افغانستان اور ایران تک توسیع دینے کے امکانات بھی پیدا ہو سکتے ہیں۔
پاک-بھارت تعلقات پر بات کرتے ہوئے افراسیاب خٹک نے کہا کہ دونوں ممالک کو سرد جنگ کی ذہنیت سے نکل کر آگے بڑھنا ہوگا، کیونکہ ایران جنگ کے بعد دنیا ایک نئے مرحلے میں داخل ہو رہی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاکستان اور بھارت اپنی عوام کو مسلسل کشیدگی میں رکھنے کے بجائے امن کی طرف بڑھیں گے۔
اس حوالے سے جلیل عباس جیلانی نے کہا کہ پاکستان کی اسٹیبلشمنٹ بھارت کے ساتھ تعلقات بہتر بنانے اور خطے میں امن قائم کرنے کی خواہاں ہے، تاہم اس کے لیے بھارت کو بھی اپنی علاقائی پالیسیوں میں تبدیلی لانا ہوگی۔
تجزیہ کاروں کے مطابق ایران-امریکا مذاکرات کا تسلسل نہ صرف دوطرفہ تعلقات بلکہ پورے خطے کی سیاست، معیشت اور سیکیورٹی صورتحال پر گہرے اثرات مرتب کرے گا، اور یہی وجہ ہے کہ عالمی اور علاقائی طاقتیں اس عمل پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔
.