23 اپریل 2026
رپورٹ: راشد لغاری
عمرکوٹ/میرپورخاص: سندھ کے ضلع عمرکوٹ میں توہینِ مذہب کے الزام میں گرفتاری کے بعد مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک ہونے والے ڈاکٹر شاہنواز کنبھر کے ورثاء سندھ ہائی کورٹ کے اس فیصلے پر شدید مایوسی کا اظہار کر رہے ہیں جس میں اڑھائی سال کی سماعت کے بعد یہ مقدمہ انسدادِ دہشت گردی کی عدالت سے نکال کر سیشن کورٹ منتقل کر دیا گیا ہے۔ ورثاء نے اس فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کرنے کا اعلان کیا ہے۔
پولیس مقابلے میں قتل
18 اور 19 ستمبر 2024 کی درمیانی شب میرپورخاص پولیس نے ڈاکٹر شاہنواز کنبھر کو مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک کر دیا تھا۔ ڈاکٹر کنبھر عمرکوٹ میں بطور میڈیکل آفیسر تعینات تھے، جہاں ان کے خلاف توہینِ مذہب کا مقدمہ درج ہونے کے بعد وہ روپوش ہو گئے تھے۔ میرپورخاص اور عمرکوٹ پولیس نے انہیں کراچی سے حراست میں لینے کے بعد مقابلے میں ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا، تاہم سرکاری اعلیٰ سطحی تحقیقات میں یہ مقابلہ جھوٹا ثابت ہوا۔
اس تحقیقات کے نتیجے میں ڈی آئی جی میرپورخاص جاوید جسکانی، دو ایس ایس پیز اور گیارہ سے زائد پولیس اہلکاروں سمیت 23 ملزمان کے خلاف قتل اور دہشت گردی کی دفعات کے تحت تین مقدمات درج کیے گئے۔ بعد ازاں فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) نے سندھڑی تھانے کا مقدمہ ختم کر کے نیا مقدمہ درج کیا اور کیس کو انسدادِ دہشت گردی عدالت میں منتقل کر دیا، جہاں تمام ملزمان ضمانت پر رہتے ہوئے ڈیڑھ سال سے زائد عرصے تک سماعتوں میں شریک ہوتے رہے۔
مقدمہ حراستی تشدد اور حراستی قتل سے متعلق ہیں نہ کہ دہشت گردی کا: ہائی کورٹ
سندھ ہائی کورٹ کے میرپورخاص سرکٹ بنچ نے حال ہی میں فیصلہ سناتے ہوئے قرار دیا کہ اس مقدمے کی سماعت انسدادِ دہشت گردی عدالت نہیں کر سکتی۔ جسٹس میراں محمد شاہ اور جسٹس محمد حسن اکبر پر مشتمل بنچ نے انسدادِ دہشت گردی عدالت میرپورخاص کو حکم دیا کہ مکمل ریکارڈ سمیت یہ کیس ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ کو منتقل کیا جائے۔
عدالت کا موقف تھا کہ ایف آئی آر نمبر 21/2024 انسدادِ دہشت گردی ایکٹ 1997 کی دفعہ 6 کے قانونی تقاضے پورے نہیں کرتی، اس لیے ایکٹ کی دفعہ 7 کا اطلاق نہیں ہو سکتا۔ بنچ نے مشاہدہ کیا کہ اس مقدمے کے الزامات بنیادی طور پر پاکستان پینل کوڈ کے تحت حراستی تشدد اور حراستی قتل سے متعلق ہیں، نہ کہ دہشت گردی سے۔ عدالت نے سپریم کورٹ کی نظیروں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وحشیانہ ہلاکتیں بھی اس وقت تک دہشت گردی کے زمرے میں نہیں آتیں جب تک قانونی تقاضے واضح طور پر پورے نہ ہوں۔
جج پر عدم اعتماد کا اظہار
ڈاکٹر شاہنواز کنبھر کے کزن اور مقدمے کے فریادی ابراہیم کنبھر کا کہنا ہے کہ پہلے پولیس نے انصاف نہیں دیا اور اب عدالت نے بھی مایوس کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سماعت کے دوران جسٹس حسن اکبر پر عدم اعتماد کا اظہار کیا گیا، جو ان کا قانونی حق تھا، مگر ان کی بات نہیں سنی گئی اور مقدمے سے دہشت گردی کی دفعات نکال دی گئیں۔
ابراہیم کنبھر کے مطابق یہ مقدمہ ایف آئی اے نے درج کر کے انسدادِ دہشت گردی عدالت میں بھجوایا تھا۔ انہوں نے یہ بھی نوٹ کیا کہ پبلک پراسیکیوٹر سندھ کراچی سے خصوصی طور پر میرپورخاص آئے اور مقدمے کو سیشن کورٹ منتقل کروانے میں کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ابھی بھی عدالتوں سے انصاف کی امید ہے اور وہ اس ہائی کورٹ فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کریں گے۔
مقدمے کے وکیل سجاد احمد چانڈیو نے بتایا کہ پہلے ہائی کورٹ نے کیس ڈسپوز کیا، پھر سپریم کورٹ میں اپیل کے بجائے ایک درخواست کے ذریعے اس ہائی پروفائل کیس کو سیشن کورٹ منتقل کروایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ورثاء اس طریقہ کار پر بھی اعتراض کی درخواست دائر کر سکتے ہیں اور وہ جلد سپریم کورٹ سے رجوع کریں گے۔
عدالت نے مایوس کیا: سماجی رہنما
سماجی رہنما حسین مسرت کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر شاہنواز کنبھر کو جس بے دردی سے قتل کیا گیا، اس کا صدمہ ان کی فیملی ابھی تک بھلا نہیں پائی۔ انہوں نے کہا کہ اس مقدمے میں عدالت سے ایک امید تھی جس کا سندھ کے عوام کو انتظار بھی تھا، مگر عدالت نے بھی مایوس کیا۔ انہوں نے کہا اب دیکھنا یہ ہے کہ سپریم کورٹ کیا انصاف کرتی ہے۔ یاد رہے کہ ڈاکٹر شاہنواز کنبھر کو مبینہ مقابلے میں ہلاک کرنے کے بعد جب ان کے لواحقین تدفین کے لیے لاش لے جا رہے تھے تو ایک مشتعل ہجوم نے ایمبولینس روک کر لاش کو اپنی تحویل میں لے لیا اور اسے آگ لگا دی، جس سے اہلِ خانہ کو باوقار تدفین کے حق سے بھی محروم کر دیا گیا۔ دوسری طرف، ڈی آئی جی میرپورخاص اور دیگر پولیس افسران کو ایک مذہبی جماعت کے رہنماؤں نے پھولوں کے ہار پہنائے تھے۔