28 اپریل 2026

رپورٹ: شوکت کورائی


کراچی پریس کلب کے باہر فٹ پاتھ پر کھڑی ایک ماں، اس کی بیٹی اور دو کم عمر بچیاں — صرف اتنا جاننا چاہتی تھیں کہ ان کا لاپتا بھائی اور بیٹا کہاں ہے۔ یہ جرم اتنا بڑا تھا کہ انہیں گرفتار کر لیا گیا۔ گزشتہ ہفتے بلوچ یکجہتی کمیٹی کی رہنما فوزیہ بلوچ کو ان کی والدہ اور دو کم عمر بچیوں سمیت کراچی پریس کلب کے باہر سے گرفتار کر لیا گیا۔ چوبیس گھنٹے تھانے میں گزارنے کے بعد انہیں عدالت میں پیش کیا گیا جہاں عدالت نے فوری رہائی کا حکم دے دیا۔

فوزیہ بلوچ کے بھائی داد بلوچ 21 اپریل سے لاپتا ہیں۔ انہوں نے 22 اپریل کو کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس کی اجازت کے لیے درخواست دی، مگر کلب انتظامیہ ٹالتی رہی۔ فوزیہ بلوچ نے وائس پی کے کو بتایا: “ہم نے 22 اپریل کو پریس کلب میں پریس کانفرنس کی درخواست دی۔ انہوں نے کہا کہ چند روز بعد بتا دیں گے۔ پانچ دن گزر گئے، کوئی جواب نہیں آیا۔ جب پوچھا تو کہا کہ مزید انتظار کرو۔ پھر ہم نے پریس کلب کے باہر فٹ پاتھ پر پریس کانفرنس کا فیصلہ کیا — وہاں پہنچے تو ہم سب کو گرفتار کر لیا گیا۔”

اس واقعے پر سول سوسائٹی اور انسانی حقوق کی تنظیموں نے شدید ردِعمل ظاہر کیا اور گرفتاری کی سخت مذمت کی۔

لاپتا افراد کا پوچھنا بھی جرم

وکیل جبران ناصر نے اس واقعے کو ایک خوفناک رجحان کی علامت قرار دیتے ہوئے کہا: “ایسی صورتحال بن گئی ہے کہ کسی کو بھی اٹھا کر غائب کر دیا جاتا ہے، پھر اگر اہل خانہ پوچھیں تو پولیس انہیں بھی پکڑ لیتی ہے اور غداری کے مقدمات درج کر دیے جاتے ہیں۔ فوزیہ بلوچ کے ساتھ بھی یہی ہوا — ان کا بھائی لاپتا ہے، انہوں نے پریس کانفرنس کرنی چاہی تو انہیں گرفتار کر لیا گیا۔”

پریس کلب: آخری پناہ گاہ بھی محاصرے میں

پریس کلب کو ہمیشہ وہ آخری پناہ گاہ سمجھا جاتا رہا ہے جہاں دبی ہوئی آوازیں اپنا اظہار کر سکتی ہیں۔ مگر اب یہ دروازہ بھی بند ہوتا جا رہا ہے۔ کراچی کا یہ واقعہ اکیلا نہیں — 2020 میں منظور پشتین سمیت پشتون تحفظ موومنٹ کی قیادت کو اسلام آباد پریس کلب میں پریس کانفرنس کرنے سے روکا گیا تھا۔ اب یہی صورتحال کراچی، حب، کوئٹہ اور دیگر شہروں میں بھی دیکھی جا رہی ہے۔

پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل اور نامور سلمان اکرم راجا نے وائس پی کے سے گفتگو میں کہا: “پریس کلب کی عمارت اور احاطے کو ہمیشہ مقدس سمجھا جاتا رہا ہے۔ ضیا الحق کے بدترین مارشل لا کے زمانے میں بھی کوئی پریس کلب یا بار کے کمرے کے اندر نہیں جاتا تھا — اس دور میں بھی شرافت کے کچھ پیمانے تھے۔ آج پریس کلب ہو، بار ایسوسی ایشن کا کمرہ ہو یا چادر اور چار دیواری — کوئی چیز مقدس نہیں رہی۔”

انہوں نے مزید کہا: “ہم سب نے اس تاریک نظام کے خلاف کھڑے رہنا ہے اور اپنی آواز بلند رکھنی ہے۔ یہ وکلا اور صحافیوں سمیت سب کا فریضہ ہے — کیونکہ ہمارا تعلق زبان اور الفاظ سے ہے، خاموش نہیں رہنا۔”

پیکا ایکٹ اور سکڑتی آزادیاں

یہ سب کچھ اس وقت ہو رہا ہے جب رپورٹرز وِد آؤٹ بارڈرز کی 2025 کی عالمی درجہ بندی میں پاکستان 180 ممالک میں 158ویں نمبر پر آ گیا ہے۔ 2024 میں یہ درجہ 152 تھا — یعنی ایک سال میں صورتحال مزید ابتر ہوئی ہے۔

سینئر وکیل اختر حسین نے اس تنزلی کے اسباب بیان کرتے ہوئے کہا: “معاشرے اور جمہوری اداروں کی ترقی کے لیے اظہارِ رائے کی آزادی ناگزیر ہے — اس کے بغیر جمہوریت بے معنی ہے۔ پیکا ایکٹ جیسا سیاہ قانون شاید ہی روئے زمین پر کہیں اور موجود ہو۔ اس ملک میں عوام، صحافیوں اور عدلیہ کے ساتھ جو کچھ ہو رہا ہے، ایسا پہلے کبھی نہیں دیکھا۔ آئینی ترامیم کے ذریعے عدلیہ کی آزادی سلب کر لی گئی ہے اور عدالت کا ازخود نوٹس لینے کا اختیار بھی ختم کر دیا گیا ہے۔”*

انہوں نے کہا کہ جب ہر طرف پابندی ہوتی تھی تو لوگ پریس کلب کا رخ کرتے تھے — مگر اب وہاں بھی دروازہ بند ہے۔ انہوں نے آئین، آزادیٔ اظہار اور جمہوری اداروں کے تحفظ کے لیے مشترکہ جدوجہد کی اپیل کی۔

آخر یہ آوازیں کہاں جائیں؟

فوزیہ بلوچ کی گرفتاری اور رہائی کا یہ واقعہ محض ایک خبر نہیں — یہ اس ملک کی بدلتی ہوئی تصویر ہے جہاں ایک لاپتا بھائی کی خبر مانگنا بھی جرم بن گیا ہے۔ جب پریس کلب کا دروازہ بند ہو، فٹ پاتھ پر کھڑے ہونا بھی قابلِ گرفتاری ہو — تو سوال یہ ہے کہ آخر یہ آوازیں کہاں جائیں؟

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here