29 اپریل 2026

رپورٹ: شوکت کورائی


کراچی میں ڈانس کے شعبے سے وابستہ ٹرانس جینڈر خاتون نور ہرا کو اغوا کے بعد اجتماعی جنسی زیادتی اور جسمانی و ذہنی تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب وہ ایک فنکشن سے گھر واپس لوٹ رہی تھیں۔

نور ہرا کے بقول وہ اپنی ساتھیوں کے ہمراہ گاڑی میں سوار تھیں کہ راستے میں مسلح افراد نے انہیں روک لیا۔ ملزمان نے اسلحے کے زور پر نہ صرف انہیں بلکہ ان کی ساتھیوں کو بھی تشدد کا نشانہ بنایا۔

“انہوں نے میرا نام لے کر مجھے پہچانا اور اٹھا لیا۔ میں نے بھاگنے کی کوشش کی، مدد کے لیے آوازیں لگائیں، لیکن کوئی نہیں آیا،” نور ہرا نے بتایا۔

ملزمان انہیں فرید کالونی کے ایک گودام میں لے گئے، جہاں بیس سے پچیس افراد نے ان سے اجتماعی زیادتی کی اور انہیں ذہنی اور جسمانی تشدد کا نشانہ بنایا۔

“یہ سب میرے جانے پہچانے لوگ تھے۔ ڈانس میرا پیشہ ہے اور یہ لوگ اکثر پروگرامز میں آتے تھے، اس لیے میں نے ان کے چہرے پہچان لیے،” انہوں نے کہا۔

پولیس کارروائی — ادھوری اور سست

پولیس اب تک صرف ایک ملزم کو گرفتار کر سکی ہے، جو مبینہ طور پر گاڑی کا ڈرائیور بتایا جاتا ہے۔ بعض ملزمان ضمانت حاصل کر چکے ہیں جبکہ دو اب بھی فرار ہیں۔ تاہم پولیس کا دعویٰ ہے کہ تلاش جاری ہے اور ملزمان کو جلد گرفتار کیا جائے گا۔

ملزمان نے نور ہرا کو دھمکی بھی دی کہ اگر مقدمہ درج کروایا تو انہیں سنگین نتائج بھگتنا پڑیں گے، تاہم نور ہرا نے ڈٹ کر عدالت میں بیان ریکارڈ کروا دیا۔

نور ہرا کی صحت اور معاشی مشکلات

اس واقعے کے بعد نور ہرا کی نفسیاتی تھراپی جاری ہے۔ تشدد کے باعث ان کی کمر اور آنکھوں میں تکلیف ہے۔ فنکشنز میں شرکت نہ کر پانے کی وجہ سے وہ مالی مشکلات کا بھی شکار ہیں کیونکہ یہی ان کی روزی کا ذریعہ تھا۔

—

ملزمان کی گرفتاری اولین ترجیح: حکومتی موقف

حکومتِ سندھ کے محکمۂ انسانی حقوق کی ترجمان نازیہ ناز نے وائس پی کے سے گفتگو میں کہا: “ملزمان کی گرفتاری ہماری اولین ترجیح ہے۔ ہم پولیس کے ساتھ مکمل رابطے میں ہیں، اگرچہ بعض تکنیکی مسائل کے باعث پیشرفت میں کچھ رکاوٹ ہوئی ہے۔”

انہوں نے مزید کہا کہ نور ہرا ایک تعلیم یافتہ ٹرانس جینڈر ہیں اور سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ ان کے روزگار کے لیے اقدامات کرے گا۔

“خوبصورتی ہمارے لیے خطرہ بن جاتی ہے”

محکمۂ سماجی بہبود میں ٹرانس جینڈر کمیونٹی کی فوکل پرسن بندیا رانا نے کہا کہ یہ کوئی پہلا واقعہ نہیں۔ “ہمارے معاشرے میں خوبصورتی کو سراہا جاتا ہے، لیکن اگر وہی خوبصورتی خواجہ سرا کمیونٹی میں ہو تو یہ ان کے لیے خطرہ بن جاتی ہے۔”

انہوں نے کہا کہ ٹرانس جینڈر افراد پر حملے اور تشدد کے واقعات اس وقت تک ختم نہیں ہوں گے جب تک انہیں پالیسی ساز اداروں میں نمائندگی نہیں ملتی۔

“قانون سازی کے لیے پارلیمان ہے، لیکن پارلیمان میں ہماری کوئی نمائندگی نہیں۔ پھر ہمارے لیے آواز کون اٹھائے گا؟ یہ ریاست کی ذمہ داری ہے کہ وہ سوچے کہ اس کے یہ لوگ مشکل میں ہیں۔”

بندیا رانا نے یہ بھی بتایا کہ دو ماہ قبل ان کے اپنے گھر پر بھی فائرنگ کے ساتھ حملہ کیا گیا تھا اور وہ بال بال بچیں، تاہم حملہ آوروں کی شناخت ہو چکی ہے اور گرفتاری بھی عمل میں آئی ہے۔

قانون کی خاموشی

بندیا رانا کے مطابق موثر قانون سازی کے بغیر ٹرانس جینڈر کمیونٹی کا تحفظ ممکن نہیں۔ “قانون کی عدم موجودگی میں ہم نشانہ بنتے رہیں گے۔ ریاست کو سوچنا چاہیے — لیکن ابھی تک کوئی نہیں سوچتا۔” نور ہرا کا کیس ایک بار پھر اس تلخ حقیقت کو سامنے لے آیا ہے کہ پاکستان میں ٹرانس جینڈر افراد قانونی تحفظ، سماجی قبولیت اور ریاستی توجہ کی راہ تک رہے ہیں۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here