30 اپریل 2026
رپورٹ: شیریں کریم
گلگت بلتستان میں 7 جون کو ہونے والے عام انتخابات جوں جوں قریب آ رہے ہیں، سیاسی سرگرمیاں عروج پر پہنچتی جا رہی ہیں۔ اس بار ایک نمایاں اور حوصلہ افزا پہلو یہ ہے کہ خواتین نے بھی بھرپور انداز میں انتخابی دنگل میں اترنے کا فیصلہ کیا ہے۔ 24 جنرل نشستوں پر مقابلے کے لیے 19 خواتین امیدواروں نے کاغذاتِ نامزدگی جمع کرا دیے ہیں — جو گزشتہ انتخابات کے مقابلے میں ایک واضح اور قابلِ ذکر اضافہ ہے۔
ان خواتین امیدواروں میں مختلف سیاسی جماعتوں کی نمائندہ اور آزاد امیدوار دونوں شامل ہیں۔ ان کا موقف ہے کہ خواتین کے مسائل کے مؤثر حل اور موزوں قانون سازی کے لیے ایوان میں ان کی موجودگی ناگزیر ہے۔
خواتین کا سیاست میں حصہ لینا ایک مثبت پیش رفت: خاتون امیداوار
امیدوار زبیدہ زینت نے اس پیش رفت کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا: “اس بار خواتین کی بڑی تعداد کا سیاست میں حصہ لینا ایک مثبت پیش رفت ہے، خاص طور پر ایسے معاشرے میں جہاں سیاست کو مردوں کا میدان سمجھا جاتا رہا ہے۔”
غذر حلقہ 2 سے آزاد امیدوار گلشاد بی بی نے زیادہ دوٹوک انداز میں اپنا موقف بیان کیا: “خواتین کو پاور پولیٹکس میں آنا ہوگا۔ آبادی کا نصف حصہ خواتین پر مشتمل ہے، لیکن ان کے مسائل کے حل کے لیے آج تک مناسب قانون سازی نہیں ہو سکی۔”
پارٹی ٹکٹ کے محاذ پر بھی خواتین نے مختلف سیاسی جماعتوں میں درخواستیں دی ہیں اور میرٹ کی بنیاد پر نمائندگی ملنے کی امید ظاہر کی ہے۔ پیپلز پارٹی گلگت بلتستان کی وائس پریذیڈنٹ حبیبہ شرافت نے اس حوالے سے کہا: “خواتین کو اس بار جنرل نشستوں پر بھی موقع دیا جانا چاہیے تاکہ وہ براہِ راست عوامی نمائندے بن کر اسمبلی میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔”
الیکشن کمیشن خواتین کو ہر ممکن سہولیات دے گا
الیکشن کمیشن نے بھی خواتین کی اس بڑھتی ہوئی شمولیت کو سراہا ہے۔ چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان راجہ شہباز خان نے کہا: “الیکشن کمیشن خواتین کو ہر ممکن سہولیات اور مکمل مواقع فراہم کرے گا، کیونکہ یہ ان کا آئینی حق ہے۔”
واضح رہے کہ گلگت بلتستان اسمبلی کی مجموعی 33 نشستوں میں سے 24 جنرل نشستیں ہیں، جبکہ 6 خواتین اور 3 ٹیکنوکریٹس کے لیے مختص ہیں۔
سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ اس بار خواتین کا بڑھتا ہوا کردار خطے کی سیاست میں ایک اہم اور دور رس تبدیلی کا پیش خیمہ ہے۔ خواتین امیدوار پُرعزم ہیں کہ وہ مردوں کے شانہ بشانہ انتخابی عمل میں بھرپور شرکت کریں گی اور اپنی نمائندگی یقینی بنائیں گی۔
پانچ سال بعد انتخابات
گلگت بلتستان میں گزشتہ اسمبلی انتخابات 15 نومبر 2020 کو 24 حلقوں میں منعقد ہوئے تھے، جن میں پاکستان تحریکِ انصاف نے کامیابی حاصل کی اور خالد خورشید وزیراعلیٰ منتخب ہوئے۔ تاہم جولائی 2023 میں گلگت بلتستان چیف کورٹ نے خورشید کو نااہل قرار دے دیا، جس کے بعد پی ٹی آئی کے باغی گروپ، پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) نے مل کر ایک اتحادی حکومت تشکیل دی اور حاجی گلبر خان نئے وزیراعلیٰ منتخب ہوئے۔
اسمبلی نے 24 نومبر 2025 کو اپنی پانچ سالہ مدت مکمل کی۔ اسی روز وزیراعظم شہباز شریف نے، بحیثیت جی بی کونسل چیئرمین، گورنمنٹ آف گلگت بلتستان آرڈر 2018 کے آرٹیکل 48-A(2) کے تحت ریٹائرڈ جسٹس یار محمد کو نگراں وزیراعلیٰ مقرر کیا۔ 2018 کے اسی آرڈر کے مطابق اسمبلی کی مدت مکمل ہونے کے 60 دن کے اندر انتخابات کا انعقاد لازمی ہے۔
12 دسمبر کو صدر آصف علی زرداری نے 24 جنوری کو یومِ انتخاب قرار دیا تھا اور چیف الیکشن کمشنر راجہ شہباز خان نے جی بی اسمبلی کے ساتھ ساتھ التواء کا شکار بلدیاتی انتخابات کا شیڈول بھی جاری کر دیا تھا۔ تاہم 18 دسمبر کو کثیر الجماعتی مشاورت کے بعد، جماعتی سربراہان کی اکثریتی رائے کو مدِنظر رکھتے ہوئے، چیف الیکشن کمشنر نے شدید موسمی صورتحال کی بنا پر انتخابات ملتوی کر دیے۔ بعد ازاں انہوں نے اعلان کیا کہ موسم معمول پر آنے کے بعد مئی کے آخری ہفتے یا جون کے اوائل میں دونوں انتخابات کا شیڈول جاری کیا جائے گا — اور اب 7 جون کی تاریخ اسی فیصلے کا نتیجہ ہے۔