06 مئی 2026
رپورٹ: راشد لغاری
سندھ کے تعلیمی اداروں میں طالبات کے ساتھ جنسی ہراسانی کے واقعات میں تشویشناک حد تک اضافہ ہوتا جا رہا ہے، جس کے خلاف متاثرہ طالبات کے والدین سڑکوں پر احتجاج کرنے پر مجبور ہیں۔ تازہ ترین واقعہ حیدرآباد کے قریب ضلع جامشورو میں قائم مہران یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی سے سامنے آیا ہے۔
یونیورسٹی کے شعبہ ریاضی میں ایم فل کی طالبہ سوبھ خاصخیلی نے الزام لگایا ہے کہ ان کے پروفیسر کاشف علی ابڑو نے ۲۷ اپریل ۲۰۲۶ کو یونیورسٹی کے دفتر میں، درس و تدریس کے دوران، انہیں جنسی ہراسانی کا نشانہ بنایا۔
سوبھ خاصخیلی کے مطابق انہیں ان کے سربراہ شعبہ نے ایم فل کی اسائنمنٹ کے سلسلے میں پروفیسر کاشف ابڑو کے پاس بھیجا تھا۔ پروفیسر نے انہیں اپنے دفتر میں بلایا اور ہراسانی کی کوشش کی۔ انہوں نے منع کیا، لیکن پروفیسر باز نہ آئے۔ “میں گھبرا گئی،” سوبھ نے بتایا، “پہلے اپنی ساتھی طالبات کو بتایا، پھر والد کو فون کیا۔”
سوبھ کے والد مسعود خاصخیلی اس وقت نوابشاہ کے ایک گاؤں میں تھے۔ بیٹی کی بات سن کر انہوں نے فیصلہ کیا کہ وہ قانونی راستہ اختیار کریں گے اور انصاف لے کر رہیں گے۔
تحقیقاتی کمیٹی قائم
مسعود خاصخیلی اپنی بیٹی کی شکایت لے کر مہران یونیورسٹی پہنچے۔ وائس چانسلر نے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے اینٹی ہراسمنٹ سیل کو تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی۔ اس کمیٹی نے متاثرہ طالبہ، ان کے والد اور ملزم پروفیسر کاشف ابڑو کے بیانات قلم بند کیے۔
سوبھ کا کہنا ہے کہ کمیٹی نے ان کا ویڈیو بیان بھی ریکارڈ کیا ہے اور انہیں انصاف ملنے کی امید ہے۔ یونیورسٹی انتظامیہ کے مطابق یونیورسٹی میں اینٹی ہراسمنٹ سیل موجود ہے اور اس واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔
ملزم پروفیسر کی مبینہ دھمکیاں
مسعود خاصخیلی نے بتایا کہ ملزم پروفیسر نے ان کی بیٹی کو خاموش کرانے کے لیے بلیک میلنگ کی کوشش کی اور پیسوں کی پیشکش بھی کی۔ انہوں نے کہا: “ہم نے اپنی بیٹی کو مرنے نہیں، پڑھنے کے لیے بھیجا تھا۔ ہم اپنی بیٹی کے ساتھ ساتھ دوسری بیٹیوں کو بھی انصاف دلوائیں گے تاکہ تعلیمی اداروں سے ہراسانی کا ہمیشہ کے لیے خاتمہ ہو۔” انہوں نے مطالبہ کیا کہ پروفیسروں کے دفاتر میں کیمرے نصب کیے جائیں۔
حکومتی یقین دہانی
وزیراعلیٰ سندھ کے مشیر محمد طارق حسن نے کہا کہ سوبھ خاصخیلی کو اس معاملے میں اکیلا نہیں چھوڑا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ وہ وزیراعلیٰ سید مراد علی شاہ سے اس معاملے پر بات کریں گے تاکہ تعلیمی اداروں میں ہراسانی کا خاتمہ ممکن بنایا جا سکے اور لڑکیاں عزت اور وقار کے ساتھ تعلیم حاصل کر سکیں۔
سندھ میں ہراسانی کا وسیع تناظر
حیدرآباد میں ہراسانی کے واقعات رپورٹ کرنے والے صحافی فہیم بابر کہتے ہیں کہ سندھ واحد صوبہ ہے جہاں گھریلو تشدد کے خاتمے کے لیے قانون سازی کی گئی ہے، لیکن تعلیمی اداروں میں صورتحال انتہائی تشویشناک ہے۔ ان کے مطابق چاندکا (لاڑکانہ)، نوابشاہ، میرپورخاص اور سندھ یونیورسٹی سمیت متعدد اداروں میں ہراسانی کا شکار ہونے والی طالبات خود سوزی کر چکی ہیں۔ “جب تک ملزمان کو سزا نہیں ہوگی، تعلیمی اداروں سے ہراسانی کا خاتمہ ممکن نہیں،” انہوں نے کہا۔
گزشتہ ماہ میرپورخاص کے محمد میڈیکل کالج میں میڈیکل کی طالبہ فہمیدہ لغاری نے ہراسانی سے تنگ آ کر اپنی جان لے لی تھی، جس نے پورے صوبے کو ہلا کر رکھ دیا تھا۔ مہران یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کا یہ واقعہ ایک بار پھر یہ سوال اٹھاتا ہے کہ جب تک تعلیمی اداروں میں احتساب کا نظام مضبوط نہیں ہوگا اور مجرموں کو عبرتناک سزا نہیں ملے گی، طالبات محفوظ نہیں رہ سکتیں۔