12 مئی 2026
سٹاف رپورٹ:
پاکستان پیپلز پارٹی کی سینئر رہنما اور رکنِ قومی اسمبلی شہلا رضا نے کہا ہے کہ عورت مارچ کے انعقاد کے حوالے سے عائد کی گئی شرائط غلط تھیں اور ایسی پابندیاں نہیں لگنی چاہئیں تھیں۔
آج نیوز کے پروگرام اسپاٹ لائٹ میں میزبان منیزے جہانگیر کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے شہلا رضا کا کہنا تھا کہ جب انہیں انتظامیہ کی جانب سے عورت مارچ پر لگائی گئی شرائط کا علم ہوا تو ان کا بھی یہی سوال تھا کہ یہ شرائط کہاں سے آ رہی ہیں۔ ان کے مطابق ان کی جماعت اور وزیرِاعلیٰ ایسی سوچ نہیں رکھتے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس معاملے پر انہوں نے ڈپٹی کمشنر سمیت کئی حکام سے بات کی، تاہم سب اس حوالے سے گم سم تھے۔
واضح رہے کہ 10 مئی کو کراچی میں مدرز ڈے کے موقع پر عورت مارچ منعقد ہونا تھا، جس کی مشروط اجازت 28 شرائط کے ساتھ دی گئی تھی۔
ان شرائط میں شرکا کے لباس سے لے کر نعروں اور پوسٹرز تک پر پابندیاں شامل تھیں۔
اس حوالے سے عورت مارچ کی منتظم شیما کرمانی کا کہنا تھا کہ عورت مارچ پر اٹھائیس شرائط عائد کی گئی تھیں اور یہ سب نامناسب تھیں۔ ان کے مطابق کوئی جمہوری حکومت ایسی پابندیاں کیسے لگا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انہیں ایسا محسوس ہوا جیسے ضیا الحق کے دور کی پابندیاں دوبارہ نافذ کی جا رہی ہوں، بلکہ یہ اس سے بھی زیادہ سخت تھیں۔
پروگرام میں شریک پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور وفاقی وزیر برائے سرمایہ کاری قیصر احمد شیخ کا کہنا تھا کہ جب بھی حکومت نے احتجاج کی اجازت دی تو بعض مواقع پر توڑ پھوڑ اور املاک کو نقصان پہنچایا گیا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ لوگوں کو بھی پہلے ڈسپلن سیکھنا چاہیے۔
پروگرام میں پنجاب ہائی سیکیورٹی بل کے حوالے سے بات کرتے ہوئے پاکستان تحریکِ انصاف کے رکنِ قومی اسمبلی شفقت عباس اعوان کا کہنا تھا کہ یہ ایک “کالا قانون” ہے اور ان کی جماعت اسے عدالت میں چیلنج کرے گی، تاہم ان کے بقول چھبیسویں اور ستائیسویں آئینی ترامیم کے بعد عدالتوں سے امید کم ہو گئی ہے۔
واضح رہے کہ اس قانون کے تحت حکومت کسی بھی علاقے کو ہائی سیکیورٹی زون قرار دے سکتی ہے، جہاں احتجاج کی اجازت نہیں ہوگی، جبکہ احتجاج کے لیے حکومت اپنی مقرر کردہ جگہ مختص کرے گی۔ ایسی صورت میں احتجاج کے لیے ڈپٹی کمشنر کی اجازت اور شرائط لازم ہوں گی، اور درخواست احتجاج سے بیس دن قبل دینا ہوگی۔
اس حوالے سے شفقت عباس اعوان کا کہنا تھا کہ حکومت نے احتجاج کی اجازت کے لیے بیس دن کی شرط عائد کر دی ہے، اس سے بہتر ہے کہ صاف کہہ دیا جائے کہ احتجاج کی اجازت ہی نہیں۔ ان کے مطابق لوگوں کے بنیادی حقوق کے ساتھ اس طرح نہیں کھیلنا چاہیے۔
پاکستان میں پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کے حوالے سے وفاقی وزیر برائے سرمایہ کاری قیصر احمد شیخ کا کہنا تھا کہ پاکستان آئی ایم ایف پروگرام میں ہے اور ریونیو اہداف پورے نہیں ہو رہے، اس لیے حکومت لیوی بڑھا کر آئی ایم ایف کو مطمئن کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔
اس سوال کے جواب میں کہ تحریکِ انصاف پیٹرول کی قیمتوں کے خلاف احتجاج کیوں نہیں کرتی، شفقت عباس اعوان کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت احتجاج برداشت نہیں کرتی۔ ان کے مطابق حکومت گرفتاریاں کرتی ہے، گولیاں چلاتی ہے اور جبری گمشدگیوں میں بھی ملوث ہے۔