15 مئی 2026

رپورٹ: شوکت کورائی


کراچی: صومالیہ کے قریب بحیرۂ عرب میں بحری قذاقوں کے قبضے میں موجود تیل بردار جہاز ”ایم ٹی آنر 25“ میں سوار پاکستانی عملے کے اہلخانہ نے حکومتِ پاکستان سے اپنے پیاروں کی فوری اور محفوظ رہائی یقینی بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔ اہلخانہ کا کہنا ہے کہ واقعے کو تین ہفتوں سے زائد عرصہ گزر چکا ہے لیکن یرغمالیوں کی بازیابی کے لیے اب تک کوئی واضح پیش رفت سامنے نہیں آئی۔

اطلاعات کے مطابق 21 اپریل 2026 کو صومالی بحری قذاقوں نے تیل بردار جہاز “ایم ٹی آنر 25” پر قبضہ کر لیا تھا۔ جہاز میں مجموعی طور پر 17 افراد پر مشتمل عملہ موجود تھا جن میں 10 پاکستانی شہری بھی شامل ہیں۔ واقعے کے بعد جہاز اور اس میں موجود عملہ قذاقوں کے قبضے میں ہے جبکہ اہلخانہ شدید خوف، بے یقینی اور ذہنی دباؤ کا شکار ہیں۔

کراچی میں متاثرہ خاندانوں نے احتجاج کرتے ہوئے حکومتِ پاکستان سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر اس معاملے میں عملی اقدامات کرے اور یرغمال پاکستانیوں کی بحفاظت واپسی کو یقینی بنایا جائے۔ خاندانوں کا کہنا تھا کہ قذاق وقتاً فوقتاً یرغمالیوں کی اپنے اہلخانہ سے بات کرواتے ہیں تاکہ ان کا پیغام حکومت تک پہنچایا جا سکے۔

یرغمال بنائے گئے پاکستانی شہری یاسر خان کی اہلیہ نے وائس پی کے سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ واقعے کے وقت ان کی اپنے شوہر سے فون پر بات ہو رہی تھی کہ اچانک جہاز پر حملہ ہوا اور مسلح افراد نے اسے اپنے قبضے میں لے لیا۔ ان کے مطابق کچھ دیر بعد یاسر خان کی جانب سے پیغام موصول ہوا جس میں بتایا گیا کہ انہیں قید کر لیا گیا ہے اور حملہ آوروں کے پاس بھاری اسلحہ موجود ہے۔

انہوں نے کہا کہ واقعے کے بعد سے خاندان مسلسل پریشانی میں مبتلا ہے اور ہر گزرتے دن کے ساتھ خوف میں اضافہ ہو رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کو فوری طور پر اس معاملے میں مداخلت کرنی چاہیے تاکہ یرغمالیوں کی جانوں کو محفوظ بنایا جا سکے۔

ایک اور یرغمالی کاشف کے اہلخانہ نے بتایا کہ قذاقوں نے ان کی بھی اپنے پیارے سے بات کروائی تھی۔ کاشف کے بیٹے اور اہلیہ کے مطابق جہاز میں خوراک تقریباً ختم ہو چکی ہے جبکہ پینے کے صاف پانی کی شدید قلت ہے۔ ان کے مطابق یرغمالیوں نے بتایا کہ وہ مجبوری میں جہاز کے ٹینکوں کا آلودہ پانی استعمال کر رہے ہیں۔

اہلخانہ کا کہنا تھا کہ یرغمالیوں کی جسمانی حالت مسلسل خراب ہو رہی ہے جبکہ خاندان ذہنی دباؤ کے باعث شدید مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ معاملے کو فوری طور پر سنجیدگی سے لیا جائے اور پاکستانی شہریوں کی واپسی کے لیے مؤثر سفارتی اور بین الاقوامی اقدامات کیے جائیں۔

یرغمال بنائے گئے سعید حسین یوسف کے بیٹے دانیال نے کہا کہ خاندانوں کے پاس اس مسئلے کے حل کے لیے کوئی راستہ موجود نہیں اور صرف حکومت ہی اس معاملے میں کردار ادا کر سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اہلخانہ مسلسل انتظار اور بے یقینی کی کیفیت میں زندگی گزار رہے ہیں اور چاہتے ہیں کہ حکومت جلد از جلد عملی اقدامات کرے۔

دوسری جانب انسانی حقوق کے رہنما انصار برنی نے حکومتِ پاکستان پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ بحری قذاق عموماً حکومتوں سے مذاکرات کرتے ہیں اور ان کے اپنے مطالبات ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر غیر سرکاری سطح پر قذاقوں تک رسائی ممکن ہو سکتی ہے تو ریاستی سطح پر رابطہ کیوں نہیں کیا جا رہا۔ ان کا کہنا تھا کہ دیگر ممالک اپنے شہریوں کی رہائی کے لیے متحرک ہو چکے ہیں جبکہ پاکستانی خاندان تاحال بے یقینی کا شکار ہیں۔

ادھر ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان نے بھی واقعے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومتِ پاکستان اور متعلقہ بین الاقوامی اداروں سے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔ ایچ آر سی پی نے اپنے بیان میں کہا کہ “ایم ٹی آنر 25” میں موجود پاکستانی عملے کی مسلسل قید باعثِ تشویش ہے جبکہ یہ اطلاعات کہ یرغمالی آلودہ پانی اور نہایت کم خوراک پر زندہ رہنے پر مجبور ہیں، ناقابلِ قبول ہیں۔

تنظیم نے کراچی میں احتجاج کرنے والے خاندانوں سے اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ پاکستانی بحری کارکنوں کی حفاظت، وقار اور محفوظ واپسی کو فوری قومی ترجیح بنایا جائے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here