01 جون 2026
رپورٹ: عمرانہ کومل
اسلام آباد
اسلام آباد ہائیکورٹ میں ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ کی سزا معطلی کی درخواستوں پر سماعت اسپیشل پراسیکیوشن ٹیم کی غیر حاضری کے باعث بغیر کسی پیش رفت کے ملتوی کر دی گئی۔ اگلی سماعت چار جون کو ہوگی۔
کیس کی سماعت اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس محمد اعظم خان نے کی۔ جب پراسیکیوٹر عدالت میں پیش ہوئے تو انہوں نے عذر پیش کیا کہ اسپیشل پراسیکیوشن ٹیم کے تین ارکان میں سے ایک لاہور سے روانہ ہو رہے ہیں جبکہ دوسرے اس وقت کورٹ ون میں مصروف ہیں اور فی الحال دستیاب نہیں۔
جسٹس اعظم خان نے اس صورتحال پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ میڈی ایشن ٹریننگ کے لیے نامزد ہونے کے باوجود صرف اس کیس کی خاطر عدالت میں موجود ہیں اور صبح ساڑھے آٹھ بجے کی ٹریننگ کلاس بھی اسی وجہ سے چھوڑنی پڑی۔ انہوں نے یاد دہانی کراتے ہوئے کہا کہ اس کیس میں سپریم کورٹ کا حکم موجود ہے اور تمام فریق اس حکم کے پابند ہیں۔
پراسیکیوٹر نے تسلیم کیا کہ سپریم کورٹ کی جانب سے دیا گیا وقت ختم ہو چکا ہے، تاہم انہوں نے استدعا کی کہ کیس جمعرات یا اگلے پیر کے لیے مقرر کر دیا جائے۔ ایمان مزاری کے وکیل فیصل صدیقی نے تجویز دی کہ جب پراسیکیوٹر کورٹ ون سے فارغ ہو جائیں تو سماعت اسی روز کر لی جائے، لیکن جسٹس اعظم خان نے کیس چار جون جمعرات کے لیے مقرر کر دیا۔ فیصل صدیقی نے استدعا کی کہ پراسیکیوشن کو مزید التوا نہ مانگنے کا پابند کیا جائے جس پر جسٹس اعظم خان نے کہا کہ یہ بات بار بار دہرانا مناسب نہیں، سپریم کورٹ کے حکم کے ہم سب پابند ہیں۔
سماعت کے بعد ایمان مزاری کے دوسرے وکیل جبران ناصر نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ آج کی کارروائی سے یہ بات کھل کر سامنے آ گئی ہے کہ ریاست ایمان مزاری اور ہادی چٹھہ کو جیل میں رکھنے کے لیے بہانے تراش رہی ہے۔
ایمان مزاری کی والدہ اور سابق وفاقی وزیر شیری مزاری نے کہا کہ عدالتی کارروائی دیکھ کر یہ سوال ذہن میں اٹھتا ہے کہ انصاف کیوں نہیں مل رہا۔ انہوں نے کہا کہ ہم یہی چاہتے ہیں کہ اپیل منظور کی جائے یا مسترد، لیکن کیس کو طول کیوں دیا جا رہا ہے۔
دوسری جانب اسلام آباد ہائیکورٹ کے باہر انسانی حقوق کے کارکنان ایمان مزاری کے ساتھ یکجہتی کے لیے جمع ہوئے، تاہم ان میں سے متعدد کو عدالت کے گیٹ ہی پر روک لیا گیا اور اندر جانے کی اجازت نہیں دی گئی۔ کارکنوں نے اس اقدام کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ کوئی جیل نہیں بلکہ ایک عوامی عدالت ہے اور یہاں آنا ہمارا حق ہے۔ انہوں نے انصاف کی فراہمی پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں عدالت سے مکمل امید ہے۔