02 جون 2026

سٹاف رپورٹ:


انسانی حقوق کمیشن آف پاکستان (ایچ آر سی پی) کے ریجنل کوآرڈینیٹر برائے گلگت بلتستان اسرار الدین اسرار نے کہا ہے کہ خطے کے عوام این ایف سی ایوارڈ میں اپنا حصہ چاہتے ہیں، جس کے لیے گلگت بلتستان کو صوبائی درجہ دینا ضروری ہے، لیکن سیاسی جماعتیں اس اہم مسئلے پر صرف دبے لفظوں میں بات کرتی ہیں اور کھل کر اپنا موقف نہیں دے رہی ہیں.

آج نیوز کے پروگرام ’’سپاٹ لائٹ‘‘ میں میزبان منیزے جہانگیر سے گفتگو کرتے ہوئے اسرار الدین اسرار کا کہنا تھا کہ مواصلات اور انٹرنیٹ کی سہولیات بھی گلگت بلتستان کے اہم مسائل میں شامل ہیں، جبکہ مقامی آبادی موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے سب سے زیادہ متاثر ہو رہی ہے۔ ان کے مطابق سیاسی جماعتوں کو ان مسائل کے حل کے لیے واضح لائحہ عمل پیش کرنا چاہیے۔

واضح رہے کہ گلگت بلتستان قانون ساز اسمبلی کے انتخابات سات جون کو ہو رہے ہیں، جن میں پاکستان مسلم لیگ (ن)، پاکستان پیپلز پارٹی اور پاکستان تحریک انصاف سمیت تمام بڑی سیاسی جماعتیں حصہ لے رہی ہیں۔ تاہم الیکشن کمیشن کی جانب سے انتخابی نشان نہ ملنے کے باعث تحریک انصاف کے امیدوار آزاد حیثیت میں انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں۔

اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور سابق وفاقی وزیر برائے کشمیر و گلگت بلتستان قمر الزمان کائرہ نے کہا کہ ان کی جماعت گلگت بلتستان کو صوبائی درجہ دینے کی حامی ہے اور یہ مؤقف پارٹی منشور کا حصہ بھی ہے۔ تاہم ان کا کہنا تھا کہ اس معاملے میں مقامی عوام کی رائے کو مدنظر رکھنا ضروری ہوگا۔

اسرار الدین اسرار کے مطابق گلگت بلتستان کی اکثریت ایک بااختیار صوبہ چاہتی ہے تاکہ اسے این ایف سی ایوارڈ اور مشترکہ مفادات کونسل میں نمائندگی حاصل ہو سکے، جبکہ بعض حلقے آزاد کشمیر کی طرز پر آئین ساز اسمبلی کے قیام کے حق میں ہیں۔

پروگرام میں شریک پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر افنان اللہ خان نے کہا کہ گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کو این ایف سی ایوارڈ میں حصہ ملنا چاہیے اور اس مقصد کے لیے گلگت بلتستان کو پاکستان کا باقاعدہ صوبہ بنایا جانا چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ممکنہ اٹھائیسویں ترمیم کے دوران مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کو اس اہم معاملے کا بھی حل نکالنا چاہیے۔

اسرار الدین اسرار کا کہنا تھا کہ بجلی کی فراہمی بھی خطے کے عوام کا ایک بڑا مسئلہ ہے اور بعض علاقوں میں روزانہ بیس بیس گھنٹے تک لوڈشیڈنگ کی جاتی ہے۔

اس حوالے سے قمر الزمان کائرہ نے کہا کہ گلگت بلتستان میں بجلی کے مسئلے کے حل کے لیے بڑے ڈیم تعمیر کرنے اور خطے کو نیشنل گرڈ سے منسلک کرنے کی ضرورت ہے۔

پروگرام میں پاکستان تحریک انصاف گلگت بلتستان کے رہنما علی تاج نے الزام عائد کیا کہ ان کی جماعت کو لیول پلیئنگ فیلڈ فراہم نہیں کی جا رہی۔ ان کا کہنا تھا کہ جو کچھ دو ہزارچوبیس کے انتخابات میں تحریک انصاف کے ساتھ ہوا، ویسی ہی صورتحال اب گلگت بلتستان میں بھی دیکھی جا رہی ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ان کے امیدواروں کو جلسے جلوسوں کی اجازت نہیں دی جا رہی اور پارٹی قیادت کو گلگت آنے سے روکا جا رہا ہے۔

اس حوالے سے قمر الزمان کائرہ نے کہا کہ انہیں گلگت بلتستان میں تحریک انصاف سمیت تمام سیاسی جماعتوں کے جھنڈے نظر آتے ہیں، تاہم وفاقی وزرا کی جانب سے انتخابی مہم کے دوران ترقیاتی منصوبوں کے اعلانات انتخابی قواعد کی خلاف ورزی کے مترادف ہیں۔

دوسری جانب سینیٹر افنان اللہ خان نے کہا کہ یہ تاثر درست نہیں کہ تحریک انصاف کو گلگت بلتستان میں سیاسی سرگرمیوں سے روکا جا رہا ہے۔ ان کے بقول پانچ سال قبل ہونے والے انتخابات میں بھی تحریک انصاف کو خاطر خواہ عوامی حمایت حاصل نہیں ہوئی تھی، اس لیے اب لیول پلیئنگ فیلڈ کا معاملہ محض ایک سیاسی بیانیہ ہے۔

اسرار الدین اسرار نے مزید کہا کہ وفاقی حکومتیں ماضی میں بھی گلگت بلتستان کے انتخابات پر اثر انداز ہوتی رہی ہیں۔ تاہم اس بار تحریک انصاف کی قیادت کو خطے سے باہر رکھنے اور عوامی ورکرز پارٹی کے رہنما بابا جان کو انتخابات میں حصہ لینے سے روکنے کے باعث اس تاثر کو مزید تقویت ملی ہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here