03 جون 2026
رپورٹ : اعتزاز ابراہیم
پنجاب کے شہر ساہیوال میں گیارہ سالہ گھریلو ملازمہ بچی سے مبینہ اجتماعی زیادتی کا واقعہ پیش آیا۔ متاثرہ لڑکی کے والد کی مدعیت میں تھانہ فتح شیر میں گزشتہ روز دو جون کو مقدمہ درج کیا گیا۔ مقدمہ کے بعد دونوں ملزمان امجد شاہ اور اسد شاہ کو گرفتار کر کے ان کا تین روزہ جسمانی ریمانڈ حاصل کر لیا گیا۔
ایف آئی آر کے متن کے مطابق مدعی نے بتایا کہ تقریباً چار سال قبل اس نے اپنی گیارہ سالہ بیٹی کو ملزمان امجد شاہ اور اسد شاہ کے گھر کام کاج کے لیے رکھوایا تھا۔ مدعی کے مطابق ملزمان نے اس بات کی یقین دہانی کرائی تھی کہ وہ بچی کو پڑھائے لکھائیں گے اور اپنی بیٹی کی طرح رکھیں گے۔ جان پہچان ہونے پر مدعی نے ملزمان پر اعتماد کیا۔
مدعی کے بقول وہ وقتاً فوقتاً اپنی بیٹی سے ملنے جاتا رہا۔ تاہم یکم مئی 2026 کو جب وہ اپنی بیٹی سے ملنے گیا تو اسے بچی سے نہیں ملنے دیا گیا۔ مدعی کے مطابق اس واقعہ کے بعد اسے تشویش لاحق ہوئی۔
مزید کہا گیا ہے کہ 13 مئی کو متاثرہ لڑکی نے ایک نامعلوم نمبر سے اپنے والد کو کال کی اور بتایا کہ ملزمان اسے ڈرا دھمکا کر جنسی زیادتی کا نشانہ بناتے ہیں۔ اس اطلاع پر مدعی اپنے کچھ عزیزوں اور رشتہ داروں کے ساتھ ملزمان کے گھر گیا اور اپنی بیٹی کو زبردستی وہاں سے اپنے ساتھ لے آیا۔
ایف آئی آر میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ملزمان کی طرف سے مدعی اور اس کے اہل خانہ کو مسلسل جان سے مارنے کی دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔ مدعی نے درخواست دینے میں تاخیر کی وجہ ملزمان کے اثر و رسوخ اور ان کی طرف سے دباؤ اور دھمکیوں کو قرار دیا ہے۔ ایف آئی آر میں 375 اے (اجتماعی زیادتی) کی دفعہ شامل کی گئی ہے۔
کیس کے تفتیشی افسر عالم شیر نے وائس پی کے سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ مقدمہ درج ہونے کے فوری بعد ہی ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ مقدمہ گزشتہ روز دو جون کو درج ہوا تھا۔
تفتیشی افسر نے مزید بتایا کہ ملزمان کو عدالت میں پیش کر کے تین روزہ جسمانی ریمانڈ حاصل کر لیا گیا ہے اور ان سے تفتیش جاری ہے۔ ان کے مطابق ملزمان کے ڈی این اے ٹیسٹ کے لیے نمونے بھی حاصل کر لیے گئے ہیں اور رپورٹ آنے پر زیادتی کا پتہ چل سکے گا۔عالم شیر نے ملزمان کے بارے میں بتایا کہ ایک ملزم درزی کا کام کرتا ہے جبکہ دوسرا فرنیچر کا کاروبار کرتا ہے۔
متاثرہ لڑکی کے والد نے وائس پی کے سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ وہ خود فرنیچر کا کام کرتے ہیں اور ملزمان ان کے کام کی جگہ کے قریب رہائش پذیر ہیں۔
والد کے مطابق ان کی بیٹی نے انہیں بتایا کہ ملزمان اسے دو سال تک جنسی زیادتی کا نشانہ بناتے رہے۔ والد کا کہنا تھا کہ ملزمان کی طرف سے اب بھی انہیں دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔
واضح رہے کہ یہ کوئی پہلا واقعہ نہیں جس میں گھریلو ملازمہ کو مالکان کی طرف سے جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا ہو۔ ابھی حال ہی میں لاہور کے علاقے ماڈل ٹاون میں اٹھارہ سالہ گھریلو ملازمہ کو مبینہ طور پر اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا، جس کے بعد ملزمان کی طرف سے لڑکی کے اسقاط حمل کی کوششوں کے دوران اس لڑکی کی موت واقع ہو گئی۔ مرنے سے قبل لڑکی نے ویڈیو بیان میں مالکن کے بیٹے اور ڈرائیور پر بارہا جنسی زیادتی کرنے کا ویڈیو بیان دیا۔