09 جون 2026
رپورٹ: حفیظ اللہ ستوری شیرانی
راولپنڈی: پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی اور سابق وزیرِ اعظم عمران خان سے ملاقات کے لیے اڈیالہ جیل پہنچنے والے پی ٹی آئی رہنماؤں، وکلاء اور ان کے اہل خانہ کو ایک بار پھر مایوس لوٹنا پڑا۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کے احکامات کے باوجود جیل انتظامیہ کی جانب سے ملاقات نہ کرائے جانے پر پی ٹی آئی کارکنان اور رہنماؤں نے احتجاج کیا اور جیل کے باہر دھرنا دے دیا۔ واضح رہے کہ عمران خان تقریبا گزشتہ تین سال سے اڈیالہ جیل میں قید ہیں، انکو مختلف کیسز میں کئی کئی سال سزا سنائی گئی ہے۔
گزشتہ روز عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان، عظمیٰ خان سمیت پی ٹی آئی کی مرکزی قیادت، وزراء، اراکینِ اسمبلی، وکلاء اور کارکنان کی بڑی تعداد اڈیالہ جیل کے باہر جمع ہوئی۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کے مطابق منگل کا دن اہلِ خانہ، وکلاء اور جمعرات کا دن پارٹی رہنماؤں کی ملاقات کے لیے مقرر ہے، لیکن گزشتہ روز بھی جیل انتظامیہ نے انہیں بانی پی ٹی آئی سے ملنے کی اجازت نہیں دی۔ اڈیالہ جیل کے باہر موجود پی ٹی آئی رہنماؤں اور وکلاء نے میڈیا کو بتایا کہ وہ عدالتی حکم نامے کے ساتھ وقتِ مقررہ سے پہلے پہنچے تھے، لیکن پولیس اور انتظامیہ نے انہیں آگے جانے سے روک دیا اور گاڑیاں سڑک کے کنارے پارک کرنے پر مجبور کیا۔ رہنماؤں کا کہنا تھا کہ جیل انتظامیہ نے طویل انتظار کے بعد ملاقات کا وقت ختم ہونے کا کہہ کر انہیں واپس بھیج دیا۔
جیل کو بھیجی گئی ملاقاتیوں کی لسٹ میں شامل ایڈوکیٹ علی زمان نے وائس پی کے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ،” گزشتہ سات ماہ سے عمران خان سے کسی کی ملاقات نہیں کرائی گئی، جو جیل مینول اور قانون اور آئین کی سراسر خلاف ورزی ہے، بلکہ یہ عمل جرم کے مترادف ہے۔ یہ آئین سے کھلواڑ ہے۔ ہماری تمام تر کوششوں کے باوجود بھی یہ لوگ ہر بار عدالتی احکامات کو ردی کی ٹوکری میں پھینک دیتے ہیں اور ہمیں ملنے کی اجازت نہیں دیتے۔ ہر جمعرات کو کارکن یہاں آتے ہیں جو اج بھی آئے ہوئے ہیں، مگر یہاں پر کرفیو جیسا ماحول بنایاگیا ہے جیسے ہم کشمیر پہنچ گئے ہوں، اڈیالہ نہیں۔ یہاں پہنچنے کے لئے جو دس منٹ کا راستہ تھا وہ ڈیڑھ گھنٹے میں طے کرنا پڑتا ہے۔ لوگ امید لے کر آتے ہیں کہ خان صاحب سے کسی نہ کسی کی تو ملاقات ہو جائیگی اور خان صاحب کی صحت کے بارے میں انہیں معلومات حاصل ہو جائیگی۔ وہ اس اتنظار میں ہوتے ہیں کہ خان صاحب کا جو حکم آئے گا اس پر من وعن عمل ہو جائے گا”۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ اب بھی انہیں خان صاحب کی صحت کے بارے میں تشویش ہے۔ انکے مطابق انہیں خان صاحب صحت کے بارے میں صرف میڈیا سے معلومات حاصل ہوتی ہیں جس پر وہ اعتماد نہیں کرتے۔
دوسری جانب خیبر پختونخوا کے وزیر اطلاعات شفیع جان نے وائس پی کے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ، “جیل کا سپرنٹنڈنٹ اتنا تگڑہ ہے کہ وہ کسی بھی قانون اور آئین کو نہیں مان رہا۔ خان کی بہنیں یہاں پر موجود ہیں انکے وکلاء بھی موجود ہیں انکی ملاقات کا دن بھی منگل ہی ہوتا ہے مگر یہاں ناکے لگا کر راستے روکے گئے ہیں، انکو یہ بات ذہن میں رکھنی چاہئے کہ وقت کا پہیہ گھومتا ہے، آج ہم ریسیونگ اینڈ پر ہیں تو کل یہ ہونگے۔ پی ٹی ائی انتقام کی سیاست پر یقین نہیں رکھتی مگر یہ اتنا ہی کریں کہ جو کل خود بھی برداشت کر سکتےہوں۔”
حکومت کی جانب سے ہمیشہ سے یہ موقف اختیار کیا گیا ہے کہ جیل میں بانی پی ٹی آئی سے ملاقاتوں کو سیاسی مقاصد اور اداروں کے خلاف بیانیے کو فروغ دینے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔ ملاقات کے بعد باہر آ کر جس طرح کی سیاسی گفتگو اور احتجاجی کالز دی جاتی ہیں، اس سے امن و امان کا مسئلہ پیدا ہوتا ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بانی پی ٹی آئی کی ہمشیرہ علیمہ خان نے بھی انکی صحت سے متعلق تشویش کا اظہار کیا تھا۔ انہوں نے حکومت اور جیل انتظامیہ کے اس رویے کو عدالتی احکامات اور بنیادی آئینی و انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا۔ علیمہ خان کا کہنا تھا کہ “عمران خان سے ملاقات نہ کرانا سراسر ناانصافی ہے۔ اسلام آباد ہائی کورٹ نے ہفتے میں دو بار ملاقات کی اجازت دے رکھی ہے، لیکن ان عدالتی احکامات کو مسلسل ہوا میں اڑایا جا رہا ہے۔ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات نہ کرانا ہمارے بنیادی آئینی و انسانی حقوق پر ڈاکہ ڈالنے کے مترادف ہے جس کی کسی صورت اجازت نہیں دی جا سکتی۔”
انہوں نے ملک کی موجودہ سیاسی و معاشی صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ تین سالوں سے پورا ملک شدید اضطراب اور بحران کا شکار ہے کیونکہ ملک کے مقبول ترین رہنما کو ناحق جیل میں بند رکھا گیا ہے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ پاکستان کے ساتھ یہ ناانصافی کب تک جاری رہے گی؟ ملک بھر میں امن و امان اور انتظامی ڈھانچہ مفلوج ہو چکا ہے، اور اس سیاسی عدم استحکام کا واحد حل عمران خان کی فوری رہائی اور ملک میں آزادانہ و منصفانہ انتخابات کا انعقاد ہے۔ عمران خان کی بہن علیمہ خان نے بارہ جون کو بجٹ اجلاس کے پیش کرنے کے دن نیشنل اسمبلی کے سامنے احتجاج اور دھرنا دینے کا بھی اعلان کیا۔