11 جون 2026
رپورٹ: فرحان طارق
راولاکوٹ / مظفرآباد: آزاد کشمیر میں پہیہ جام اور شٹر ڈاؤن ہڑتال بدستور جاری ہے۔ کالعدم جموں و کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی نے مظفرآباد لانگ مارچ فی الحال مؤخر کرتے ہوئے راولاکوٹ میں پڑاؤ برقرار رکھنے کا اعلان کر دیا ہے۔

مذاکرات سے قبل چار پیشگی شرائط
مقامی صحافیوں کے مطابق کمیٹی کی کور کمیٹی کے رکن سردار عمر نذیر کشمیری نے عیدگاہ گراؤنڈ، راولاکوٹ میں ہزاروں شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ حکومت کی جانب سے مذاکرات کی پیشکش کی گئی ہے، تاہم کمیٹی نے مذاکراتی عمل شروع کرنے سے قبل چار پیشگی شرائط عائد کی ہیں:

پہلی شرط یہ ہے کہ جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کو کالعدم قرار دینے کا نوٹیفکیشن اور اس سے جڑی تمام کارروائیاں فوری طور پر واپس لی جائیں۔ دوسری شرط کے تحت آزاد کشمیر میں تعینات ایف سی، پی سی اور رینجرز کے اہلکاروں کا مکمل انخلاء یقینی بنایا جائے۔ تیسری شرط یہ ہے کہ شہداء کی میتیں ان کے لواحقین کے حوالے کی جائیں، گرفتار کارکنان کو فوری رہا کیا جائے اور زخمیوں کو بلا تاخیر طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔ چوتھی شرط میں ذیلی کمیٹی کے دیگر مطالبات پر بھی پیشگی عملدرآمد کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
سردار عمر نذیر کشمیری نے واضح کیا کہ ان شرائط پر عملی پیش رفت کے بعد ہی مذاکرات ممکن ہوں گے۔
سنسان سڑکیں اور فلیگ مارچ
بدھ کے روز مظفرآباد سمیت پورے خطے میں بازار، بینک اور میڈیکل اسٹور مکمل طور پر بند رہے۔ مظفرآباد کی سڑکیں سنسان رہیں تاہم سیکیورٹی فورسز کے فلیگ مارچ جاری رہے۔

دوپہر دو بجے تک موصول اطلاعات کے مطابق میرپور ڈویژن سے آنے والا قافلہ تحصیل ہجیرہ، ضلع پونچھ سے آگے روانہ ہو چکا تھا، جبکہ ضلع سدھنوتی سے آنے والا قافلہ بنجوسہ کے مقام پر رُکا ہوا تھا۔ تحصیل تھوراڑ سے نکلنے والا قافلہ راولاکوٹ کے قریب کھڈ کے مقام پر موجود تھا۔ باغ کی نواحی تحصیل ریڑہ سے ایک قافلہ تولی پیر کے راستے راولاکوٹ کی جانب روانہ ہو گیا۔
مقامی صحافی اجمل شاہین کے مطابق راولاکوٹ کی مساجد سے اعلانات کیے جا رہے تھے کہ لوگ گھروں میں رہیں کیونکہ باہر کرفیو نافذ ہے، تاہم سرکاری سطح پر کرفیو کی تصدیق نہیں ہو سکی۔ مقامی صحافی خورشید بیگ نے بتایا کہ ڈی چوک پر بڑی تعداد میں فورسز موجود تھیں۔

پولیس کے ایک اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ مظفرآباد سے علی الصبح ہیلی کاپٹروں کے ذریعے رینجرز کو راولاکوٹ منتقل کیا جا رہا ہے۔ مقامی شہریوں کا کہنا ہے کہ ڈرون اور ہیلی کاپٹروں کے ذریعے شہر کی نگرانی بھی کی جا رہی ہے۔ خطے میں موبائل انٹرنیٹ سروس چھ جون کی رات گیارہ بجے سے معطل ہے اور تاحال بحال نہیں ہوئی۔

وزیرِ اعظم اسلام آباد روانہ
خطے کے وزیرِ اعظم فیصل ممتاز راٹھور نو اور دس جون کی درمیانی شب مظفرآباد پہنچنے کے بعد دوپہر کو اسلام آباد واپس روانہ ہو گئے۔ وزیرِ تعلیم ملک ظفر کے مطابق وزیرِ اعظم کابینہ اجلاس کے لیے مظفرآباد آئے تھے اور اجلاس کے بعد انکی وزیرِ اعظم شہباز شریف سے ملاقات متوقع ہے جس میں اہم امور زیرِ بحث آئیں گے۔ دوپہر دو بجے تک مظفرآباد میں کوئی بڑا ناخوشگوار واقعہ رپورٹ نہیں ہوا اور مجموعی امن و امان کی صورتحال قابو میں رہی۔

شہداء کی نمازِ جنازہ
مظفرآباد میں ہیلی کاپٹر حادثے میں شہید ہونے والے جوانوں کی نمازِ جنازہ پورے فوجی اعزاز کے ساتھ ادا کر دی گئی۔ نمازِ جنازہ میں اعلیٰ عسکری و سول حکام کے علاوہ شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کے مطابق پاکستان آرمی ایوی ایشن کا ایم آئی 17 ہیلی کاپٹر مظفر آباد کے قریب حادثے کا شکار ہوا۔ آئی ایس پی آر نے بتایا کہ ایم آئی17 ہیلی کاپٹر ٹیک آف کے دوران تکنیکی خرابی کے باعث حادثے کا شکار ہوا جس کے نتیجے میں ہیلی کاپٹر میں سوار تمام اہلکار شہید ہوگئے۔

ڈاکٹر واجد لون کی بازیابی کا مطالبہ
پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر کی اکیڈمکس سٹاف ایسوسی ایشن نے ڈائریکٹر اکیڈمکس پروفیسر ڈاکٹر واجد عزیز لون کی فوری بازیابی کا مطالبہ کیا ہے۔
ایسوسی ایشن کے بیان کے مطابق پانچ اور چھ جون کی درمیانی شب گیارہ بجے کئی مسلح نقاب پوش افراد نے ڈاکٹر لون کو ان کے سسرال سے اٹھا کر نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا۔ بیان میں اس کارروائی کو بلا قانونی جواز قرار دیتے ہوئے اس کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی۔
خاندانی ذرائع کے مطابق ڈاکٹر لون اور ان کی اہلیہ پانچ جون کی رات کالعدم کمیٹی کے رہنما شوکت نواز میر کے گھر گئے تھے۔ شوکت نواز میر گھر پر موجود نہیں تھے، لیکن نقاب پوش افراد نے ان کی تلاش میں زبردستی گھر میں داخل ہو کر ڈاکٹر لون اور شوکت نواز میر کے ایک اور عزیز نوید آفتاب کو اپنے ساتھ اٹھا لیا۔ تب سے دونوں سے کوئی رابطہ نہیں ہو سکا۔
ڈاکٹر لون کے خاندان نے آزاد کشمیر ہائی کورٹ میں بازیابی کے لیے رٹ پٹیشن دائر کر رکھی ہے۔ ایسوسی ایشن نے حکومت، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے سربراہان، یونیورسٹی رجسٹرار اور وائس چانسلر سے مطالبہ کیا ہے کہ ڈاکٹر لون کو فوری طور پر بازیاب کرایا جائے۔ واضح رہے کہ ڈاکٹر واجد لون نے پی آئی ای اے ایس سے بائیو میڈیکل سگنل پروسیسنگ اور مشین لرننگ میں ڈاکٹریٹ کی ڈگری حاصل کی ہے اور برطانیہ کی یونیورسٹی آف لیسٹر سے پوسٹ ڈاکٹریٹ بھی مکمل کی ہے۔