11 جون 2026
رپورٹ : اعتزاز ابراہیم
سندھ کے ضلع گھوٹکی کے علاقے خان پور مہر میں نوجوان لڑکی پر اس کے ماموں زاد بھائی کا مبینہ طور پر تیزاب پھینکنے کا واقعہ پیش آیا ، جس کے بعد پولیس نے ملزم کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق ملزم کو لڑکی کے موبائل فون استعمال کرنے پر اعتراض تھا۔تفصیلات کے مطابق متاثرہ لڑکی کی شناخت شرمن مہر کے نام سے ہوئی ہے، جس پر اس کے ماموں زاد بھائی میانداد نے مبینہ طور پر تیزاب پھینکا۔ حملے کے نتیجے میں لڑکی کے چہرے، آنکھوں، سینے اور بازوؤں پر جھلسنے کے زخم آئے، جس کے بعد اسے فوری طور پر طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی اطلاع ملتے ہی کارروائی شروع کی گئی اور ملزم میانداد کو گرفتار کر لیا گیا۔ متاثرہ خاندان کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے جبکہ ایف آئی آر میں تعزیراتِ پاکستان کی دفعہ 336 شامل کی گئی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کے مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں اور شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔ ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزم کو متاثرہ لڑکی کے موبائل فون استعمال کرنے پر اعتراض تھا۔ تاہم تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کے محرکات اور پس منظر کے تعین کے لیے مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
یہ واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب ملک میں خواتین کے خلاف تیزاب حملوں کے حالیہ واقعات نے ایک بار پھر تشویش پیدا کر دی ہے۔ چند روز قبل بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں بھی ایک خاتون ڈاکٹر پر تیزاب پھینکنے کا واقعہ پیش آیا تھا۔
کوئٹہ میں ایک شخص نے خاتون ڈاکٹر کو اس وقت نشانہ بنایا جب وہ اپنے معمول کے کام سے واپس جا رہی تھیں۔ حملے کے نتیجے میں خاتون ڈاکٹر کے چہرے اور جسم کے دیگر حصے متاثر ہوئے تھے۔ انہیں ابتدائی طبی امداد کے بعد مزید علاج کے لیے کراچی منتقل کیا گیا جبکہ ملزم مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک ہوگیا۔
پاکستان میں تیزاب حملوں سے متاثرہ افراد کے حقوق اور بحالی کے لیے کام کرنے والی تنظیم ایسڈ سروائیورز فاؤنڈیشن (ASF) کے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ دو دہائیوں کے دوران ملک میں تیزاب گردی کے سیکڑوں واقعات رپورٹ ہوئے ہیں۔ تنظیم کے مطابق خواتین اور کم عمر لڑکیاں ایسے حملوں کا بڑا نشانہ بنتی رہی ہیں۔
تنظیم کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق 2007 سے 2018 کے درمیان پاکستان میں ایک ہزار سے زائد تیزاب حملوں کے واقعات رپورٹ ہوئے، جن میں متاثرین کی بڑی تعداد خواتین پر مشتمل تھی۔ تنظیم کا کہنا ہے کہ سخت قانون سازی اور عدالتی اقدامات کے بعد بعض برسوں میں ایسے واقعات کی شرح میں کمی دیکھی گئی، تاہم ملک کے مختلف حصوں سے اب بھی تیزاب گردی کے واقعات سامنے آتے رہتے ہیں۔
پاکستان میں تیزاب گردی کے واقعات سے متعلق قانونی ڈھانچے کے مطابق اس جرم کو انتہائی سنگین نوعیت کا فوجداری جرم قرار دیا گیا ہے۔ وفاقی سطح پر 2011 میں منظور ہونے والے کرمنل لا (سیکنڈ امینڈمنٹ) ایکٹ 2011 کے تحت پاکستان پینل کوڈ میں دفعات 336-A اور 336-B شامل کی گئیں، جن کے تحت تیزاب یا کسی بھی مواد کے ذریعے نقصان پہنچانا قابلِ سزا جرم ہے۔
قانون کے مطابق پاکستان پینل کوڈ کی دفعہ 336-B کے تحت تیزاب سے جسمانی نقصان پہنچانے پر ملزم کو کم از کم 14 سال قید سے لے کر عمر قید تک سزا دی جا سکتی ہے، جبکہ کم از کم 10 لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا جاتا ہے۔
اس کے علاوہ پنجاب میں حال ہی میں منظور کیے گئے پنجاب ایسڈ کنٹرول ایکٹ 2025 کے تحت تیزاب اور دیگر خطرناک کیمیکلز کی فروخت، خریداری اور ترسیل کے لیے لائسنسنگ اور رجسٹریشن کا نظام متعارف کرایا گیا ہے تاکہ ایسے مواد تک غیر قانونی رسائی کو روکا جا سکے۔ دوسری جانب حالیہ فیصلے میں سپریم کورٹ نے بھی تیزاب گردی کو انتہائی سنگین اور معاشرے کے خلاف جرم قرار دیتے ہوئے واضح کیا کہ ایسے مقدمات میں قانون پر سختی سے عملدرآمد، فوری اور مؤثر تفتیش، اور متاثرین کو انصاف کی بروقت فراہمی ناگزیر ہے۔ عدالتِ عظمیٰ نے قرار دیا کہ تیزاب حملوں کے مرتکب افراد کے ساتھ کسی قسم کی نرمی نہیں برتی جانی چاہیے اور قانون کے تحت انہیں سخت ترین سزائیں دی جانی چاہییں تاکہ اس نوعیت کے جرائم کی روک تھام ممکن ہو سکے۔