12 جون 2026
رپورٹ: فرحان طارق
مظفرآباد: آزاد کشمیر میں کالعدم قرار دی جانے والی جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی (جیک) کی کال پر خطے میں مکمل پہیہ جام اور شٹر ڈاؤن ہڑتال کا تیسرا روز ہے، جس کے باعث مظفرآباد کے شہری شدید مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔ بازار، بینک اور میڈیکل اسٹورز تک بند ہیں، جبکہ انٹرنیٹ سروس کی بندش نے روزمرہ زندگی کو مزید مفلوج کر دیا ہے۔

جیک نے نو جون سے پہیہ جام اور شٹر ڈاؤن ہڑتال کی کال دے رکھی تھی، تاہم پانچ اور چھ جون کی درمیانی شب ایک ایسا واقعہ پیش آیا جس نے حالات کو مزید کشیدہ کر دیا۔ جیک کے کور ممبر عمر نذیر کشمیری اور ان کے قریبی ساتھی شاہزیب حبیب پر، جب وہ راولاکوٹ سے آٹھ کلومیٹر دور کھائیگلہ میں منعقدہ ایک کانفرنس سے واپس آ رہے تھے، مبینہ طور پر نقاب پوش افراد نے فائرنگ کر دی۔ اس فائرنگ کے نتیجے میں عمر نذیر زخمی ہوئے جبکہ شاہزیب حبیب جان کی بازی ہار گئے۔
اس واقعے کے بعد جیک نے خطے میں جزوی لاک ڈاؤن کا اعلان کیا، جو اب اپنے پانچویں روز میں داخل ہو چکا ہے، جبکہ مکمل پہیہ جام و شٹر ڈاؤن ہڑتال کو تین دن مکمل ہو چکے ہیں۔
مظفرآباد میں بازار، بینک اور میڈیکل اسٹورز سب بند
مظفرآباد میں موجود سیاسی کارکن محمود مسافر نے بتایا کہ وہ یکم جون کو شہر آئے تھے اور اس دوران پانچ دن سے بازار جزوی طور پر بند ہیں جبکہ گزشتہ تین روز سے ایک بھی دکان نہیں کھلی۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کو ہوش کے ناخن لینے چاہئیں اور احتجاج کرنے والوں کے ساتھ بیٹھ کر بات چیت کرنی چاہیے، کیونکہ تین سال تک حکومت ان ہی لوگوں سے مذاکرات کرتی رہی اور اچانک انہیں کالعدم اور دہشت گرد قرار دے دیا گیا، جو کہ ان کے بقول ایک زیادتی ہے۔

مظفرآباد کے ایک اور رہائشی ظفیر راٹھور نے بتایا کہ ماضی کے احتجاجوں کے دوران گلی محلوں کی چھوٹی دکانیں کھلی رہتی تھیں، لیکن اس بار کے احتجاج میں وہ بھی مکمل طور پر بند ہیں۔
شہر میں صورتحال کی سنگینی کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ بازار، بینک اور میڈیکل اسٹورز تک مکمل بند ہیں، جس سے روزمرہ ضروریات کے ساتھ ساتھ ادویات کی فراہمی بھی شدید متاثر ہوئی ہے۔
انٹرنیٹ کی بندش نے مشکلات دوچند کر دیں
چھ جون کی رات گیارہ بجے سے بند ہونے والی انٹرنیٹ سروس اب تک بحال نہیں ہو سکی، جس کی وجہ سے شہریوں کو رابطے کے سنگین مسائل کا سامنا ہے۔
مظفرآباد کے رہائشی صدیق لون نے بتایا کہ انٹرنیٹ کی بندش سے رابطے کا بہت بڑا مسئلہ پیدا ہو گیا ہے۔ ان کے مطابق وہ نہ کہیں جا سکتے ہیں اور نہ ہی اپنے پیاروں سے رابطہ کر سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ مکمل شٹر ڈاؤن کے باعث گاڑیاں بھی نہیں چل رہیں، جس سے کہیں سفر کرنا ممکن نہیں رہا۔ صدیق لون نے بتایا کہ ان کی والدہ اسپتال میں زیرِ علاج ہیں اور انہیں ان کے علاج اور ادویات کے حصول میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

مظفرآباد کے ایک اور شہری شجاعت میر نے کہا کہ انٹرنیٹ نہ ہونے کی وجہ سے غلط خبریں بڑے پیمانے پر گردش کر رہی ہیں۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ بینک بند ہونے کے باعث شہری اے ٹی ایم کے ذریعے رقم نکالنے سے بھی قاصر ہیں، جس سے مالی معاملات شدید متاثر ہوئے ہیں۔
“ایسا لگتا ہے حکومت موجود ہی نہیں”
مقامی صحافی ذوالفقار علی کے مطابق مظفرآباد شہر کی صورتحال ایسی ہے جیسے یہاں حکومت کا وجود ہی نہیں۔ ان کے بقول وزیراعظم، کابینہ ارکان اور اسمبلی ممبران شہر میں موجود نہیں ہیں اور سیاسی منظرنامہ مکمل طور پر غائب ہے۔
دیگر اضلاع سے قافلوں کی آمد اور راولاکوٹ میں کشیدگی
دوسری جانب میرپور اور پونچھ ڈویژن کے مختلف اضلاع سے آنے والے قافلے مختلف راستوں سے ہوتے ہوئے راولاکوٹ شہر سے چند کلومیٹر کے فاصلے پر پہنچ چکے ہیں۔ راولاکوٹ کے مقامی صحافی اجمل شاہین کے مطابق گیارہ جون کی صبح چنار چوک میں رینجرز کی مبینہ فائرنگ کے نتیجے میں ایک شہری ہلاک اور متعدد افراد زخمی ہو گئے۔ کمشنر پونچھ سردار وحید نے اس واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ جیک کے کور ممبر عمر نذیر ایک پنڈال میں خطاب کرنے آئے تھے، جس کی اطلاع ملنے پر سیکیورٹی فورسز نے وہاں چھاپہ مارا۔

تاہم مظفرآباد شہر میں دوپہر دو بجے تک کوئی ناخوشگوار واقعہ رپورٹ نہیں ہوا اور امن و امان کی صورتحال بدستور برقرار ہے۔ شہر کے مختلف مقامات پر مقامی پولیس، ایف سی اور اسلام آباد پولیس کے اہلکار تعینات ہیں۔ دوسری جانب جیک کی جانب سے اپنے اگلے لائحہ عمل کے بارے میں تاحال کوئی اعلان نہیں کیا گیا، جس کے باعث مظفرآباد کے شہری غیر یقینی صورتحال کا شکار ہیں اور لاعلم ہیں کہ ان کی مشکلات کب ختم ہوں گی۔