13 جون 2026

رپورٹ:حفیظ اللہ ستوری شیرانی


اسلام آباد: بجٹ کی تفصیلی معلومات کے مطابق، اس بجٹ میں معاشی استحکام، ٹیکس مراعات اور عوامی ریلیف کے درمیان توازن پیدا کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔ بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں 7 فیصد اضافہ کیا گیا ہے، جبکہ ملکی معیشت کی شرح نمو (جی ڈی پی گروتھ) کا ہدف 4 فیصد، مہنگائی کا ہدف 8.2 فیصد، ملکی مصنوعات کی برآمدات کا ہدف 32.9 ارب ڈالر اور بیرون ملک پاکستانیوں کی ترسیلاتِ زر کا ہدف 42.4 ارب ڈالر مقرر کیا گیا ہے۔ ٹیکس نیٹ کو وسیع اور دستاویزی بنانے کے لیے 22 سے 70 لاکھ روپے سالانہ تک کمانے والے تنخواہ دار طبقے کے انکم ٹیکس، پراپرٹی کی منتقلی پر ودہولڈنگ ٹیکس کو فائلرز کے لیے معقول بنانے، اور کاروبار سے 15 کروڑ سے 50 کروڑ روپے تک کی چھ سلیبز پر عائد سپر ٹیکس کو مکمل ختم کرنے جبکہ 50 کروڑ سے زائد آمدن پر سپر ٹیکس کی شرح 10 سے کم کر کے 8 فیصد کرنے کی تجویز ہے۔ اس کے برعکس، ڈیجیٹل مواد تخلیق کرنے والوں (یوٹیوبرز اور ٹک ٹاکرز) پر 5 فیصد ودہولڈنگ ٹیکس، 20 کروڑ تک فروخت والے چھوٹے دکانداروں پر ‘فکسڈ ٹیکس آسان اسکیم’ کے تحت 1 فیصد فکسڈ ٹیکس، اور ای سگریٹس کے ای لیکوئیڈز سمیت 2000 سی سی سے بڑی لگژری گاڑیوں پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی عائد کرنے کی تجاویز ہیں۔

دوسری جانب، دفاعی بجٹ 17.6 فیصد اضافے کے ساتھ 3 ہزار ارب روپے مقرر کیا گیا ہے، جبکہ وفاقی حکومت قرضوں کی ادائیگی اور سود کی مد میں سب سے بڑی رقم یعنی 8 ٹریلین 5 ارب 40 کروڑ روپے خرچ کرے گی۔ ترقیاتی بجٹ (پی ایس ڈی پی) کا حجم 1 ہزار ارب روپے رکھا گیا ہے (جس میں کراچی کوئٹہ شاہراہ کے لیے 100 ارب، سکھر-حیدرآباد موٹر وے کے لیے 30 ارب، مہمند اور داسو ڈیمز کے لیے 21، 21 ارب روپے شامل ہیں) جبکہ صوبوں کا حصہ ملا کر مجموعی ترقیاتی بجٹ 3675 ارب روپے ہوگا۔ معیشت کے فروغ کے لیے آئی ٹی برآمدات پر رعایت میں 2029 تک توسیع کی گئی ہے، اور جہاز رانی (شپنگ) کی صنعت سمیت آئل ریفائنریوں کی اپ گریڈیشن پر عائد 18 فیصد ٹیکس کو پانچ سال کے لیے مکمل ختم کر دیا گیا ہے۔ عوامی فلاح کے لیے بین الاقوامی کریڈٹ کارڈ ٹرانزیکشنز پر ٹیکس 5 فیصد سے کم کر کے 0.5 فیصد کر دیا گیا ہے، بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کا دائرہ کار ایک کروڑ 20 لاکھ افراد تک بڑھایا جا رہا ہے، اور خواتین کی صحت کے لیے سینیٹری پیڈز اور مانع حمل ادویات پر سے 18 فیصد سیلز ٹیکس مکمل طور پر ختم کرنے کی اہم تجویز دی گئی ہے۔ مجموعی طور پر ایف بی آر کو 15 ہزار 264 ارب روپے کا ٹیکس ہدف دیا گیا ہے، جسے نئے ٹیکس لگانے کے بجائے مانیٹرنگ اور ایڈجسٹمنٹس کے ذریعے حاصل کیا جائے گا۔

اس بجٹ کے حوالے سے وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ: “ہم نے معاشی استحکام حاصل کیا، اور جس کی بدولت آج ہم نے بجٹ میں عوام کو ریلیف فراہم کیا۔ مشکل دور کے بعد جس بہتری اور ریلیف کا میں نے آپ سے وعدہ کیا تھا، اور جس ریلیف کی میری قوم حقیقی معنوں میں مستحق ہے، اس کا باقاعدہ آغاز ہو چکا ہے۔ اس بجٹ کا بنیادی مقصد یہ ہے کہ معیشت کی مضبوطی کے ثمرات براہِ راست عوام تک پہنچیں اور ہر طبقہ اس ترقی میں شامل ہو۔”

دوسری جانب، پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی بیرسٹر گوہر علی خان نے اس بجٹ کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ: “میں کہتا ہوں یہ… غریب کو ریلیف دینے والا بجٹ نہیں ہے۔ جو غریب کی مہنگائی میں کمی نہ کر سکے، جو غریب کو دوا نہ دے سکے، جو غریب کو ریلیف نہ دے سکے، جو عام آدمی نہ کہے… کہ کل اس بجٹ کے آنے کے بعد میرے بل کم ہو جائیں گے، میرا لیونگ کاسٹ (Living cost) کم ہو جائے گا، اس کو میں غریب کا بجٹ نہیں کہہ سکتا۔”

صوبہ سندھ کے دارالخلافہ کراچی سے ایم کیو ایم کے رکن قومی اسمبلی فاروق ستار نے غریب عوام کی بات کرتے ہوئے کہا کہ: “پی ٹی آئی (PTI)، پی ایم ایل این (PML-N)، پیپلز پارٹی جب اپوزیشن میں ہوتی تھیں تو یہی بات کہتی تھیں۔ آج جب وہ حکومت میں ہوتی ہیں یہ جماعتیں، تو وہ بھول جاتی ہیں اپنے وعدوں کو۔ لیقی ٹیکس کے خاتمے سے و بائیکیا والے ہیں، فوڈ پانڈا والے ، رکشہ, موٹر سائیکل، منی بس، بسوں والے… ان کو ریلیف ملے گی، ٹرانسپورٹ کرایوں میں کمی، بجلی کی پیداوار سستی ہو جائے گی، کاسٹ آف ڈوئنگ بزنس (Cost of doing business)… ہر قسم کی تجارت، کاروبار، کام کی لاگت کم ہو جائے گی۔ لوگ کام کریں گے، ترقی کریں گے، کمائیں گے۔ اور جب کمائیں گے، ان کی کمائی پہ، آمدنی پہ ٹیکس لے لیں۔ یہ جو بجلی کی قیمتیں، گیس کی، تیل کی قیمتیں، سیلز ٹیکس کی شرح سترہ فیصد (17%)… اس سے اور پٹرولیم لیوی… اس سے لوگوں پہ بوجھ بڑھ رہا ہے، ان کی کمانے کی سکت ختم ہو رہی ہے۔ ان کو پیروں پہ کھڑا ہونے دیں، کمانے دیں۔ وہ کمائیں گے تو انشاءاللہ یہ مسائل حل ہو جائیں گے۔”

بلوچستان سے پی پی پی کے رکن قومی اسمبلی نوابزادہ جمال خان رئیسانی بھی بجٹ سے اس لیے مکمل طور پر مطمئن نہیں دکھائی دیے کہ ان کے مطابق بلوچستان کے لوگوں کا اس بجٹ میں وہ خیال نہیں رکھا گیا جو ان کا حق ہے، ان کے مطابق: “دیکھیں جی! بلوچستان… میں سمجھتا ہوں کہ جو بجٹ بھی ہوتا ہے، وہ اس وقت تک کامیاب نہیں ہوتا جب تک آپ کا جو عام عوام ہے، اس کو ریلیف نہ ملے۔ عام عوام میں کون ہوتا ہے؟ آپ کے مریض، آپ کے کسان، آپ کے اسٹوڈنٹس، نوجوان، بزنس مین۔ تو ابھی دیکھیں کہ اس کا ایفیکٹ (Effect) کیا ہوگا؟ انفراسٹرکچر کے ہاتھ میں ہمیں ایک روڈ دی گئی ہے انہوں نے… دی ہے، جو N-25 ہے، کراچی اور کوئٹہ، چمن والا۔ اس کے علاوہ ہم چاہ رہے تھے کہ ایجوکیشن (Education) پہ زیادہ انویسٹمنٹ کریں، ہیلتھ (Health) پہ زیادہ انویسٹمنٹ کریں جو کہ نہیں ہوا۔ خاص طور پر جو مواقع دینے چاہئیں نوجوانوں کو، کیونکہ آپ کو پتہ ہے کہ ہمارے لاکھوں ایسے نوجوان ہیں جو کہ ڈگری ہاتھ میں لے کے گھوم رہے ہیں، ان کو نوکری نہیں ہے۔ اور جو سولر پینلز پہ انہوں نے ٹیکس ہٹا کے، لیکن انورٹر پہ لگا لیا، تو جتنے بھی آپ سولر پینل لگا لیں لیکن انورٹر آپ کے ساتھ نہیں ہوگا تو وہی چیز ہے۔ تو میں سمجھتا ہوں کہ کچھ چیزیں ایسی ہیں جس پہ نظرِثانی ہونی چاہیے۔”

خیبر پختونخوا سے مفتی مصباح الدین جمیعت علما اسلام کے سابقہ فاٹا سے رکن قومی اسمبلی نے کہا کہ فاٹا اس بجٹ میں بھی نظر انداز کر دیا گیا ہے سابقہ حکومتوں کی طرح: “عوام اب فیصلہ کرے، اور فیصلہ وہ ہوگا جو عوام کرے۔ عوام نے اس کو دیکھا ہے، سنا ہے۔ اس میں عوام کے لیے کچھ بھی نہیں ہے۔”

یہ جو سات پرسنٹ (7%) تنخواہیں بڑھائی گئی ہیں، سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ: “یہ تو… ایک مذاق ہے میرے خیال میں۔ یہ ملازمین کے ساتھ مذاق ہے۔ یہ بھی کوئی اضافہ ہے؟”

ان کا مزید کہنا تھا کہ: “یہ عوام دوست بجٹ نہیں ہے۔ اس میں عوام کی کوئی ریلیف نہیں ہے۔ ہمیشہ کے لیے جو بجٹ ہمیں دی جاتی ہے، تو وہ باہر سے آتے ہیں۔ یہاں کی نہیں ہوتی۔ یہ باہر کی بجٹ، یہ بھی باہر کی بجٹ ہے، آئی ایم ایف (IMF) کی بجٹ ہے۔ لہٰذا اس میں عوام کی کوئی فلاح و بہبود نہیں ہوگی میرے خیال میں، عام طور پر، ہمیشہ کے لیے قبائل کے عوام نظر انداز کیے جا رہے ہیں۔ بجٹ میں نظر انداز کیے جا رہے ہیں۔”

دوسری طرف، حکومتی نمائندگی پر بات کرتے ہوئے سٹیٹ منسٹر کھیل داس کے مطابق: “دیکھیں! بجٹ کوئی بھی آتی ہے، ضرور اس پہ تنقید بھی ہوتی ہے۔ سب یہ کہتے ہیں، ہم تو… حکومتیں یہی کہتی ہیں کہ عوام دوست ہے۔ مگر میڈیا ہے، لوگ ہیں، یہ باتیں کرتے ہیں۔ مگر میں سمجھتا جس طرح اپوزیشن خاموش ہے، تو بجٹ اچھی ہے تبھی وہ خاموش ہے۔ یہ آپ کے سامنے ہے، کل بھی انہوں نے ایک ہی شخص کی رہائی کی بات کی تھی، بجٹ پہ کوئی بات نہیں کی، آج بھی نہیں کی…”

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here