15 جون 2026

رپورٹ: اسد ممتاز


کراچی: ہوم بیسڈ وومن ورکرز فیڈریشن کے زیرِ اہتمام کراچی آرٹس کونسل میں منعقدہ ’’آل پاکستان وومن ورکرز کانفرنس‘‘ میں مطالبہ کیا گیا کہ ملک بھر کے کارخانوں کو محنت کش خواتین کے لیے محفوظ بنایا جائے، صنفی مساوات کو یقینی بنایا جائے اور بڑھتی ہوئی مہنگائی کے پیشِ نظر حکومت ٹیکسٹائل اور گارمنٹس کے شعبے سے وابستہ خواتین کارکنوں کے لیے باوقار گزر بسر کے قابل اجرت (لیونگ ویج) کا فوری اعلان کرے۔

کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سماجی، سیاسی، صحافتی، انسانی حقوق اور مزدور تنظیموں کے نمائندوں نے کہا کہ سماجی اور صنعتی ترقی اسی وقت ممکن ہے جب خواتین کو مساوی مواقع، تحفظ اور عزت کے ساتھ کام کرنے کا حق حاصل ہو۔

کانفرنس میں ملک بھر سے محنت کش خواتین، بالخصوص ٹیکسٹائل اور گارمنٹس کی صنعت سے وابستہ کارکنوں کے علاوہ مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی تنظیموں کے رہنماؤں نے شرکت کی۔

کانفرنس سے صوبائی وزیر سعید غنی، زہرا خان (ہوم بیسڈوومن ورکرز فیڈریشن)، اسد اقبال بٹ (ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان)، حبیب الدین جنیدی (پیپلز لیبر بیورو)، ناصر منصور (نیشنل ٹریڈ یونین فیڈریشن)، ڈاکٹر لبنیٰ ناز (آئی بی اے)، ثمینہ اشرف (آل پاکستان فیڈریشن آف یونائیٹڈ ٹریڈ یونینز)، ثومیہ زاہدی (پاکستان ٹیکسٹائل ورکرز فیڈریشن) اور مظہر عباس (پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس) نے خطاب کیا۔

مقررین کا کہنا تھا کہ کام کی جگہوں پر خواتین کو جنسی اور ذہنی ہراسانی کا سامنا ایک معمول بنتا جا رہا ہے، جبکہ اس کے خلاف آواز بلند کرنا اکثر ملازمت سے جبری برطرفی، معاشرتی بدنامی اور دیگر سنگین نتائج کو دعوت دینے کے مترادف سمجھا جاتا ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ہراسانی کے خلاف ’’عدم برداشت کی پالیسی‘‘ پر مؤثر اور سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔

مقررین نے اس امر پر زور دیا کہ کسی بھی معاشرے کی آزادی اور ترقی کا اندازہ اس میں خواتین کی آزادی، تحفظ اور ترقی سے لگایا جا سکتا ہے۔

کانفرنس میں پیش کیے گئے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان کے صنعتی شعبے میں کام کرنے والی خواتین کی تعداد مجموعی افرادی قوت کا محض 22 فیصد ہے، جبکہ ٹیکسٹائل اور گارمنٹس کی صنعت میں خواتین کا تناسب 30 فیصد سے زائد ہے۔ اس کے باوجود انہیں مرد کارکنوں کے مقابلے میں شدید اجرتی عدم مساوات کا سامنا ہے اور یکساں کام کے باوجود خواتین کی اوسط اجرت مرد کارکنوں کے مقابلے میں تقریباً 30 فیصد کم ہے۔

اسی طرح بتایا گیا کہ ملک بھر میں تقریباً ایک کروڑ 20 لاکھ سے زائد خواتین گھریلو بنیادوں پر کام کرنے والی کارکنوں کے طور پر خدمات انجام دے رہی ہیں، جن کی بڑی تعداد سندھ کے مختلف اضلاع میں موجود ہے۔ قانون سازی کے باوجود یہ خواتین سماجی تحفظ اور بنیادی حقوق سے محروم ہیں۔

کانفرنس کے اختتام پر متفقہ طور پر مختلف قراردادیں منظور کی گئیں، جن میں درج ذیل مطالبات شامل تھے:

اجرت، روزگار کے تحفظ اور سماجی تحفظ سے متعلق مطالبات

1۔ وفاقی اور صوبائی حکومتیں کم از کم سرکاری اجرت کو فوری طور پر باوقار گزر بسر کے قابل اجرت میں تبدیل کریں اور ٹیکسٹائل و گارمنٹس کی تمام فیکٹریوں میں اس پر سختی سے عمل درآمد کرایا جائے۔ غیر قانونی کم اجرت، فی پیس اجرت اور اجرت کی چوری کے خلاف فوری معائنہ اور جرمانوں کا نظام نافذ کیا جائے۔

2۔ مستقل نوعیت کے کاموں پر ٹھیکیداری نظام کے ذریعے عارضی یا ٹھیکہ کارکن رکھنے پر پابندی عائد کی جائے اور تمام خواتین کارکنوں کو تقرری نامہ، سماجی تحفظ، ای او بی آئی اور دیگر قانونی مراعات فراہم کی جائیں۔

3۔ فیکٹری بند ہونے، آرڈرز میں کمی یا مشینری کی منتقلی کی صورت میں خواتین کارکنوں کو بغیر نوٹس برطرف کرنے، جبری استعفے لینے اور واجبات کی ادائیگی کے بغیر ملازمت سے نکالنے کو قابلِ سزا جرم قرار دیا جائے۔

4۔ گھریلو بنیادوں پر کام کرنے والی خواتین کارکنوں کی رجسٹریشن کا عمل تیز کیا جائے اور انہیں سماجی تحفظ کے اداروں میں رجسٹر کیا جائے۔

5۔ مجوزہ لیبر کوڈ میں شامل تمام مزدور دشمن شقوں کو مسترد کیا جائے۔

محفوظ، باعزت اور صنفی مساوی کام کی جگہ

6۔ کام کی جگہ پر جنسی ہراسانی، جسمانی و ذہنی تشدد اور صنفی امتیاز کے خلاف عدم برداشت کی پالیسی نافذ کی جائے۔ ہر فیکٹری میں 2010ء کے قانون کے تحت خواتین کی نمائندگی پر مشتمل فعال انسدادِ ہراسانی کمیٹیاں قائم کی جائیں اور ان کی سالانہ رپورٹ عوام کے سامنے پیش کی جائے۔

7۔ خواتین کارکنوں کو یونین سازی، اجتماعی گفت و شنید اور قیادت کے کردار ادا کرنے کی مکمل آزادی اور تحفظ فراہم کیا جائے، جبکہ مزدور یونینوں اور صحت و سلامتی کی کمیٹیوں میں خواتین عہدیداروں کی شمولیت لازمی قرار دی جائے۔

8۔ تمام فیکٹریوں میں صاف پانی، محفوظ غسل خانے، الگ لاکر اور تبدیلِ لباس کے کمرے، زچگی کی رخصت، بچوں کی نگہداشت کے مراکز اور اضافی اوقاتِ کار یا رات کی ڈیوٹی کے دوران محفوظ واپسی کے لیے ٹرانسپورٹ یا سفری الاؤنس کی سہولت لازمی فراہم کی جائے۔

صحت، تحفظ اور شدید گرمی سے بچاؤ

9۔ ٹیکسٹائل اور گارمنٹس کی فیکٹریوں میں شدید گرمی، کیمیائی مادوں، مشینری اور آتش زدگی کے خطرات سے نمٹنے کے لیے جامع قوانین اور قواعد وضع کیے جائیں۔ درجہ حرارت کو قابو میں رکھنے، مناسب ہواداری، آرام کے وقفوں اور مشینری کے محفوظ استعمال کو یقینی بنایا جائے۔

10۔ ہر فیکٹری میں صحت و سلامتی کی فعال کمیٹی قائم کی جائے، جس میں منتخب خواتین نمائندہ لازماً شامل ہو۔ مشترکہ معائنوں، تربیت اور ہنگامی منصوبہ بندی کا باقاعدہ ریکارڈ رکھا جائے۔

11۔ سال میں دو مرتبہ محنت کش خواتین کے طبی معائنے سے متعلق قانون پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔

عالمی برانڈز، مالکان اور ریاست کی مشترکہ ذمہ داری

12۔ حکومتِ پاکستان عالمی برانڈز اور خریدار کمپنیوں کے ساتھ ایسے تجارتی معاہدے کرے جن میں باوقار گزر بسر کے قابل اجرت، محفوظ کام کی جگہ، صنفی مساوات اور یونین سازی کے حق سے متعلق واضح شقیں شامل ہوں اور ان پر عمل درآمد کی خودمختار نگرانی کا نظام قائم کیا جائے۔

13۔ برانڈز، برآمد کنندگان اور فیکٹری مالکان سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ ’’سستی محنت‘‘ کے ماڈل کو ختم کرتے ہوئے سپلائی کے پورے نظام میں خواتین کارکنوں کے حقوق، یونینوں کے ساتھ اجتماعی معاہدوں اور شفاف شکایتی نظام کو یقینی بنائیں، بصورتِ دیگر عالمی خریداروں، صارفین اور بین الاقوامی اداروں کے سامنے ان کی خلاف ورزیوں کو اجاگر کیا جائے گا۔

تنظیم، یکجہتی اور آئندہ کا لائحہ عمل

14۔ کانفرنس کے شرکاء نے اس بات پر اتفاق کیا کہ ٹیکسٹائل اور گارمنٹس کی خواتین کارکنوں کے لیے وفاقی اور صوبائی سطح پر الگ رابطہ کاری کا نظام قائم کیا جائے، جو مختلف شہروں کی یونینوں، کمیٹیوں اور گروہوں کو مشترکہ حقوق کی جدوجہد کے لیے یکجا کرے۔

15۔ قرارداد میں خبردار کیا گیا کہ اگر چھ ماہ کے اندر ان مطالبات پر کوئی ٹھوس پیش رفت نہ ہوئی تو صوبائی محکمۂ محنت کے دفاتر کے سامنے مشترکہ احتجاج کیا جائے گا، برانڈز کے دفاتر اور برآمدی انجمنوں کے باہر مظاہرے کیے جائیں گے، جبکہ آئندہ سال ملک گیر مزدور مارچ کے اعلان کا حق بھی محفوظ رکھا جائے گا۔

کانفرنس میں منظور کی گئی یہ قرارداد حکومت، مالکان اور عالمی برانڈز کو ارسال کی جائے گی۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here