18 جون 2026
سٹاف رپورٹ
اسلام آباد: چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) راشد محمود لنگڑیال نے کہا ہے کہ وفاق اور صوبوں کے درمیان مالی تعاون کا معاہدہ شفاف اور منصفانہ ہے، اور اگر وفاق ٹیکس ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہتا ہے تو صوبوں کی جانب سے وفاق کو واپس کی جانے والی رقم بھی کم ہو جائے گی۔
آج نیوز کے پروگرام *اسپاٹ لائٹ* میں میزبان منیزے جہانگیر سے گفتگو کرتے ہوئے راشد محمود لنگڑیال کا کہنا تھا کہ چونکہ ٹیکس جمع کرنے کی ذمہ داری وفاق کے پاس ہے، اس لیے صوبوں کا یہ مؤقف درست تھا کہ اگر ٹیکس وصولی کم ہوگی تو وہ بھی وفاق کو کم رقم واپس کریں گے۔
واضح رہے کہ وفاقی حکومت نے رواں مالی سال اپنے اخراجات پورے کرنے کے لیے صوبوں کے این ایف سی شیئر میں سے تقریباً ایک ہزار ارب روپے کی کیش گرانٹ وفاق کو واپس دینے کی درخواست کی ہے۔ اس رقم کی فراہمی کے لیے صوبے اپنے ترقیاتی بجٹ میں گزشتہ سال کے مقابلے میں اضافہ نہیں کریں گے۔
رواں مالی سال وفاقی حکومت نے ایف بی آر کو 15 ہزار ارب روپے سے زائد ٹیکس وصولی کا ہدف دیا ہے، جو گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں 19 فیصد زیادہ ہے۔
اس سوال پر کہ ایف بی آر یہ ہدف کیسے حاصل کرے گا، چیئرمین ایف بی آر نے کہا کہ انہیں امید ہے کہ اگلے مالی سال کے اختتام تک ایف بی آر کی محصولات تقریباً 13 ہزار ارب روپے تک پہنچ جائیں گی، جبکہ تقریباً 1,500 ارب روپے کی اضافی آمدن خودکار معاشی نمو (Autonomous Growth) کے ذریعے حاصل ہوگی۔ ان کے مطابق ہدف کے حصول کے لیے باقی رقم مختلف انفورسمنٹ اقدامات اور انتظامی اصلاحات کے ذریعے جمع کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ دو سال قبل ایف بی آر تقریباً 32 ارب ڈالر ٹیکس جمع کر رہا تھا، جو صرف دو برس میں بڑھ کر 46 ارب ڈالر تک پہنچ گیا۔ ان کے بقول اس سے قبل ٹیکس محصولات میں 14 ارب ڈالر کا اضافہ حاصل کرنے میں 13 سال لگے تھے۔ 2011 میں ٹیکس وصولی 18 ارب ڈالر تھی جو 2024 تک 32 ارب ڈالر تک پہنچی۔
ایکسپورٹرز کو ریلیف دینے کے حوالے سے راشد محمود لنگڑیال نے کہا کہ رواں بجٹ میں برآمد کنندگان پر عائد ایڈوانس ٹیکس ختم کر دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ ایکسپورٹرز کے لیے سپر ٹیکس بھی ختم کر دیا گیا ہے، جبکہ مقامی صنعتوں کو یہ سہولت حاصل نہیں۔ ان کے بقول یہ بجٹ بنیادی طور پر برآمدی شعبے کے لیے سازگار ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے گزشتہ سال کے مقابلے میں رواں سال ایکسپورٹرز کو 80 ارب روپے سے زائد اضافی ٹیکس ریفنڈز ادا کیے ہیں، جو اس شعبے کو دی جانے والی ترجیح کا واضح ثبوت ہے۔
ٹیکس نادہندگان کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین ایف بی آر کا کہنا تھا کہ ان کے پاس تقریباً 9 ہزار ایسے افراد کا ڈیٹا موجود ہے جو بڑی دولت کے مالک ہیں لیکن ٹیکس کی مد میں انتہائی معمولی رقم ادا کرتے ہیں۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ ایف بی آر کی انفورسمنٹ کارروائیوں کے نتیجے میں ٹیکسٹائل سیکٹر میں 300 ارب روپے کی ٹیکس چوری روکی گئی، جبکہ تمباکو کے شعبے سے 40 ارب روپے اضافی وصول کیے گئے۔
جیولرز کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ زیورات کے کاروبار سے وابستہ افراد بہت کم ٹیکس ادا کر رہے ہیں۔ ان کے مطابق جب متعلقہ فریقین کو ان کے کاروبار اور ٹیکس ادائیگیوں کا ڈیٹا دکھایا گیا تو انہوں نے خود اعتراف کیا کہ یہ صورتحال ان کے لیے باعثِ شرمندگی ہے۔
ایف بی آر کے عدالتی مقدمات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے راشد محمود لنگڑیال نے کہا کہ سپر ٹیکس سے متعلق عدالتی فیصلوں کے نتیجے میں ایف بی آر کو 200 ارب روپے کی آمدن حاصل ہوئی، جبکہ دیگر مقدمات کے فیصلوں سے بھی 50 سے 60 ارب روپے کی اضافی وصولیاں ممکن ہوئیں۔
انہوں نے اعتراف کیا کہ ماضی میں ایف بی آر کی جانب سے غیر ضروری مقدمات بھی دائر کیے گئے کیونکہ کمشنرز اپیل دائر نہ کرنے کی صورت میں کارروائی کے خوف کا شکار ہوتے تھے۔ تاہم اب اس نظام میں تبدیلی کر دی گئی ہے اور اپیل دائر کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ ایک بورڈ کرے گا، جس میں ہائی کورٹ کا ایک ریٹائرڈ جج بھی شامل ہوگا۔
ریٹیل سیکٹر کو ٹیکس نیٹ میں لانے سے متعلق سوال کے جواب میں چیئرمین ایف بی آر نے کہا کہ تاجر دوست اسکیم میں تکنیکی مسائل موجود تھے، تاہم نئی اسکیم کا مطالبہ خود تاجروں کی جانب سے آیا۔ ان کے مطابق اس اقدام سے ایف بی آر کی جانب سے ہراسانی کی شکایات بھی کم ہوں گی اور انہیں یقین ہے کہ تاجر اس اسکیم میں شامل ہونے کے لیے ایک دوسرے سے مقابلہ کریں گے۔
اسمگلنگ کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کی سخت کارروائیوں کے نتیجے میں تیل کی اسمگلنگ میں نمایاں کمی آئی۔ اس کے باعث پیٹرولیم مصنوعات کی قانونی درآمدات میں اضافہ ہوا، جس سے پیٹرولیم لیوی کی وصولیوں میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔