18 جون 2026

رپورٹ : اعتزاز ابراہیم


قصور کے علاقے راؤ خان والا کے ایک مقامی مدرسے میں زیرِ تعلیم آٹھ سالہ بچے ریحان کی ہلاکت کا واقعہ پیش آیا ۔ واقعے کے بعد لواحقین نے الزام عائد کیا کہ بچے کو مدرسے میں جنسی زیادتی کا نشانہ بنانے کے بعد قتل کیا گیا۔ واقعے کا مقدمہ تھانہ راجہ جنگ میں درج کر لیا گیا، جس میں دفعہ 302 (قتل) شامل کی گئی ہے۔

بچے کے والد اللہ رکھا نے وائس پی کے سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے اپنے دونوں بیٹوں ریحان اور فیضان کو چار ماہ قبل دینی تعلیم کے حصول کے لیے مدرسے میں داخل کروایا تھا، جہاں دونوں بچے رہائش پذیر تھے۔ ان کے مطابق 14 جون کی رات بارہ بجے کے بعد مدرسے کے قاری احمد کی جانب سے فون کال موصول ہوئی جس میں انہیں بتایا گیا کہ ریحان کی طبیعت خراب ہوگئی ہے اور اسے فوری طور پر ہسپتال منتقل کرنے کی ضرورت ہے۔

اللہ رکھا کے مطابق جب وہ اہلِ خانہ کے ہمراہ مدرسے پہنچے تو ریحان بے ہوشی کی حالت میں ان کے حوالے کیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ وہ بچے کو فوری طور پر ہسپتال لے گئے، تاہم ڈاکٹروں نے معائنے کے بعد ریحان کی موت کی تصدیق کر دی۔ والد کے مطابق ڈاکٹروں کی جانب سے یہ بتایا گیا کہ بچے کے ساتھ مبینہ طور پر زیادتی کے بعد اس کی موت واقع ہوئی ہے۔

دوسری جانب مدرسے کے قاری احمد نے بچے کے ساتھ جنسی زیادتی اور تشدد کے تمام الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ الزامات بے بنیاد ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ریحان کے والدین دونوں کی دوسری شادی تھی جبکہ ریحان اور فیضان والدہ کی پہلی شادی سے تھے اور اللہ راکھا کے بھی پہلی شادی سے دو بچے تھے ۔ ان کے مطابق اسی خاندانی صورتحال کے باعث دونوں بچے مدرسے میں ہی رہائش پذیر تھے اور والدین کو ان کے گھر آنے جانے پر بھی اعتراض تھا، جس کی وجہ سے انہیں مستقل طور پر مدرسے میں رکھا گیا تھا۔

قاری احمد نے مزید بتایا کہ ریحان مرگی کے مرض میں مبتلا تھا۔ ان کے مطابق واقعے سے قبل ریحان نے گھر جانے کی ضد کی تھی، جس پر اسے تسلی دی گئی کہ صبح اسے گھر چھوڑ دیا جائے گا۔ ان کا کہنا ہے کہ مدرسے کے دیگر بچوں نے شام کو بتایا کہ ریحان نے کھڑکی کی جالیوں سے اپنا سر مار رہا تھا۔ قاری احمد کے مطابق رات کے وقت فیضان نے انہیں اطلاع دی کہ ریحان کی طبیعت اچانک بگڑ گئی ہے اور اس کے منہ سے جھاگ نکل رہا ہے، جس کے بعد فوری طور پر والدین کو اطلاع دی گئی اور بچے کو ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں اس کی موت واقع ہوگئی۔

بابا بلھے شاہ ڈسٹرکٹ ہسپتال قصور کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ نے وائس پی کے سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ بچے کی ابتدائی میڈیکل اور پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق اس کے ماتھے پر زخم کا نشان موجود ہے جبکہ اس کی شرمگاہ بھی متاثر پائی گئی ہے۔ ان کے مطابق اس مرحلے پر یہ حتمی طور پر نہیں کہا جا سکتا کہ یہ تبدیلیاں قدرتی وجوہات کے باعث ہوئیں یا کسی زبردستی یا مبینہ زیادتی کے نتیجے میں۔ ان کا کہنا ہے کہ موت کی اصل وجہ اور حتمی رائے پنجاب فرانزک ایجنسی کی رپورٹ کے بعد ہی سامنے آئے گی

ادھر تھانہ راجہ جنگ پولیس کے مطابق واقعے کی تفتیش جاری ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مدعی، گواہوں اور مدرسے میں موجود افراد کے بیانات ریکارڈ کیے جا رہے ہیں۔ پولیس کے مطابق فرانزک رپورٹ آنے کے بعد موت کی اصل وجہ اور مبینہ زیادتی سے متعلق تمام پہلو واضح ہوں گے، جس کے بعد کیس کو قانون کے مطابق آگے بڑھایا جائے گا۔

پولیس نے مزید کہا ہے کہ ابتدائی میڈیکل رپورٹ، جائے وقوعہ کے شواہد اور بیانات کی روشنی میں مختلف پہلوؤں سے تفتیش جاری ہے۔یہ واقعہ اس وقت زیرِ تفتیش ہے اور حتمی نتائج فرانزک رپورٹ اور مکمل تحقیق کے بعد سامنے آئیں گے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here